The Latest
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ راجن پور میں سات ضلعوں کی پولیس فورس کی ڈیرھ سو کے لگ بھگ قانون شکنوں کے ہاتھوں شکست پنجاب حکومت کے لیے نہ صرف ذلت کا باعث ہے بلکہ شہباز شریف کی نام نہاد گڈ گورننس کو سمجھنے کے لیے بھی کافی ہے۔انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹائون میں نہتی خواتین پر گولیاں برسانے والی پنجاب پولیس چھوٹوگینگ کے آگے ڈھیر ہوگئی، پنجاب کی کچھ سیاسی شخصیات نے دوسروں کو ڈسوانے لیے جو سانپ پال رکھے تھے ان سانپوں نے اب اپنے مالکوں کی طرف پھن سیدھے کر لیے ہیں۔ پنجاب پولیس کے ذریعے ان کو کچلنے کی کوشش کی جا رہی تھی تاکہ ان سہولت کاروں کے ناموں کوراز ہی رہنے دیا جائے جو بدامنی اور قتل و غارت کے لیے اس گینگ کو گزشتہ دو دہائیوں سے استعمال کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اگر بروقت ملٹری آپریشن کافیصلہ نہ ہوتا تو ان جرائم پیشہ عناصر کو یا تو محفوظ راستہ دے کر فرار کر ا دیا جاتا یا پھر یہ جعلی پولیس مقابلے کی نذر ہو جاتے۔سربراہ ایم ڈبلیو ایم نے راجن پور میں قیام امن کے لیے فوج کی کوششوں کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ پنجاب بھر میں دہشت گردوں کی بہت ساری پناہ گاہیں موجود ہیں۔ان ملک دشمن عناصر کی بیخ کنی کے لیے پورے پنجاب میں بھرپور فوجی آپریشن کی اشد ضرورت ہے۔پنجاب بھر میں سرچ آپریشن کیا جانا چاہییے اور ملک دشمن عناصر کو ان کی کمین گاہوں سے نکال کر کیفر کردار تک پہنچایا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں امن کا قیام کا واحد حل بھرپور فوجی آپریشن ہے۔ مسلم لیگ نون کی موجودہ حکومت دہشت گردوں کے خلاف کاروائی میں مصلحت اور دباو کا شکار ہوتی آئی ہے۔ان سیاسی حکمرانوں میں ملک دشمن عناصر کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنے کی اخلاقی جرائت سرے سے موجود نہیں۔ایسی صورتحال میں بیس کروڑعوام دہشت گردوں کی سرکوبی کے لیے فوج کی طرف دیکھ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ گرفتار دہشت گردوں سے ملنے والی معلومات کی بنیاد پر ان تمام سہولت کاروں کو بھی حراست میں لیا جائے جنہوں نے پاکستان دشمن قوتوں کے حوصلے بلند کیے ہوئے تھے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری،پاکستا ن عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپوراور سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ہونے والی مشترکہ میڈیا بریفنگ میں وزیر اعظم نواز شریف سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔علامہ راجہ ناصر نے کہا کہ پانامہ لیکس پر نواز شریف خاندان کے بیانات کا تضاد حقائق تک پہنچنے کے لیے کافی ہے۔حکمران خاندان سے سرزد ہونے والے جرائم سے پردے اٹھ چکے ہیں ۔نواز حکومت کا کوئی بھی ذمہ دار اس حقیقت سے انکار نہیں کر رہا بلکہ غیر منطقی وضاحتوں کے ہیر پھیر میں اس چھپانے کی سر توڑ کوشش کی جا رہی ہے۔کرپٹ حکومت کبھی بھی نجات دہندہ نہیں ہو سکتی ہے۔قوم کا پیسہ لوٹنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جانا چاہییے۔پاکستان کو ایشا کا ٹائیگر بنانیکے دعویداروں کے پاس اپنے ملک میں علاج کے لیے کوئی ایک ہسپتال بھی موجود نہیں۔ ہم مل کر ان لٹیروں کا محاسبہ کرنا ہو گا۔اگر پارلیمنٹ ،عدلیہ اور دیگر مقتدر قوتیں مل کر بھی ان کرپٹ عناصر کا محاسبہ نہیں کر سکتیں تو پھر انہیں آئین کو بدل کر حق حکمرانی کے لیے چور لٹیروں کو قانونی تحفظ دے دینا چاہیے۔آصف علی زراداری اور نواز شریف کی متوقع ملاقات کے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اب کرپٹ اور بااصول سیاستدان دو گروہوں میں تقسیم ہو جائیں گے،کرپشن کے حامی اور مخالفین کی صف بندی ہو رہی ہے،اب عوام کے لیے بھی سمجھنے میں آسانی ہو جائے گی کہ کون محب وطن ہے اور کون ملک کا بیوپاری، جمہوریت کو کسی اور سے نہیں کرپشن سے خطرہ لاحق ہے ۔خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ تین ممالک کے وزار سمیت دیگر مقتدر شخصیات کا مستعفی ہونا پانامہ لیکس کے درست ہونے کا بین ثبوت ہے۔پوری قوم وزیر اعظم نواز شریف کے فوری استعفی کا مطالبہ کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ ،ملک کے تحقیقاتی اداروں اور سپریم کورٹ کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔پاکستان کے لوٹے ہوئے200 بلین ڈالر کی سوئزر لینڈ میں موجودگی کا انکشاف وفاقی وزیر خزانہ کر چکے ہیں۔اگر حکومت یہ رقم واپس لے آئے تو ہم حکومت کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔
عوامی تحریک کے مرکزی رہنما نے کہا کہ راجن پور میں چھوٹو گینگ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاون میں جس پنجاب پولیس نے 14 نہتے مرد و خواتین کو شہید اور 85سے زائد کو زخمی کر دیا تھا آج وہی پنجاب پولیس اپنے ساتھ اضلاع کی بھرپور طاقت کے ساتھ چھوٹو گینگ کے 150 کے سامنے بے بس دکھائی دے رہی ہے۔صوبہ پنجاب میں کراچی طرز کا ملٹری آپریشن ہمارادیرینہ مطالبہ رہا ہے۔لیکن حکومت انہیں فوج کے ہاتھوں گرفتار کروانے کی بجائے پولیس کی مدد سے ختم کرنا چاہتی تھی تاکہ جنوبی پنجاب میں دہشت گردوں کے سہولت کاروں کے ثبوت کو مٹایا جا سکے۔
سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضانے کہا پنجاب حکومت میں وزرا، ایم پی ایز اور اعلی حکومتی عہدیداران چھوٹو گینگ کے سہولت کار ہیں۔راجن پور میں بھرپور فوجی آپریشن نے وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف اور وزیر قانون رانا ثنا اللہ کے اس دعوے کی قلعی کھول دی ہے کہ پنجاب میں کوئی نوگو ایریاموجود نہیں۔ہمارا مطالبہ ہے کہ رینجرز کو پنجاب میں سندھ اور کراچی طرز کے اختیارات دیے جائیں ۔جن شخصیات کے کالعدم جماعتوں سے رابطے ہیں ان کے خلاف بھی بھرپور فوجی آپریشن کیا جاناچاہیے۔پانامہ لیکس پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحقیقات کے نام پر نواز شریف کو محٖفوظ راستہ فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔پاکستان قوم کا روپیہ غیر قانونی طریقے سے ملک سے باہر لے جانے کا جرم قابل معافی نہیں۔وزیر اعظم فوری طور پر مستعفی ہونے کا اعلان کریں۔ بصور ت دیگر مشترکہ احتجاجی تحریک کا اعلان کیا جائے گا۔رائے ونڈ، جاتی عمرہ ہر جگہ احتجاج کا ہمیں حق حاصل ہے۔ہمیں اس سلسلے میں کوئی رکاوٹ قابل قبول نہیں ۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی جنرل سیکریٹری محترم خرم نواز گنڈا پور اور سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین محترم صاحبزادہ حامد رضانے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹریٹ میں علامہ راجہ ناصرعباس جعفری سے خصوصی ملاقات کی، اس موقع پر دونوں رہنمائوں نے علامہ راجہ ناصرعباس کو تیسری مدت کے لئے بھاری اکثریت سے ایم ڈبلیوایم کا سیکریٹری جنرل منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی اور ان کی خدمت میں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا، علامہ راجہ ناصرعباس نے دونوں رہنمائوں کی آمد اور نیک خواہشات پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
وحدت نیوز (سعیدآباد) مجلس وحدت مسلمین نے سندھ کی بڑی اپوزیشن جماعت پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کی اہم وکٹ گرادی، فنکشنل لیگ کے سینئررہنما سید پریل شاہ انکے فرزند سید فدا شاہ ١ور انور علی شاہ آف امین لاکھو سعید آباداپنے سیکنٹروں ساتھوں سمیت مجلس وحدت مسلمین میں شامل ہوگئے ہیں، ایم ڈبلیوایم ضلع مٹیاری کے سیکریٹری اطلاعات حمیرعلی میمن کے مطابق ایم ڈبلیوایم کے رہنما سید فرمان شاہ کاظمی اور ضلعی سیکریٹری جنرل علامہ اختر علی شریعتی سےطویل گفت وشنید کے بعدمسلم لیگ فنکشنل سے بچاس سالہ طویل وابستگی رکھنے والے سید غوث شاہ کے قریبی ساتھی، 1965 کی پاک بھارت جنگ میں حر فورس کی جانب سے حصہ لینے والے سید پریل شاہ اپنے فرزندوں سید فدا شاہ ١ور انور علی شاہ سمیت سیکنٹروں کارکنان اور ہمدردوں سمیت مجلس وحدت مسلمین میں شامل ہو چکے ہیں ، حمیر میمن کے مطابق ایم ڈبلیوایم میں شامل ہو نے والے سید پریل شاہ اوران کے ساتھی سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کے جلد متوقع دورہ ہالا کے موقع پر ایم ڈبلیوایم میں باضابطہ شمولیت کا اعلان کریں گے،واضح رہے کہ حالیہ ضمنی انتخابات میں ایم ڈبلیوایم کی دوسری بڑی سیاسی قوت بننےاور بھٹ شاہ میں کامیاب عوامی جلسہ عام کے بعد علاقے کے محروم عوا م مجلس وحدت کو اپنا نجات دہندہ سمجھ رہے ہیں، جبکہ علاقے کی بڑی سیاسی وسماجی شخصیات سے مسلسل رابطے جاری ہیں جلد ہی دیگر بااثرشخصیات بھی ایم ڈبلیوایم میں شمولیت کا اعلان کریں گی۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکریٹری علامہ ناصر عباس جعفری , پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی جنرل سیکریٹری محترم خرم نواز گنڈا پور اور سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین محترم صاحبزادہ حامد رضا کل مورخہ 16 اپریل 2016بروز ھفتہ شام 6:30 بجے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکریٹریٹ مکان نمبر 2A، گلی نمبر 25، F6/2 اسلام آباد میں ایک اہم پریس کانفرنس کریں گے۔ تمام پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا نمائندگان سے گزارش ہے کہ مذکورہ پروگرام کی کوریج کے لیے اپنے رپورٹر اور کیمرہ مین کو متعین کریں۔
وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سربراہ علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ ہمارے نا اہل حکمرانوں نے ملک میں کوئی ایسا ہسپتال کیوں نہیں بنایا کہ جس میں انکا علاج ہو سکے۔جن حکمرانوں کے بچے دوسرے ممالک کے تعلیمی اداروں میں پڑھتے ہوں ، جن کے اثاثہ جات اور تجارتی مفادات دیگر ممالک میں ہوں ، جنکا علاج لندن میں ہوتا ہو، اورجو عید منانے لندن اور سعودی جاتے ہوں ، انہیں اس ملک اور غریب عوام سے کیونکر ہمدردی ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب تک وزیر اعظم ،وزراء اعلیٰ اور اراکین اسمبلی کے بچے سرکاری اسکولوں میں تعلیم حاصل نہیں کرتے ، اس وقت تک ملک کا نظام تعلیم بہتر نہیں ہوسکتا۔ملک کے کروڑوں شہری اپنے حکمرانوں سے یہ سوال پوچھنے میں حق بجانب ہیں کہ آخر وہ اپنے ملک کی ہسپتالوں میں علاج کیوں نہیں کراتے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی اداروں کی تباہی کے ذ مہ داروں کو کٹھڑے میں کھڑا کرنے کا وقت آگیا ہے۔ملکی دولت کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے والوں کا احتساب ضروری ہے۔ پانامہ لیکس حکمرانوں کے کردار کو واضح کررہی ہے۔
در ایں اثناء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کشمیر میں فورسز کے ہاتھوں ۴جوانوں کی شھادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم کشمیری عوام کی جدوجھد آزادی کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، کشمیر ایک دن ضرور آزاد ہوگا۔ انڈیا کے مظالم کشمیری عوام کے حوصلوں کو کبھی شکست نہیں دے سکے گی۔
وحدت نیوز(مٹیاری) مجلس وحدت مسلمین بھٹ شاہ میں عظیم الشان عوامی جلسہ عام کےبعد بھر پور انداز میں علاقائی سیاست میں وارد ہو چکی ہے، ضلع بھرمیں تنظیم سازی کا سلسلے تیزی سے جاری ہے،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کے رہنما اور سابق امیدوار برائے قومی اسمبلی سید فرمان علی شاہ نے میڈیا سیل سے جاری ایک بیان میں کیا، ان کا کہنا تھا کے مٹیاری کے حالیہ ضمنی انتخاب اور بھٹ شاہ میں جلسہ عام کے بعد عوام اب مجلس وحدت مسلمین کے ساتھ ہے،نظیر راھو کا عوامی اتحاد چھور کر مخدوم سے ملنا اس بات کا ثبوت ہے کے مخدوم اب 2018 کے انتخابات میں مجلس وحدت مسلمین سے اکیلے مقابلہ نہیں کر سکتے ،ہالاکےگزشتہ ضمنی انتخاب میں ایم ڈبلیوایم نے چالیس ہزار سے زائد وو ٹ حاصل کیلئے جنہیں حکمران جماعت نے دھاندلی سے ضائع کیا،انشاءاللہ ہم آئندہ الیکشن مین بتائیں گے کہ عوام کس کے ساتھ ہے اور مجلس وحدت مسلمین کے ووٹ کتنے ہے ، فرمان شاہ نے کہا کہ ضلع کی اہم سیاسی وسماجی شخصیات رابطے میں ہیں مناسب وقت پے انکی مجلس وحدت مسلمین میں شمولیت کا اعلان کریں گے ،جلال شاہ جاموٹ چیئرمین ہوتے ہوئے بھی مٹیاری میں نظر نہیں آتے، مخدوم جمیل الزمان نے اگر جلال شاہ جاموٹ کی حمایت ترک نہ کی تو ان کے چچا مخدوم رفیق الزمان کے سیاست ختم ہوجائے گی۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے ایم ڈبلیو ایم مرکزی سیکرٹریٹ میں مشترکہ میڈیا بریفنگ کے دوران پانامہ لیکس کی شفاف تحقیقات کامطالبہ کیا ہے۔ملک کی اہم بڑی سیاسی جماعتوں کی طرف سے بدعنوانی کے خاتمے کے لیے پُرعزم طور پرباہمی جدوجہدکا اعلان کیا گیا۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ناصر عباس نے کہا ہے کہ موجودہ حکمران اخلاقی تنزلی ا ور کرپشن کے عالمی الزامات کے باعث حق اقتدار کھو بیٹھے ہیں۔نواز شریف کا اقتدار میں رہنا کسی ایک سیاسی جماعت کے لیے مسئلہ نہیں ۔ پاکستان میں بسنے والے ہر باشعور کا یہ مطالبہ ہے کہ وزیر اعظم کے اس منصب کوکسی بدعنوان شخص کی جاگیر نہ بننے دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ہم جمہوری عمل پر یقین رکھتے ہیں اور آئین سے متصادم کسی بھی کوشش کے حامی نہیں ہیں ۔وطن عزیز کے استحکام وسالمیت کے لیے آئین کے مطابق تبدیلی حالات کے عین متقاضی ہے۔ہمارے ہاں قانون مختلف معیارات میں تقسیم ہو چکا ہے۔قانون کی بالادستی کے بغیر عدل و انصاف کانفاذممکن نہیں ۔ قانون کا اطلاق جب تک سب پر یکساں نہیں ہو گا معاشرے میں امن و سکون نہیں لایا جا سکتا۔عوامی حقوق کے حصول کے لیے مشترکہ جدوجہد کے قائل ہیں اور حوالے سے تحریک انصاف سے بہترین ہم آہنگی موجود ہے۔
علامہ ناصر عباس نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے دھرنے میں ساتھ دینے کے بعد ملک بھر میں بالعموم اور پنجاب میں بالخصوص ہمارے کارکنوں کو نیشنل ایکشن پلان اور شیڈول فور کا غلط استعمال کرتے ہوئے ہراساں کیاجا رہا ہے۔ نون لیگ کا یہ غیر جمہوری رویہ ناقابل برداشت ہے۔شاہ محمود قریشی نے علامہ ناصر عباس جعفری کو تین سال کے لیے دوبارہ جماعت کا سیکرٹری جنرل (سربراہ) منتخب ہونے پر عمران خان کی طرف سے پھولوں کا گلدستہ پیش کیا اور تحریک انصاف کی طرف سے مبارکباد دی ہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران تحریک انصاف کے مرکزی رہنما نے کہ پانامہ لیکس حکومت کے خلاف ہمارا تیار کردہ کسی رپورٹ کا نام نہیں بلکہ عالمی نیوز بریک ہے جس کے بعد دنیا کے تین وزرا ئےعظم سمیت چار اہم شخصیات اپنے عہدوں سے مستعفی ہو چکی ہیں۔وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف بھی شواہد کے مطابق باقاعدہ تحقیقات ہونی چاہیے۔منی لانڈرنگ اور غیر ملکی بھاری اثاثہ جات کا انکشاف کوئی معمولی بات نہیں ہے۔ہم اس معاملے پر پوری سیاسی قیادت اور سول سوسائٹی کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔اگر ملک میں کرپشن پر قابو نہ پایا گیا تو بیرونی سرمایہ کاری رک جائے گی۔ ہماری کوششیں کسی انا کی تسکین کے لیے نہیں بلکہ خالصتا وطن عزیز کے لیے ہیں۔ہمیں خوشی ہے کہ اس سلسلے میں مجلس وحدت مسلمین کا موقف واضح اور شفاف ہے۔علامہ راجہ ناصر عباس کی طرف سے تعاون ہمارے حوصلوں کی تقویت کا باعث ہے۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی بیرون ملک سے واپسی پرہم خیال جماعتوں کا مشاورتی اجلاس بلایا جائے گا ۔پریس کانفرنس میں مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر شیرازی، مرکزی سیکرٹری امور خارجہ سید شفقت شیرازی، مرکزی رہنما علامہ اصغر عسکری ، علامہ عبدا لخالق اسدی، اورممبر شوری عالی اسد نقوی سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹریٹ میں اپنے وفد کے ہمراہ ایم ڈبلیوایم کے نومنتخب سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ملاقات کی اور انہیں جماعت کا تیسری مرتبہ سربراہ منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی طرف سے پھولوں کا گلدستہ پیش کیا گیا۔اس موقع پر ایم ڈبلیوایم کے مرکزی رہنما علامہ ڈاکٹر شفقت شیرازی، ناصرعباس شیرازی، علامہ مبارک موسوی، علامہ آغا علی رضوی، علامہ عبدالخالق اسدی، علامہ اصغر عسکری، علامہ اعجاز بہشتی ، اسد عباس نقوی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ علامہ راجہ ناصرعباس کا انتخاب ان کی بے پناہ مقبولیت کا برملا اظہار ہے۔انہوں نے پاکستان کی ترقی و استحکام کے لیے مجلس وحدت مسلمین کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جماعت اپنے موقف میں ہمیشہ شفاف اور واضح رہی ہے، مجلس وحدت مسلمین کی جدو جہد اور اتحاد امت کی کاوشوں کو ساری سیاسی جماعتیں قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے،مجلس وحدت مسلمین نے انتہا پسندی اور فرقہ واریت کیخلاف جو موقف اپنایا ہے وہ مثالی ہے،اپوزیشن جماعتوں کی خواہش ہے کہ ملکی سلامتی و استحکام اور کرپشن کیخلاف بھر پور جدو جہد میں مجلس وحدت ساتھ دے،علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ہم کرپشن اقربا پروری اور ظلم کیخلاف میدان میں ہمیشہ سے ہیں اور موجود رہیں گے،پانامہ لیک کیخلاف چیف جسٹس کی سربراہی میں کمیشن قائم کر کے تحقیقات کا آغاز کیا جائے،آئس لینڈ اور یوکرین کے وزرائے اعظم کی طرح میاں نواز شریف کوبھی فوری مستعفی ہو نا چاہیئے۔علامہ ناصر عباس نے تحریک انصاف کے رہنما اور دیگر مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
وحدت نیوز (گلگت) گلگت بلتستان کے عوام مصیبت میں گرفتار ہیں اور حکومتی وزراء فوٹو سیشن میں مصروف ہیں۔صوبائی حکومت آفت زدہ عوام کو کسی قسم کا ریلیف دینے میں ناکام ہوچکی ہے ،جو حکومت عوام کو آٹا مہیا نہیں کرسکتی انہیں اقتدار میں بیٹھنے کا کوئی جواز نہیں۔
مجلس وحدت مسلمین کے رکن گلگت بلتستان کاچو امتیاز حیدر خان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے تمام علاقوں کا آپس میں رابطہ منقطع ہوچکا ہے ،علاقے میں اشیائے خوردونوش کی قلت پید اہوچکی ہے حکومتی وزراء عوام کو ریلیف پہنچانے کی بجائے فوٹو سیشن میں مصروف ہیں۔بلند بانگ دعوے کرنے والی حکومت کی کارکردگی کا پول کھل چکا ہے ،گوداموں میں موجود گندم کو حکومت اپنے پیاروں میں تقسیم کررہی ہے جبکہ صوبائی دارالحکومت میں آٹے کی عدم فراہمی سے ہوٹلز بند ہوچکے ہیں اورلوگوں کے گھروں میں فاقے شروع ہوچکے ہیں جبکہ حکمرانوں کے مال مویشی بھی دانہ دار آٹے سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ علاقے کے پانی کی سپلائی کے بیشتر چینلز تباہ ہوچکے ہیں جن کی مرمت میں حکومت بے بس تماشائی بنی بیٹھی ہے،متاثریں کھلے آسمان تلے ریلیف کے منتظر ہیں لیکن حکومت کہیں دکھائی نہیں دے رہی ہے۔علاقے میں اندھیروں کے راج سے طلباء و طالبات سخت اذیت میں مبتلا ہوچکے ہیں اور عین امتحانات کے دنوں میں لائٹ نہ ہونے سے ان کی پڑھائی سخت متاثر ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے علاقے میں قحط اور بحران پیدا ہوچکا ہے اور اس حکومت میں قدرتی آفات اور بحرانوں پر قابو پانے کی صلاحیت ہی موجود نہیں اگر حکومت کی یہی کارکردگی رہی تو آئندہ دنوں میں اس سے بڑا بحران پیدا ہونے کا اندیشہ ہے۔انہوں نے پاک فوج کے ذمہ داروں سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ اس مصیبت کی گھڑی میں حکومتی اقدامات پر قطعاً اعتماد نہ کریں اور علاقے میں کسی بڑے بحران پیدا ہونے سے قبل امدادی کاروائیوں کا آغاز کریں اس لئے کہ علاقے کے عوام پاک فوج سے ہی امیدیں وابستہ کئے بیٹھے ہیں۔