The Latest
وحدت نیوز (اسلام آباد) مملکت خدا داد پاکستان کے68ویں جشن آزادی کے پرمسرت موقع پرمرکزی سیکریٹریٹ سے جاری پاکستانی قوم کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نےکہا ہے کہ تمام ملت پاکستان کووطن عزیزکے 68ویں یوم آزادی کی مبارک باد پیش کر تا ہوں ، تمام محب وطن پاکستانیو ں کو اس یوم آزادی پر پاکستان کی بقاء، سلامتی اور خوشحالی کے لئے تجدید عہد اور اس کے دشمنوں سے جنگ کا عزم کر نا ہو گا ،وطن عزیزکو بانی پاکستان کی خواہشات کے مطابق تکفیری نہیں اسلامی مملکت کے طور پر دنیاکے سامنے پیش کرنا ہوگا، مفکر پاکستان حضرت علامہ اقبال (رح)نے جس آزاد وطن کا خواب دیکھا تھا اور بانی پاکستان حضرت قائد اعظم محمد علی جناح (ر ح) نے جو آزاد وطن ہمارے پاس امانت کے طور پر چھوڑا تھا ، آج وہ آزادوطن دہشت گردی ، لا قانونیت، کرپشن اور طرح طرح کی بیماریوں کاشکار ہوچکا ہے ، افسوس کے اس وطن کے با اختیار ادارے بھی اب اس کے ساتھ با وفائی نہیں کر رہے، مفکر پاکستا ن اور بانی پاکستان کی ارواح اس وطن کی حالت زار پر نوحہ کناں ہو ں گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ یوم آزادی پاکستان ایک مرتبہ پھر اہل وطن سے اس عزم کا اعادہ چاہتا ہے جو اس نے 67برس قبل تحریک آزادی کے دوران کیا تھا ،اس وطن کے باسی برطانیہ سامراج کی غلامی سے آزادی پا کر امریکہ سامراج کی غلامی میں چلے گئے ہیں ، کیا بانیان پاکستان نے ہزاروں جانوں کی قربانیوں کے بعد یہ آزاد وطن امریکہ کی غلامی میں دینے کے لئے حاصل کیا تھا ، ہرگز نہیں ، یہ ہمارے خائن اور مفاد پرست سیاستدانوں کی ناقص داخلہ اور خارجہ پالیسیوں کا نتیجہ ہے ، جس کا خمیازہ آج پاکستان کے 18کڑوڑ محب وطن عوام بھگت رہے ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی اور قتل وغارت گری اس ملک کا مقدر بنادی گئی ،کرپشن اس ملک کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے ، انصاف اس ملک میں چراغ لے کر ڈھونڈنے سے نہیں ملتا ، روزانہ مساجد، امام بارگاہوں ، درباروں بازاروں اورچوراہوں پر بیگناہوں کے خون سے ہولی کھیلی جاتی ہے ،پاکستان کو دہشت گردوں کی چنگل سے آزاد کر وانے کے لئے اس یوم آزادی پر تمام محب وطن شیعہ ، سنی، ہندو، سکھ اور عیسائیوں کو یہ شہدائے تحریک پاکستان اور بانیان پاکستان کی ارواح سے عہد کرنا ہو گا کہ دہشت گردی کے خلاف عملی اور اجتماعی جدوجہد کا آغاز کر نا ہے ، یہ وطن خداوند متعال کی ایک نعمت برصغیر کے مسلمانوں کے لئے تھا اوررہے گا ۔مایوسی اورناکامی انشاء اللہ اس وطن کے دشمنوں کا مقدر بنے گی۔
لائن آف کنٹرول کے پاکستانی علاقوں پر جاری بھارتی فوجی جارحیت کی مذمت کرتے ہو ئے ان کا کہنا تھا کہ ہندستان اپنی آنکھوں کا میل صاف کر لے ، اس پاک وطن کی مٹی سے عہد وفا نبھانے والے ابھی زندہ ہیں ، وہ چند ہیں جو اس کی عصمت کے درپے ہیں اور وہ بھی تم میں سے ہی ہیں ، ہمارے وطن کی مٹی گواہ ہے کہ اس مادر وطن کے باوفا بیٹوں نے کبھی اس ملک کے دشمنوں کے ساتھ ساز باز نہیں کی اور ہمیشہ اس کے دفاع کی فرنٹ لائن پر موجود رہے ہیں ۔اگر بھارتی جارحیت حد سے بڑھی تو اس وطن کا بچہ بچہ اس کے ذرے ذرے پر قربان ہونے کے لئے امادہ وتیار ہو گا ۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی نے یوم آزادی کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ کا پاکستان لاکھوں بہادر لوگوں کی جانی و مالی قربانیوں کا حاصل ہے، یہ قربانیاں ایک عظیم مقصد کے لیے دی گئی، وہ عظیم مقصد خطے کے حصول کے لیے تھا، جس پر اسلام کے سُنہری اور پاکیزہ حصول کا عملی اجرا کیا جا سکے، بد قسمتی سے پاکستان اور اسلام دشمن عناصر نظریہ پاکستان پر ضرب لگانے لے لیے عالمی طاقتوں کے ایماء پر پاکستان میں، گروہی لسانی، مذہبی گروہ بندیوں میں اس حد تک تقسیم کر رہا ہے کہ نظریہ پاکستان کی روح دھندلا جائے۔ آزادی کے بعد سے اب تک پاکستان نے بہت سی مصیبتں برداشت کیں اور یہ سفر اتنا ہی مشکل اور کٹھن تھا جتنا پاکستان بننے میں تھا، اس سرزمین کے باوفا بیٹے اس پاک سر زمین کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ دیتے آئے ہیں اور دیتے رہیں گئے، مجلس وحدت مسلمین اور ملک بھر میں محبت کرنے والے شیعہ، سنی عوام اس ملک کا حقیقی نظریاتی و جغرافیائی دفاع ہیں۔ یہ وجہ ہے کہ بد ترین دہشت گردی اور ظلم و ستم کے باوجود دشمن کامیاب نہیں ہو سکا، کیونکہ اس پاک وطن کی مٹی میں شہیدوں کا لہو شامل ہے، اگر کوئی اس ملک سے غداری کرنا بھی چائے تو شہدوں کا لہو اسکی حفاطت کرتا ہے ۔
ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 14 اگست کو قائد اعظم ؒ نے پاکستان کا تحفہ دیا، یو م آزادی اس تجدید عہد کا دن ہے، وطن عزیز کی حفاظت اور ترقی ہماری ذمہ داری ہے، اس کی ترقی کے لیے تمام مذہبی، سیاسی، ثقافتی ہم آہنگ جماعتیں ملکر قومیت کے بُت توڑ دیں، ہمیں یک جان ہو کر دہشت گردی کے کینسر کے خلاف اعلان جنگ کرنا ہو گا۔ ہمارا عہد ہے کہ خون کے آخری قطرئے تک ہم پاک فوج کے شانہ بشانہ اس وطن کا دفاع کریں گئے۔ 14 اگست کو پورے ملک میں جوش و خروش سے منایا جائے گا۔ انہوں نے نئی نسل کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو چاہیے قائد اعظم محمد علی جناحؒ اور علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کو اپنا رول ماڈل بنایئں۔ مجلس حدت مسلمین شعبہ سیاسیات کے میڈیا انچارج امیر عباس سواگ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین ملک کے طول و عرض میں اس مناسبت سے پروگراموں کا اہتمام کرئے گئی۔
وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام 68ویں جشن آزادی پاکستان کی خوشی میں مزارقائد پر شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا ہے، اس سلسلے میں 13کی رات نمائش چورنگی پر ایم ڈبلیوایم کا مرکزی کیمپ قائم کیا جائے گا جہاں 68پونڈ کا آزادی کیک کاٹا جائے گا، رات ٹھیک12بجے شاندار آتش بازی کی جائے گی ، ایم ڈبلیوایم کراچی ڈویژن کے سیکریٹری امورسیاسیات سید علی حسین نقوی نے وحدت نیوزسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس تقریب میں شہر کی معروف سیاسی و سرکاری شخصیات ، شیعہ سنی علمائے اور معززین شرکت کریں گے، جبکہ 14اگست کی صبح ایم ڈبلیوایم کا وفد علمائے کرام کے ہمراہ مزارقائد پر حاضری دے گا ، فاتحہ خوانی کرے گا اور پھولوں نچھاور کرے گا، جبکہ شہر بھرسے ایم ڈبلیوایم کے کارکنان اور عام شہری ان تقریبات میں شرکت کریں گے۔
وحدت نیوز(لاہور) چھ سال سے زائد عرصہ سے قصور کے گاوں حسین خان میں معصوم بچوں کیساتھ بد فعلی کرنے کے بعد ان کی ویڈیو بنانے کے مکروہ واقعات تواتر کے ساتھ ہو رہے تھے جبکہ مقامی انتظامیہ اور پولیس مظلوموں کی فریاد سننے کی بجائے ظالموں کی حوصلہ افزائی کر رہی تھی، جس کی مذمت کرنے کے لئے الفاظ نہیں ملتے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے ایم ڈبلیو ایم پنجاب کی کابینہ اراکین کے اجلاس سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ چند خاندانوں کی وجہ سے ہمارے ملک کا نظام دن بدن ابتر ہوتا جا رہا ہے، ایک عام شخص کے لئے انصاف کا حصول ممکن نہیں رہا، ورنہ یہ دن نہ دیکھنا پڑتا۔ حالیہ واقعہ دنیا بھر میں پاکستان کی رسوائی کا باعث بنا ہے، جیسا کہ ہمارے ملک میں انسانیت نام کی کوئی شے نہیں، ظالم حکمرانوں کی وجہ سے انصاف عدالتوں میں بکتا ہے اور چند خاندانوں نے قانون کو اپنے گھر کی لونڈی بنا رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی ایس ایچ او سمیت پوری انتظامیہ اور سیاست دانوں کی اس مکروہ گروہ کو سرپرستی حاصل رہی ہے، ان ظالموں کے ستائے لوگ جب داد رسی کے تھانے کا رخ کرتے تو ایس ایچ او موصوف شکایت کندگان کی ویڈیو بنا کر مجرموں کو فراہم کرتا تھا، تاکہ کوئی بھی غریب آئندہ ان ظالموں کیخلاف داد رسی کے لئے انصاف کا دروازہ نہ کھٹکٹائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت قصور واقعہ کو جوڈیشل کمیشن کے ذریعے طول دے کر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کر رہی ہے، ماڈل ٹاوُن جوڈیشل کمیشن کے رپورٹ کی طرح قصور سانحہ کو بھی سرد خانوں کی نذر کیا جا رہا ہے۔
علامہ اسدی کا کہنا تھا کہ حسین خان گاوُں میں انسانیت کی دھجیاں اڑئی جا رہی تھی، مگر مظلوموں کی فریاد سننے والا کوئی نہیں تھا جبکہ یہ افراد انصاف کی امید لئے پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور بھی آئے، مگر پنجاب اسمبلی کے باہر احتجاج کرنے کے باوجود انہیں کچھ نہیں ملا، آج بھی ان افراد کے حق میں جو آوازیں بلند ہو رہی ہیں، اس کا سہرا آزاد میڈیا کے سر ہے، ورنہ پنجاب حکومت کو ایسے واقعات سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ انہوں نے کہا کہ نام نہاد خادم اعلٰی پنجاب کو چاہیئے تھا کہ فوری طور پر جائے وقوعہ کا دورہ کرتے اور مظلوموں کو انصاف فراہم کرتے، مگر شہباز شریف لاہور شہر میں پانی کے اندر گھوم پھر کر سستی شہرت حاصل کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ ان ظالم درندوں کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ فوجی عدالتوں میں چلایا جائے اور انہیں اسلامی قوانین کے تحت سزا دی جائے، چاہے اس کے لئے قانون میں ترمیم ہی کیوں نہ کرنی پڑے۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ صرف ایک گاوُں یا چند افراد کا نہیں بلکہ پوری قوم کے لئے ایک لمحہ فکریہ ہے کہ ہمارے معاشرے کی سمت کس طرف ہے، کیا وجہ ہے کہ چند روپوں اور زمین کے ایک ٹکڑے کی وجہ سے انسان اس حد تک گر جاتا ہے، افسوس کی بات یہ ہے کہ انصاف سے مایوس لوگوں نے اپنے معصوم بچوں کیساتھ اس ظلم کو چھ سال تک برداشت کیا اور پولیس کی خاموشی کی وجہ سے دو سو سے زائد بچوں کے ساتھ یہ قبیح فعل کیا گیا۔ اس واقعہ کو صرف ایک واقعہ نہ سمجھا جائے، علمائے کرام، اساتذہ اور دانشور اس معاشرہ کی اصلاح میں اپنا کردار ادا کریں، اگر ہم نے یہ سب کچھ حکمرانوں پر چھوڑ دیا تو یہ نااہل افراد ملک کو کہیں کا نہیں چھوڑیں گے۔
وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ تربیت کے تحت شائع ہونے والے مجلہ بصیرت کے مدیر برادر ظہیر الحسن کربلائی نے مجلہ بصیرت کے شمارہ نمبر 14 (جو شہید قائد ؒ کی ستائیسویں برسی کی مناسبت سے شائع کیا گیا ہے) ، اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مجلہ بصیرت کی ممبرسازی مہم کو مزید تیز کیا جائے ۔ان کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین کے تمام سیکرٹری حضرات سے گذارش ہے کہ وہ اس سلسلے میں ہمارے ساتھ تعاون فرمائیں تاکہ مجلہ کی اشاعت اور ترسیل بروقت ہو سکے ۔امید ہے کہ تمام برادران اس ممبر سازی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے ۔
وحدت نیوز(کراچی)قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی نے ملت اسلامیہ کے اتحاد اور بیداری کے لئے اپنی زندگی کے آخری سانس تک جدوجہد کی، وہ آئین و قانون کی پاسداری کے علمبردار دوسرے کے نقطہ نظر کو سننے اور برداشت کرنے کی جرات بھی کرتے تھے۔ ان خیالات کا اظہار قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی کی27 ویں برسی کی مناسبت سے صوبہ سندھ سیکریٹریٹ پر منعقدہ قرآن خوانی و مجلس عزا سے ایم ڈبلیو ایم کراچی ڈویژن کے سیکریٹری تربیت علامہ صادق جعفری نے اپنے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی علم و عمل کے پیکر ایک عالی کردار تھے، قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی نے ہمیشہ ملک خداد پاکستان میں اتحاد بین المسلمین کیلئے عملی جدوجہد کیا جس کے بدولت آج پاکستان میں شیعہ سنی اتحاد کی عظیم فضاء قائم ہے، شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی کی ملت جعفریہ کیلئے دیئے گئے قربانیوں کو ہرگز فراموش ہیں کیا سکتا، شہید کی زندگی ہمارے لئے ایک مشعل راہ ہے، شہید قائد کی فکر پر چل کر ہم اس ملک کو فرقہ واریت و دہشتگردوں کے چنگل سے آزاد کراسکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج پاک فوج ملک کی سلامتی اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے حالات جنگ میں ہے، دہشتگردی کے خاتمے اور ملک کی بقاء کیلئے پوری قوم فوج کے ساتھ کھڑی ہے، ملک دشمن تکفیری قوتوں کا صفایا کرکے ملک کو امن کا گہوارہ بنایا جاسکتا ہے، دورد و سلام پڑھنے والے شیعہ سنی دونوں نے مل کر پاکستان بنایا تھا اور پاکستان کو بچانے کیلئے خون کا آخری قطرہ تک بہا دیا۔ اس موقع پر صوبائی رہنما ناصر حسین الحسینی نے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 14 اگست جشن آزادی بھرپور طریقے سے منایا جائیگا اور صوبائی سیکریٹریٹ پر پرچم کشائی و جشن کا انعقاد کیا جائیگا۔
وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی، ضلعی سیکرٹری جنرل علامہ قاضی نادر حسین علوی اور ترجمان مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب مولانا ثقلین نقوی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ حکومت قصور واقعہ کو جوڈیشل کمیشن کے ذریعے طول دے کر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کر رہی ہے، چھ سال سے زائد عرصہ سے قصور کے گاوں حسین خان میں معصوم بچوں کیساتھ بدفعلی کرنے کے بعد ان کی ویڈیو بنانے کے مکروہ واقعات تواتر کے ساتھ ہو رہے تھے جبکہ مقامی انتظامیہ اور پولیس مظلوموں کی فریاد سننے کی بجائے ظالموں کی حوصلہ افزائی کر رہی تھی، جس کی مذمت کرنے کے لئے الفاظ نہیں ملتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چند خاندانوں کی وجہ سے ہمارے ملک کا نظام دن بدن ابتر ہوتا جا رہا ہے، ایک عام شخص کے لئے انصاف کا حصول ممکن نہیں رہا، ورنہ یہ دن نہ دیکھنا پڑتا۔ حالیہ واقعہ دنیا بھر میں پاکستان کی رسوائی کا باعث بنا ہے، جیسا کہ ہمارے ملک میں انسانیت نام کی کوئی شے نہیں، ظالم حکمرانوں کی وجہ سے انصاف عدالتوں میں بکتا ہے اور چند خاندانوں نے قانون کو اپنے گھر کی لونڈی بنا رکھا ہے۔ مجلس وحدت مسلمین کے رہنمائوں نے مزید کہا کہ مقامی ایس ایچ او سمیت پوری انتظامیہ اور سیاست دانوں کی اس مکروہ گروہ کو سرپرستی حاصل رہی ہے، ان ظالموں کے ستائے لوگ جب داد رسی کے تھانے کا رخ کرتے تو ایس ایچ او موصوف شکایت کندگان کی ویڈیو بنا کر مجرموں کو فراہم کرتا تھا، تاکہ کوئی بھی غریب آئندہ ان ظالموں کیخلاف داد رسی کے لئے انصاف کا دروازہ نہ کھٹکٹائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت قصور واقعہ کو جوڈیشل کمیشن کے ذریعے طول دے کر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ صرف ایک گاوں یا چند افراد کا نہیں بلکہ پوری قوم کے لئے ایک لمحہ فکریہ ہے کہ ہمارے معاشرے کی سمت کس طرف ہے، کیا وجہ ہے کہ چند روپوں اور زمین کے ایک ٹکڑے کی وجہ سے انسان اس حد تک گر جاتا ہے، افسوس کی بات یہ ہے کہ انصاف سے مایوس لوگوں نے اپنے معصوم بچوں کیساتھ اس ظلم کو چھ سال تک برداشت کیا اور پولیس کی خاموشی کی وجہ سے دو سو سے زائد بچوں کے ساتھ یہ قبیح فعل کیا گیا۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے صوبائی سیکر ٹری جنرل علامہ مختار امامی نے کہا ہے کہ چودہ اگست یوم آزادی کو ملی جوش و جذبے سے منایا جائے گا۔ اس سلسلے میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکریٹریٹ سمیت تمام صوبائی و ضلع دفاتر میں چراغاں کیا جائے گا۔چودہ اگست کو تمام شہروں میں ملت تشیع شکرانے کے نوافل ادا کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی او رکراچی کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں کیا اجلاس میں ایم ڈبلیو ایم کراچی کے سیکر ٹری جنرل حسن ہاشمی سمیت عبد اللہ مطہری،علامہ علی انور جعفری ،علامہ مبشر حسن ،علی حسین نقوی ،الفت عالم ،اصغر عباس زیدی،حیدر زیدی ،آصف صفوی ،رضا نقوی ،ڈاکٹر مدثر حسین،ناصر حسین الحسینی سمیت دیگر عہدیداران نے شرکت کی علامہ مختار امامی کاکہنا تھا کہ ارض پاک اللہ تعالی کی طرف سے ہمارے لیے سب سے بڑی نعمت ہے۔اس وطن کی بنیادوں کی آبیاری ہمارے اباو اجداد کے لہو سے ہوئی ہے۔وطن کی محبت ہمیں ورثہ میں ملی ہے۔ ہمارا جینا ہمارا مرنا اسی سرزمین کے لیے ہے۔یوم آزادی کے موقع پر ہم سب کو مل کر عہد کرنا ہے کہ پاکستان کی حفاظت میں دقیقہ فروگزاشت نہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ملک دشمن طاقتوں کو ہم نے حب الوطنی کے ہتھیار سے شکست دینا ہو گی۔ہم سب کا تشخص،ہماری سلامتی ،ہم شناخت سب کچھ اس ملک کے ہی مرہون منت ہے۔جب تک ہم اس مادر وطن سے محبت کا حقیقی حق ادا نہیں کرتے تب تک ہم اس مٹی کے باوفا بیٹے نہیں کہلا سکتے۔
وحدت نیوز(نوشہروفیروز) مجلس وحدت مسلمین ضلع نوشہروفیروز کے سیکریٹری جنرل اعجاز ممنائی، مشتاق حسین مری، زاہد بلوچ، دیدار جعفری نے مٹھیانی اور بھورٹی بند کا دورہ کیا اور سیلاب متاثرین سے ملاقاتیں کیں. اس موقعے پر رہنماؤں نے متاثرین کو یقین دلایا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان آپکی ہر مدد کریگی اللہ تعالیٰ کی یہ آزمائش سے صبر و تحمل کے ساتھ برداشت کریں انہوں نے مزید کہا کے حکمران سیلاب متاثرین کی کسی قسم کی کوئی مدد نہیں کر رہے. جب کہ روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ دینے والی جماعت اس مشکل گھڑی میں عوام کے درد کی کوئی دوا نہیں کر رہے جو ایک بڑا ظلم ہے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری علامہ امین شہیدی نے قصور واقعہ پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم بچوں کے ساتھ طویل عرصہ سے جاری اس درندگی سے انتظامیہ اور ذمہ داران کی لا علمی پنجاب حکومت کی گڈ گورننس پر سوالیہ نشان ہے ۔عوام کی جان، مال اور عزت کا تحفظ محض زبانی راگ الاپنے سے ممکن نہیں بلکہ اس کے لیے عوام معاملات سے باخبر رہنا انتہائی ضروری ہے۔یہ انسانیت کے خلاف غیر انسانی فعل ہے۔ عقل و شعور سے عاری جنگلی زندگی گزارنے والے حیوانات کے ہاں بھی اس طرح کی گھناونا پن نہیں ہوتا ۔ یہ انسانیت سوز واقعہ پاکستان کے لیے عالمی سطح پر بدنامی کا باعث ہے۔ دنیا کا ہر مذہب جنسی تشدد کی مذمت کرتا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس واقعہ میں براہ راست اور بلاواسطہ ملوث تمام مذموم عناصر کو چوراہوں پر لٹکایا جائے۔متاثرہ خاندانوں کے زخم تب تک مندمل نہیں ہو سکتے جب تک ان درندوں کو قرارواقعی سزا نہیں دی جاتی