The Latest

وحدت نیوز(مشہد مقدس) امام خمینی رضوان اللہ کی پچیسویں برسی اور ظہور امام زمانہ ع کی مناسبت سےدفتر مجلس وحدت مسلمین شعبہ مشھد مقدس کی جانب سے ایک عظیم الشان سیمیناربعنوان انقلاب اسلامی نوید انقلاب مہدی عج  کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان اور ایران کی دینی شخصیات کے علاوہ دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام ،طلاب عظام اور زائرین امام رضا علیہ السلام نے شرکت کی ،سیمینار کا آغا ز تلاوت کلام مجید سے ہوااسکے بعد شعرا ئے کرام نے نذرانہ عقیدت پیش کیا۔استقبالیہ مجلس وحدت مسلمین مشھد مقدس کے سیکرٹری جنرل حجۃ الاسلام والمسلمین عقیل حسین خان نے پیش کیا اور معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا،سیمینار میں مجلس خبرگان رہبری کے نمایندہ اور جامعہ مدرسین کے عضو جناب آیت اللہ عباس کعبی نے خصوصی خطاب کیااسکے علاوہ پاکستان سے خصوصی طور پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ محمدامین شھیدی نے سیمینار میں شرکت کی اور خصوصی خطاب کیا۔پاکستان ،ایران ،افغانستان بنگلہ دیش،ھندوستان،آزربائیجان ،نائیجیریا، کینیا،اور دوسرےممالک سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام نے سیمینار میں خصوصی شرکت کی ،مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی  جناب شفقت گوندل نے بھی پروگرام میں شرکت کی،سیمینارکے انعقاد میں  آستان قدس رضوی شعبہ مدیریت امور زائرین غیر ایرانی کے مسئول حجۃ الاسلام والمسلمین دکتر باقری نے خصوصی معاونت کی۔

وحدت نیوز(ایبٹ آباد) مجلس وحد ت مسلمین ڈسٹرکٹ ایبٹ آباد اور صوبہ خیبرپختونخواکے اہم عہدیداران کے وفد نے گاربہ گاؤں ڈاکخانہ بودلہ تحصیل حویلیاں کا دورہ کیا۔جس میں صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل و سیکرٹری تنظیم سازی علامہ وحید عباس کاظمی ، برادر عشر عباس، ڈسٹرکٹ ایبٹ آباد کے سیکرٹری جنرل سید مدثرعلی کاظمی ، سیکرٹری تنظیم سازی سید اظہر حسین شاہ، سیکرٹری تحفظ عزاداری سید شجر علی کاظمی، سیکرٹری روابط سید قمر علی شاہ،مذہبی رہنما پیر سید صابر شاہ ،اور روڑا سائیں (مرحوم)کے فرزند خانویزشامل تھے۔ اس موقع پر اہلیاں علاقہ نے وفد کاپرجوش استقبال کیا۔اس کے بعد تقریب حلف برداری سے قبل تلاوتِ قرآن پاک و نعت رسول مقبول ؐ پڑھی گئی۔اور ڈسٹرکٹ سیکرٹری جنرل سید مدثر علی کاظمی نے مجلس وحدت مسلمین کے اغراض مقاصد اورتنظیمی کارکردگی عوام کے سامنے پیش کی۔اس کے بعد ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ وحید عباس کاظمی نے اتحاد امت اور وحدت بین المسلمین کے موضوع پر تفصیلی خطاب کیااور اہلیاں علاقہ کے مسائل کو بھی سنا۔ جس میں اہلیاں علاقہ نے بتایا کہ ہمارا یہاں کا سب سے بڑا مسئلہ پانی کا ہے، کہ جو ہمیں بہت دور سے لانا پڑتا ہے، اس پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل نے انہیں اس مسئلے کے حل کی یقین داہانی کروائی اور اس کے بعد ضلعی سیکرٹری جنر ل سید مدثر علی کاظمی نے گاربہ گاؤں کے سیکرٹری جنرل سید قمر عباس گیلانی سے حلف لیا۔ جبکہ کابینہ سے برادر عشرت عباس نے حلف لیا۔اس کابینہ میں سیکرٹری جنرل گاربہ یونٹ سید قمر عباس ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید اظہر شاہ، سیکرٹری تنظیم سازی فرخ عباس، سیکرٹری مالیات محمد رفیق، سیکرٹری روابط سید مسرور حیدر سیکرٹری فلاح و بہبود سید نثار علی شاہ، آفس سیکرٹری عدنان شاہ، سیکرٹری شماریات اعظم شاہ، سیکرٹری تبلیغات سید بد السلام شاہ،لیگل ایڈوائیزر علی رضا شاہ وغیرہ شامل تھے۔آخر میں دعا کے ساتھ تقریب کا اختتام کیا گیا۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصرعباس جعفری نے لاہور میں بے گناہ مرد و خواتین کو بے دردی سے قتل کرنے کی پرزور مذمت کر تے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن وزیرستان آپریشن سے قوم کی توجہ ہٹانے کے لئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے، منہاج القرآن کے پر امن شہریوں پر بے دریغ گولیاں اور لاٹھیاں برسہ کر شہباز شریف پنجاب کے قصاب ثابت ہو ئے ہیں ، رانا ثناء اللہ نے منہاج القرآن کی نہتی خواتین پر مسلح دہشت گرد ہونے کا جھوٹا الزام لگایا، نہتے شہریوں کے قتل عام کے بعد شہباز شریف پنجاب میں حق حکمرانی کھو چکے ہیں ، دسیوں بے گناہ کارکنان کی شہادت پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان عوامی تحریک کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے مذمتی بیان میں کیا ۔

 

ان کاکہنا تھا کہ وزیر ستان میں جاری آپریشن ضرب عضب سے عوامِ پاکستان کی توجہ ہٹانے اور طالبان کو خوش کرنے کے لئے مسلم لیگ ن طالبان مخالف قوتوں کے خلاف طاقت کا بے جا استعمال کر رہی ہے ، ایسے نازک ماحول میں کے جب وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کامیابی کے ساتھ جاری ہے اور اٹھارہ کروڑ عوام پاک فوج کی کامیابی اور دہشت گردوں کے نابودی کے منتظر ہیں ، پنجاب حکومت طالبان مخالف قوتوں کے خلاف کریک ڈاؤن کاآغاز کر رہی ہے ،پاکستان عوامی تحریک کے پر امن اور نہتے کارکنان اور خواتین پر پولیس کا بہیمانہ تشدد قابل مذمت ہے، پنجاب پولیس نے شہباز شریف کی ایماء پر ظلم و بربریت کی انتہا کر دی ہے، نہتی خواتین کے سروں پر گولیاں برسائی گئیں ہیں ، نواز لیگ عوامی غیض وغضب کو دعوت دے رہی ہے، پرامن احتجاج عوام کا آئینی و قانونی حق ہے جو چھینا نہیں جا سکتا ، لیکن آج لاہور میں پولیس گردی اور قتل وغارت گری جمہوری اقدار کے سراسر منافی ہے، پنجاب کا جھوٹا وزیر قانون رانا ثناء اللہ اپنے ظلم کو چھپانے کے لئے عوامی تحریک کے کارکنان کے مسلح ہونے کا الزام لگا رہا ہے، خواتین پر مظالم کی دلسوزتصاویر پنجاب حکومت کی بربریت کی گواہی دے رہی ہیں ، اس اندہوناک واقعے کے بعد عوام کا مطالبہ ہے کہ میاں نوازشریف اور میاں شہباز شریف مسند اقتدار کو خیر باد کہہ دیں ایسا نہ ہو کے عوام انہیں ایوانوں سے گھسیٹ کر نکال باہر کریں ۔

وحدت نیوز(کوہاٹ) کوہاٹ استرزئی میں انصار الحسین کے یوم تاسیس کے موقع پر جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں علما اور مومنین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ جلسہ کے بعد سانحہ تفتان کے خلاف استرزئی سے کچہ پکہ اجتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی انتہائی سحت گرمی کے باوجود اپنے مقررہ راستوں سے کچہ پکہ پہنچ کر احتجاجی جلسے کی شکل احتیار کر گئی۔ جہاں مظاہرین نے حکومتی بے حسی کے خلاف زبردست انداز میں نعرے لگائے۔

 

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین صوبہ خیبر پختون خوا کے سیکرٹری جنرل علامہ سید محمد سبطین حسینی کا کہنا تھا کہ پے در پے واقعات کے باوجود حکومت کو ملت تشیع کو سیکیورٹی نہ فراہم کرنا ظاہر کرتا ہے کہ حکومت سنجیدہ نہیں ہے۔ لیکن حکومت یاد رکھے کہ یہ معاملہ حکومت کے لئے چیلنج بن سکتا ہے۔ سانحہ تفتان کے حوالہ سے حکومتی بے حسی کا یہ عالم تھا کہ جنازے کئی گھنٹوں تک زمین پر پڑے رہے، اٹھانے والا کوئی نہ تھا۔ حکومت وقت چپ کا روزہ توڑے اور دہشت گردوں کے خلاف زبردست آپریشن کا آغاز کیا جائے کیونکہ دہشت گرد کسی پر رحم نہیں کرتے آج ملت تشیع پر حملے کر رہے ہیں تو کل آپ کی اولادیں بھی نہیں محفوظ رہ سکیں گی۔
انصار الحسین کے رہنما سید قیصر عباس کا کہنا تھا کہ اگر حکومت نے شہیدا کے لئے امدادی پیکج کا اعلا نہیں کیا تو پھر یہ ملت آزاد ہیں ہم سے کوئی گلہ نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ کوہاٹ بازار کو جلانے والوں کو گرفتار کیا جائے اور متاثرین کو معاوضہ دیا جائے۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) حکومت کی جانب سے زائرین کے لئے مشکلات اور رکاوٹوں کے خلاف آج کوئٹہ میں احتجاجی جلسہ منعقد ہوا۔ احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو کھلی چھوٹ دے کر زائرین کے لئے راستہ بند کرنا نواز حکومت کی نا اہلی کی واضح دلیل ہے۔ دہشت گردوں سے خوف زدہ حکومت ملت جعفریہ سے کئے گئے اپنے سب وعدے بھلا چکی ہے۔ اب ایک سازش کے تحت زائرین کا راستہ بند کرنے کی ناپاک مہم شروع کی گئی ہے، مگر حکومت کو اپنے ناپاک عزائم میں ناکامی کے سوا کچھ حاصل نہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ شیعت کی۱۴ سو سالہ تاریخ مصائب و آلام اور امتحانات سے عبارت ہے۔زائرین کربلا کو روکنے کے لئے بنو امیہ ، بنوعباس اور متوکل عباسی جیسے سفاک حکمران ناکام رہے اب بھی انہیں ناکامی ہو گی۔ نواز حکومت شیعت کے خلاف سازشیں کرنا چھوڑ دے۔ در یں اثناء صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے علامہ مقصود علی ڈومکی سے رابطہ کرکے زائرین کے مسائل معلوم کئے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ اور دیگر حکام سے بات چیت کریں گے۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) کراچی، پشاور اور کوئٹہ کے دو سو زائرین پر مشتمل ایک وفد نے مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی صدرعلامہ مقصود علی ڈومکی سے ملاقات کی اس موقع پر زائرین نے انہیں اپنی مشکلات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ زائرین کے سلسلے میں حکومتی رویہ افسوسناک ہے۔ خوفزدہ حکومت عوام کے مسائل میں اضافہ کر رہی ہے، صوبائی حکومت کی جانب سے بارڈر پر زائرین سے این او سی طلب کرنا غیر آئینی ہے اور غیر قانونی اقدام ہے۔ حکومت نے اگر زائرین کا مسئلہ حل نہ کیا اور کوئٹہ تفتان روٹ نہ کھولا تو ملک بھر میں احتجاج کی کال دی جائے گی۔

وحدت نیوز(شیخوپورہ) مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصرعباس جعفری نے پاک فوج کی جانب سے شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے خلاف فوجی آپریشن کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے قومی خواہشات کا ترجمان اور آئینہ دار قرار دیا ہے،ان کا کہنا ہے کہ  وزیر ستان میں ہونے والا پاک فوج کا آپریشن ضرب عضب عوام پاکستان کی دل کی آرزو تھی،ساٹھ ہزار پاکستانیوں کے قاتل کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ ہم اس اعلان کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور اپنی فوج کو مکمل یقین دہانی کراتے ہیں کہ ملک کا بچہ بچہ وطن دشمنوں کے خلاف پاک فوج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملائے گا۔ اگر ضرورت پڑی تو ملت تشیع کے ایک لاکھ نوجوان فوج کے ساتھ ملکر دہشتگردوں کے خلاف لڑنے کیلئے تیار ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع کچہری شیخوپورہ میں بار ایسوسی ایشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی ،علامہ حسن رضا ہمدانی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

 

علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ   ہمارا شروع دن سے ہی یہی مطالبہ تھا کہ خارجیوں سے امن کی بھیک نہ مانگی جائے، یہ لوگ دین اور وطن دونوں کے دشمن ہیں، جن سے مذاکرات ریاست کے ساتھ مذاق تھا۔ علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ اب پتہ چلے گا کون سی جماعتیں پاک فوج کے ساتھ ہیں اور کونسی جماعتیں طالبان کے ساتھ کھڑی ہیں، انہوں نے کہا کہ آپریشن فقط وزیرستان تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ ملک کے تمام گوش و کنار جہاں جہاں دہشتگردوں کے ہمدرد آباد ہیں اور انہیں لاجسٹک سپورٹ فراہم کرتے ہیں، ان کے خلاف بھی آپریشن شروع کیا جائے۔ وہ مدارس جو ان دہشتگردوں کو پروان چڑھاتے ہیں اور تعاون کرتے ہیں، انہیں بھی بند کیا جائے۔ نہ فقط ملکی و غیر ملکی طالبان بلکے ایوانوں میں بیٹھے ان کے اسٹریجیٹک پارٹنرز کے خلاف بھی فوری کاروائی کی جائے،انسانوں کے قاتلوں اور ان کے ہمدردوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جاسکتا۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین نےروز اول سے  اصولوں کی سیاسیات کی ہے۔ ہم نے گیارہ مئی2014کو ہی   کہا تھا کہ تاریخ کے بدترین الیکشن ہوئے ہیں، جس میں دھاندلی کی داستانیں رقم کی گئیں۔ ہم نے اس حوالے سے الیکشن کے اگلے روز ہی وائٹ پیپر شائع کیا تھا۔ اس وقت ہم تنہاتھے، لیکن آج دیگر جماعتیں بھی ہمارے موقف سے ہم آہنگ ہوکر آگے آگئی ہیں۔ ہمارا کل بھی وہی موقف تھا اور آج بھی یہی موقف ہے۔ اسی طریقہ سے دہشتگردوں اور مذاکرات کے حوالے سے ہمارا موقف بڑا واضح تھا۔ ہم نے ان مذاکرات کی مخالفت کی تھی، اب کئی سیاسی جماعتوں نے اپنے اس ابتدائی فیصلے پر نظرثانی کی اور اب وہ بھی مخالفت کر رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری سیاسیات ناصر شیرازی ایڈووکیٹ نے اسلام ٹائمز کو انٹرویو دیتے ہو ئے کیا ۔

 

ان کا مذید کہنا تھا کہ  ایسی تمام سیاسی جماعتیں جو ہمارے موقف کے قریب ہیں، ان سے رابطے تھے اور ہیں، کیونکہ مجلس وحدت مسلمین تیزی سے مقبول مذہبی سیاسی جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے۔ ایسی تمام جماعتیں جو پاکستان میں سیاسی منظرنامے میں کوئی اہم کردار ادا کرنا چاہتی ہیں، وہ مجلس کی طرف دیکھتی ہیں۔گذشتہ چند ہفتوں میں کئی سیاسی جماعتوں کی لیڈرشپ نے ہم سے رابطے کئے ہیں اور ملاقاتیں کی ہیں، اسی سلسلے میں مسلم لیگ ق کی قیادت نے علامہ ناصر عباس جعفری اور ان کی ٹیم سے ملاقات کی ہے، جس میں انہوں نے دس نکاتی ایجنڈا جو انہوں نے لندن میں ڈاکٹر طاہرالقادری کے ساتھ ملکر ترتیب دیا ہے، وہ پیش کیا ہے۔ ساتھ یہ بھی کہا ہے کہ یہ ایجنڈا حتمی نہیں ہے، اس میں آپ کے نکات بھی شامل کئے جاسکتے ہیں۔ ظاہر ہے وہ ہمارے پاس آئے، ہمارے مہمان تھے، دوسرا یہ وہ چیزیں تھیں جن پر ہم اسٹینڈ لے چکے ہیں۔ اس اسٹینڈ کو آگے بڑھانا بھی بنتا تھا۔

وحدت نیوز(کراچی) اٹھارہ کروڑعوام دہشت گردوں کا آسان ہدف بنے رہے، پورا پاکستان چلا چلا کر فوج کو بلاتا رہا ،حکمرانوں نے چپ سادھ رکھی تھی، جب عوام فوج کی آمد کا مطالبہ کریں ان پر جمہوریت دشمن کا لیبل لگا دیا جایا ہے، فوج بلانے کو خلاف جمہوریت قرار دینے والوں نے  آج اپنی حفاظت کے لئے اسلام آباد میں فوج بلالی، نواز لیگ کی منافقانہ پالیسی آج عوام کے سامنے واضح ہو گئی ، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید حسن ظفر نقوی نے مسجد وحدت مسلمین گلستان جوہر کراچی میں تنظیمی کارکنان کی نشست سے خطاب کرتےہوئے کیا۔

 

ان کا کہنا تھا کہ آج اسلام آباد میں پاک فوج کی تعیناتی نے مسلم لیگ ن کی منافقانہ طرز سیاست کا بھانڈا پھوڑ دیا، جب عوام سڑکوں پر بے دردی سے مر رہے تھے، بسوں میں شناختی کارڈ دیکھ دیکھ کر قتل کیئے جارہے تھے،  کبھی بازاروں میں مر رہے تھے، کبھی درباروں میں ، کبھی ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بن رہے تھے، جب جب نااہل حکمرانوں سے مایوس ہو کر عوام نے فوج کو مدد کے لئے پکارا ہمیشہ ان خائن حکمرانوں ، زرد صحافت اور نام نہاد سول سوسائٹی کی جانب سے جمہوریت مخالف اور جمہوریت دشمن ہونے کے تمغے دیئے گئے، کل تک جو جماعت فوج کےخلاف سیسہ پلائی دیواربنی کھڑی تھی آج وہی جماعت اپنی جانوں کے لالے پڑنے پر پاک  فوج کو اسلام آباد کی سڑکوں پر دعوت دے رہی ہے۔ ان کا مذید کہنا تھا کہ آج وقت نے ثابت کر دیا کہ ملک دشمن تکفیری دہشت گرد گروہ طالبان سے مذاکرات کی ایم ڈبلیوایم کی مخالفت درست فیصلہ تھا اور ملکی سلامتی کے لئےپاک فوج کی مدد سے ملک دشمنوں کا صفایا واحد حل ۔

وحدت نیوز(کراچی) دہشت گرد اپنی مضموم سازشوں کے زریعے اسلام و پاکستان کو عالمی سطح پر داغ دار کر نے کی کوشش کر رہے ہیں ، دہشت گردی کسی صورت میں بھی ہوقابل مذمت ہے، کراچی ایئر پورٹ حملہ پاکستان کے دفاع پر حملہ تھا،موجودہ حکومت نے بلوچستان کے رئیسانی کا انجام بھول چکی ہے، سانحہ تفتان زائرین کے راستے کی رکاوٹ نہیں بن سکتا، ریاست نہ فقط طالبان بلکے ان کے خیر خواہوں کے خلاف بھی آپریشن کلین اپ کرے، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کراچی، ضلع ملیر کے سیکریٹری جنرل سید احسن عباس رضوی نے اسٹار گیٹ شاہراہ فیصل پر سانحہ کراچی ایئر پورٹ اور سانحہ تفتان کے شہداء سے تجدید عہد کے لئے کیئے گئے چراغاں کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 

ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر خصوصاًپاکستان میں دہشت گردی سیاسی پشت پناہی میں جاری ہے، کراچی میں ٹارگٹ کلنگ ہویا اسلام آباد، لاہور،پشاور ،، فاٹا، گلگت ، کوئٹہ تفتان، مستونگ ، ڈیرہ اسماعیل خان اور دیگر شہروں میں خودکش حملے تمام کے پیچھے کوئی نہ کوئی سیاسی یا مذہبی قوت پشت پناہ نظر آئی ہے، پاکستان کے عوام کی آنکھوں میں نام نہاد مذہبی و سیاسی راہ زن دھول جھونک کر گمراہ کر تے ہیں ، بے گناہ شہریوں کے قتل عام میں کوئی خفیہ ہاتھ نہیں ، بلکہ بہت سارے جانے پہنچانے ہاتھ ملوث ہیں ، ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ ٹریک رکارٹ چیک کریں اور دہشت گرد وں کے ساتھ ساتھ ان کے اسٹریجٹک پارٹنرز کے خلاف بھی فیصلہ کن کاروائی عمل میں لائیں ، ان کا مذید کہنا تھا کہ کراچی ایئر پورٹ سانحہ سکیورٹی اداروں کی نا اہلی سے زیادہ دہشت گردوں کے سیاسی و مذہبی پشت پناہوں کی منافقانہ سیاست کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری چودہ سو سالہ تاریخ ہماری شجاعت اور استقامت کی گواہ ہے، ہم دیواروں میں زندہ چنے گئے، اعضاء کاٹے گئے، پس زندان گئے لیکن زیارات آئمہ اطہار علیہ السلام سے دستبردار نہیں ہوئے ، ایک سانحہ تفتان کیا ہزار سانحہ تفتان اور ہو جائیں ہم در اہل بیت علیہ السلام سے کنارہ کش نہیں ہو سکتے ۔

 

اس موقع پر ایم ڈبلیوایم کراچی کے رہنما حسن ، ہاشمی ، علامہ علی انور،سید علی حسین نقوی اورانجینئررضا نقوی سمیت ثمر عباس زیدی، حسن عباس،ناظم حسین ،زمان رضوی ، پولیس اور رینجرز کے حکام بالخصوص شہدائے کراچی ایئر پورٹ کے ورثاء بھی موجود تھے۔ شرکاء نے شہداء کی یاد میں چراغ روشن کیئے اور شہداء کی عظیم قربانیوں پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر اسٹار گیٹ کو چاروں اطراف سے پولیس نے مکمل حصار میں لیا ہوا تھا جبکہ دونوں اطراف کی سڑکیں ٹریفک کے لئے مکمل طور پر بند تھیں ۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree