The Latest
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان اور سنی اتحاد کونسل نے پاکستانی عوام کو دہشت گردی کے عفریت کے خوف سے نجات دلانے اور قائداعظم محمد علی جناح کے پاکستان کو اس کی اصلی حالت میں لوٹانے کے کیلئے مشترکہ جدوجہد کا اعلان کر دیا، یہ اعلان ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری اور پاکستان سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے مجلس وحدت مسلمین کے دفتر میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔ پریس کانفرنس میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری امور خارجہ علامہ سید شفقت حسین شیرازی، سیکرٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی، معاون سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی اور سنی اتحاد کونسل کی رابطہ کونسل کے رکن صاحبزادہ عمار سعید بھی موجود تھے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ کسی بھی معاشرے میں ریاست اور نظام کی اس لئے ضرورت ہوتی ہے کہ معاشرے میں امن ہو، انصاف ہو، جنگل کا قانون نہ ہو، انتہائی افسوس کیساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ہمارے ہاں ریاست اور نظام نام کی کوئی چیز نہیں، مادر وطن کے باوفا بیٹے ہونے کے ناطے ہماری ذمہ داری ہے کہ محبت اور اخوت کا پیغام دیں، فتنہ و فساد کا سر کچل دیں اور ملکی سالمیت و استحکام کیلئے کام کریں, یہ اجتماعی ذمہ داری ہے انفرادی نہیں، اس لئے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ قوتیں جنہوں نے پاکستان بنایا تھا وہی مل کر پاکستان کو بچانے کی جدوجہد کریں، انشاءاللہ شیعہ اور سنی اس جدوجہد میں ہراول دستے کا کردار ادار کریں گے، ہمارا تعلق فرقہ سے ہے فرقہ واریت سے نہیں، ہم پاکستان میں بسنے والے ہندووں اور عیسائیوں سمیت ہر مکتب فکر کے افراد کو ساتھ لے کر چلیں گے انشاء اللہ 5 جنوری کو ایم ڈبلیو ایم، سنی اتحاد کونسل اور وائس آف شہدائے پاکستان کی جانب سے کنونشن سنٹر اسلام آباد میں منعقد ہونیوالا کنونشن ملکی تاریخ کا ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب مل کر دہشت گردوں کا راستہ روکیں گے اور اپنی پرامن جدوجہد کے ذریعے حکمرانوں کو دہشت گردی کے حوالے سے پالیسیاں تبدیل کرنے پر مجبور کر دیں گے۔ انہوں نے چہلم امام حسین (ع) کی طرح ربیع الاول میں جشن عید میلادالنبی (ص) بھی مل کر اجتماعی قوت سے شان و شوکت کے ساتھ منانے کا اعلان کیا۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے خاتمہ، فرقہ واریت کے تدارک، امن و امان کی بحالی، عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور غریب طبقہ کو انصاف مہیا کرنے میں حکومت کی گذشتہ چھ سات ماہ کی کارکردگی انتہائی مایوس کن ہے، حکومت کی جانب سے معاشرے میں اصلاح کا کوئی بھی پہلو نظر نہیں آتا، ہر قومی و عوامی ایشو پر حکومت کی کمزوریاں عیاں ہو رہی ہیں، وزیر خارجہ اور حادثاتی وزیر داخلہ میں اہم قومی ایشوز کے حوالے سے کوئی مثبت پالیسی دینے کی صلاحیت ہی نہیں، اس لیے قائداعظم محمد علی جناح کے پاکستان کو اس کی اصلی حالت میں لوٹانے کے لئے عوام کو خود ہی میدان میں آنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ اب موجودہ ملکی صورتحال پر کوئی بھی محب وطن پاکستانی خاموش نہیں رہ سکتا، حکمرانوں کو دہشت گردوں کے خلاف اپنی رٹ دکھانا ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے دہشت گردوں کے ساتھ مذاکرات کا واویلا کیا گیا، مذاکرات کے راستے بند ہونے کے بعد اب ہر طرف گھپ اندھیرا ہے، کسی کے علم میں نہیں کہ حکمران کیا کر رہے ہیں، اس صورتحال نے عوام کو تذبذب میں مبتلا کر رکھا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انشاءاللہ مجلس وحدت مسلمین، سنی اتحاد کونسل اور وائس آف شہدائے پاکستان عوام کو ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کریں گے جس سے بلند ہونیوالی آواز پر کان دھرنا حکومت کی مجبوری بن جائے گی، انشاءاللہ پانچ جنوری کو اسلام آباد میں منعقد ہونیوالا کنونشن ملکی تاریخ کا رخ موڑ دے گا، جس میں ہم اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی کا کہنا تھا کہ اس اہم کنونشن میں پاکستان میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے شیعہ و سنی شہداء کے لواحقین کے علاوہ پاک فوج اور پولیس کے شہداء کے لواحقین اور اقلیتی برادری کے متاثرین کو بھی مدعو کیا جائے گا۔
وحدت نیوز (کراچی) کراچی سےبلدیاتی انتخابات میں بھر پو ر حصہ لیں گے،مختلف یونین کونسلز میں آزاد اور مشترکہ حیثیت سے حصہ لینے کے لئے حکمت عملی مرتب کر لی ہے ، سنی اتحاد کونسل ، پاکستان پیپلز پارٹی ، عوامی نیشنل پارٹی اور دیگر سیاسی جماعتوں سے مسلسل رابطے جاری ہیں، پہلوان گوٹھ کے حلقے سے بھی بلدیاتی انتخابات میں بھر پور
حصہ لیا جائے گا، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے سیکریٹری امور سیاسیات علی حسین نقوی نے پہلوان گوٹھ کے دورے کے دوران تنظیمی کارکنان سے خظاب کر تے ہو ئے کیا ۔
ان کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کر اچی میں اپنی سیاسی شناخت کے ساتھ بلدیاتی انتکابات میں بھر پور حصہ لینے کے لئے تیار ہے ، کراچی کے چھ اضلاع کی مختلف یونین کونسلز میں آزاد اور مشترکہ پینلز کی تشکیل کے حوالے سے مختلف سیاسی جماعتوں کے ساتھ رابطے جاری ہیں انشاء اللہ جلد واضح حکمت عملی کا اعلان کر دیا جائے گا ، پہلوان گوٹھ میں بھی ایم ڈبلیو ایم بلدیاتی الیکشن میں حصہ لے گی۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان پنجاب کے صوبائی سیکرٹریٹ میں قائداعظم محمد علی جناح کی یوم پیدائش کے حوالے سے خصوصی تقریب کا اہتمام ہوا۔ تقریب کے مہمان خصوصی علامہ عبدالخالق اسدی جبکہ صدارت علامہ ابوذر مہدوی نے کی۔ تقریب میں ضلع لاہور کے تمام ممبران اور علاقہ کے عمائدین شریک ہوئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید اسد عباس نقوی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پنجاب نے کہا کہ پاکستان کو درپیش مشکلات کی اصل وجہ بانی پاکستان بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے زریں اصولوں پر عمل پیرا نہ ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کو قائداعظم اور علامہ اقبال کی امنگوں کے مطابق بنانے کیلئے بہت سے اہم فیصلے کرنے ہوں گے، قائداعظم کے پاکستان میں شدت پسندوں کیلئے کوئی جگہ نہیں، جو کوئی بھی اسلحہ اور بندوق کے زور پر بات کرتے ہیں وہ نہ پاکستان کے خیر خواہ ہیں نہ اسلام کے۔
سید اسد عباس نقوی نے کہا کہ پاکستان مسلمانوں کیلئے بنا تھا اور مسلمان کبھی بھی شدت پسند نہیں ہوتے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج قائدِاعظم اور علامہ اقبال کی روح ہم سے سوال کر رہی ہے کیا ہم نے اس لئے پاکستان بنایا تھا کہ یہاں مسلمان مسلمان کے گلے کاٹیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کی غیور عوام کو قائداعظم کے اصل پاکستان کا چہرہ سامنے لانے کیلئے ان حیوان صفت درندوں دہشت گردوں کیخلاف اٹھ کھڑا ہونا ہو گا تاکہ پاکستان میں امن کا بول بالا ہو، اس کے ساتھ ان جاگیرداروں اور سرمایہ کاروں کے تسلط سے بھی وطن عزیز کو نکالنا ہو گا جو ملک کی ترقی کیلئے نہیں بلکہ دولت اور سرمایہ بڑھانے کیلئے اقتدار پر قابض ہوتے ہیں۔ تقریب سے ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے سربراہ علامہ عبدالخالق اسدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ہماری اقلیتی برادری مسیحی بھائیوں کیلئے بھی خوشی کا دن ہے، حضرت عیسیٰ کی یوم ولادت باسعادت کا دن ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو مسلمانوں کے بھی پیغمبر اور نبی تھے اور ساتھ میں پاکستان کے اس عظیم رہنما کی ولادت کا دن بھی ہے جس کی بدولت آج ہم سکھ کا سانس لے رہے ہیں، قائداعظم محمد علی جناح نے برصغیر کے مسلمانوں کیلئے اپنی آخری سانس تک جدوجہد کر کے وطن عزیز پاکستان کو ہمارے لئے حاصل کیا لیکن افسوس کا مقام یہ ہے کہ آج ہم نے قائد کے رہنما اصولوں کو فراموش کر کے ملک کو اغیار کے رحم و کرم پر اس ملک کو چھوڑا ہوا ہے، ہمارے سیاستدان کرپٹ، ہمارے ادارے زبوں حالی کا شکار ہیں، ہمیں آج یہ فیصلہ کرنا ہو گا کہ قائداعظم کا پاکستان چاہئے یا انتہا پسندوں کا؟ تقریب کے اختتام پر وطن عزیز کی سلامتی اور استحکام کیلئے علامہ ابوذر مہدوی نے خصوصی دعا کی۔
وحدت نیوز(راولپنڈی) ڈھوک حسو میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروںکی بے حم گولیوںکا نشانہ بناے بننے والے ایم ڈبلیو ایم کے کارکن مظہر علی مبارک شہیدکا جسد خاکی سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں آہوں اور سسکیوں کی فضا میں ڈھوک حسو کے قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ، شہید کی نما ز جنازہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری کی اقتداء میں ایم سی گرائونڈ ڈھوک حسو میں ادا کی گئی جس میں ایم ڈبلیو ایم کے دیگر راہنمائوں مولانا سید اسرار حسین گیلانی،علامہ علی شیر انصاری اور مولانا فخر عباس علوی ،سمیت علمائے کرام، ریسکیو گیارہ بائیس کے افسران و ملازمین ، معززین علاقہ اور مختلف مکاتب فکر کی شخصیات نے شرکت کی ، شہید مظہر علی مبارک مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے لیگل ایڈوائزر اور سابق امیدوار برائے قومی اسمبلی اصغر علی مبارک کے بھائی اور ریسکیو گیارہ بائیس کے ملازم تھے، ان پر بیس دسمبر کو ڈھوک حسو میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کی ٔجس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے تھے ، انہیں علاج معالجے کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال راولپنڈی داخل کرایا گیا جہاں وہ پانچ روز تک موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ، مجلس وحدت مسلمین پاکستان سمیت مختلف مذہبی ، سیاسی و سماجی تنظیموں نے مظہر علی مبارک کی ٹارگٹ کلنگ کی پر زور مذمت کرتے ہوئے سفاک قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے ۔
وحدت نیوز(راولپنڈی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصرعباس جعفری نے کہا ہے کہ راولپنڈی میں اربعین شہدائے کربلا کے تاریخی جلوس عزا میں لاکھوں عاشقان حسین ؑ کی شرکت کربلائے عصر میں یزیدیت کی عبرتناک شکست اور حسینیت کی فتح کا اعلان ہے، جلوس میں مردوخواتین م بزرگوں اور بچوں نے ہزاروں کی تعداد میں شریک ہو کر عزاداری مظلوم کربلاکے خلاف ہونیوالی ناپاک سازش کو ناکام بنایا اور حسینی ؑ و زینبی ؑ کردار ادا کے ثابت کر دیا کہ جب تک اس پاک دھرتی پر ایک بھی حسینی زندہ ہے ، نواسہ رسول کی عزاداری رہے گی ، وہ راولپنڈی کے مرکزی جلوس اربعین کے اختتام پر میڈیا نمائندوں سے بات چیت کر رہے تھے ، انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کے اس تاریخی جلوس میں تمام تر خطرات اور شدت پسندوں کی جانب سے ملنے والی دھمکیوں کے باوجود کنیزان زینب و رباب نے اپنے شیر خوار بچوں کے ہمراہ ہزاروں8 کی تعداد میں شریک ہو کر ثابت کیا کہ کہ جب بھی حسینیت پر کوئی آنچ آئی تو وہ گھروں میں نہیں بہ بیٹھیں گی بلکہ ثانی زہرا ؑ کی سنت ادا کرتے ہوئے سیدالشہدا کی عزادری کا تحفظ کریں گی ، ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ دنیا نے دیکھا کہ جو عناصر جو عزادری کے خاتمہ ، اسے محددو کرنے اور جلوسوں کے روٹس تبدیل کرانے کی سازشیں کر رہے تھے آج کی اس عبرتناک شکست کے بعد اپنے زخم چاٹنے پر مجبور ہیں ، عاشقان کربلا نے اس جلوس کو باوقار انداز میں نکال کر بتلا دیا کہ انہیں دنیا کی کوئی طاقت خوفزدہ نہیں کر سکتی،ہماری جان، ہمارا مال ، ہمارا سب کچھ حسین ؑ کا ہے ، غم حسین ؑ ہماری زندگی ہے ، یہ وہ غم ہے جو انسانوں کو انسانیت کا شعور دیتا ہے ، ہم سب کچھ قربان سکتے ہیں لیکن اس غم کو اپنے سینوں سے جدا نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہا کہ ماتم کے لئے اٹھنے والا عزادار کا ہر ہاتھ یزیدیت کے لئے طماچہ ہے ، یہ نوحے یہ ماتم ثانی زہراؑ کی سنت ہے جسے اس معظمہ بی بی نے کربلا سے کوفہ ، کوفہ سے شام ، شام سے کربلا اور کربلا سے مدینے تک جاری رکھا ، آج دنیا پر واضح ہو گیا کہ ایک طرف یزیدی ہیں اور دوسری طرف حسینی ، یزیدی طبقہ خود پر اہلسنت کا لیبل لگا کر اپنے مکروہ عزائم کی تکمیل کے لئے سرزمین پاکستان پر فرقہ واریت کی آگ بھڑکانہ چاہتا ہے، سانحہ عاشورہ کے بعد بردارن اہلسنت نے اپنے عملی کردار سے ثابت کیا کہ وہ حسینی ہیں ، جو عزادری کی مخالفت کرتا ہے وہ یزیدی ہے ، یزید پر کل بھی لعنت تھی ، آج بھی ہے اور قیامت تک لعنت اس کا مقدر رہے گی، علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ہزاروں افراد کا یہ عظیم ا لشان جلوس کتنا پر امن تھا ، کہیں کوئی پتہ نہیں ہلا ، کہیں کسی کا کوئی نقصان نہیں ہوا ، کسی کو نقصان پہنچانا حسینیوں کی فطرت میں ہی نہیں ، یوم عاشور کو فساد برپا کرنے کے لئے اسی یزیدی ٹولے نے دکانیں جلائیں ، اور بے گناہ عزادروں کو جیلوں میں ڈالا گیا ، انشاء اللہ ہم ایک ایک ماتمی اور عزادار کو آزاد کرائیں گے پنجاب اور مرکز کی حکومتیں بھول جائیں کہ وہ انہیں مزید جیلوں میں رکھ سکیں گی ، جس جیل میں عزادروں کو بند رکھا گیا وہ جیل نہیں رہے گی ، یہ بے گناہ اسیر ہمارے سر کا تاج ہیں،انشاء اللہ ان کی با عزت رہائی کے لئے ہر میدان میں یزیدیت سے لڑیں گے ۔
وحدت نیوز (راولپنڈی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے چہلم امام حسین ؑ کے موقع پر راولپنڈی سمیت پورے ملک میں سیکورٹی انتظامات کو مثالی قرار دیتے ہوئے امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے پر حکومت، پولیس انتظامیہ اور سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے ، امام بارگاہ قدیمی راولپنڈی میں جلوس عزا کے اختتام پر عزاداروں سے خطا ب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ شفقت حسین شیرازی نے کہا کہ حکومت اور سیکورٹی فورسز کی مخلصانہ کوششوں کے نتیجے میں راولپنڈی سمیت ملک بھر میں کہیں بھی کوئی بڑا ناخوشگوار واقعہ نہیں ہوا ، حساس ترین جلوس کا بخیریت منزل پر پہنچنا ثابت کرتا ہے کہ حکومت اور ادارے خلوص نیت سے کام کریں تو ہر سازش کا راستہ روکا جا سکتا ہے ،پولیس اور سیکورٹی فورسز کے موثر کرادار کے نتیجے میں راولپنڈی میں شدت پسندوں کی جانب سے ملنے والی دھمکیوں کے باوجود ان کے مذموم8 ارادے خاک میں مل گئے ، علامہ شفقت شیرازی نے اتحاد ، اخوت ، بھائی چارے اور بین ا لمسالک ہم آہنگی کی فضا برقرار رکھنے پر راولپنڈی کے تاجروں ، اور برادران اہلسنت سمیت تمام مکاتب فکر کا شکریہ ادا کیا ، ان کا کہنا تھا کہ شیعہ سنی اتحاد کی قوت سے نہ صر ف سانحہ عاشورہ راجہ بازار کی آڑ میں ہونیوالی ملک میں فتنہ و فساد پھیلانے کی سازش ناکام ہوئی بلکہ سرزمین پاکستان پر بین مسالک ہم آہنگی کاایسا ماحول پیدا ہوا جس کے نتیجے میں ملک و ملت کے خلاف ہونیوالی کوئی بھی اندرونی و بیرونی سازش کامیاب نہیں ہو سکے گی ۔انہوں نے حکومت انتظامیہ اور سیکورٹی اداروں سے اپیل کی کہ ماہ ربیع الاول کے دورا ن منعقد ہونیوالی میلاد البنی ؐ کی محافل اور جلوسوں کے دوران بھی اسی نوعیت کے فول پروف انتظامات کئے جائیں تاکہ شدت پسندوں کو اس ماہ مبارک میں بھی کسی تخریبی کاروائی کا موقع نہ مل سکے ، ان کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین بین المسالک ہم آہنگی اور ملت اسلامیہ کی وحدت پر یقین رکھتی ہے ، انشاء اللہ محرم الحرام اور صفر کے ایام کی طرح ماہ ربیع الاول میں بھی بین المسالک ہم آہنگی کی یہ فضا بر قرار رکھی جائے گے اور جشن میلاد النبی ؐ کی مناسبت سے نکالے جانیوالے جلوسوں کے خلاف کوئی بھی استعماری سازش کامیاب نہیں ہونے دے گی،انہوں نے جلوس عزا کے اختتامی خطاب میں ملک کی سلا متی و استحکام ، ترقی و خوشحالی اور امن و امان کے حوالے سے خصوصی دعا کرائی ۔
وحدت نیوز(راولپنڈی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی جانب سے تشکیل کر دہ اسیران امامیہ کی رہائی کمیٹی کے رکن اور سابق امیدوار برائے قومی اسمبلی اصغر علی مبارک کے بھائی مظہر علی مبارک زخموں کی تاب نہ لاکر شہید ہو گئے ، مظہر مبارک کی نماز جنازہ آج شام چار بجے علی منزل نواب کالونی ڈھوک حسوراولپنڈی میں علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی زیر اقتداء ادا کی جائے گی، مظہر علی مبارک کو پانچ روز قبل تکفیری دہشت گردوں نے اس وقت فائرنگ کر کے شدیدزخمی کر دیا تھا جب وہ مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے قدیمی امام بارگاہ میں منعقدہ یوم عشق عزائے حسین (ع) کے اجتماع مین شرکت کے بعد واپس اپنے گھر آرہے تھے ، مظہر مبارک کو شدید زخمی حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹراسپتال منتقل کیا گیا جہاں پانچ روز تک زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد آج وہ جام شہادت نوش کر گئے ۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ راجہ ناصر عباس جعفری ، علامہ سید شفقت شیرازی ، علامہ اصغر عسکری ، علامہ علی شیر انصاری و دیگر نماز جنازہ میں شرکت کریں گے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) راولپنڈی کاجلوس اربعین مومنین کی بڑی آزمائش تھا ، تمام ملت تشیع اس عظیم کامیابی پر شکرانے کے نوافل ادا کریں اور ناصر ملت کی صحت و سلامتی کی خصوصی دعائیں کی جائیں ،امام زمانہ عج کے لشکر کا سپاہی راجہ ناصرعباس ہمارے لئے کسی نعمت سے کم نہیں ، جس بہادری اور شجاعت کے ساتھ کٹھن حالات میں انہوں نے قوم کو حوصلہ دیا وہ قابل رشک ہے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل و ترجمان علامہ سید حسن ظفر نقوی نے مرکزی سیکریٹریٹ اسلام آباد سے جاری اپنے بیان میں کیا ۔
ان کا کہنا تھا کہ سانحہ عاشورہ راولپنڈی کے بعد جس منظم پلاننگ کے تحت عزاداری سید الشہداء علیہ السلام کو محدود کر وانے کی سازش کی گئی ایسی سازش پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں کی گئی ، لیکن یہ خون امام حسین(ع) کا صدقہ ہے کہ عزاداروں نے استقامت کا مظاہرہ کیا اور علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے بر وقت رہنمائی فرمائی اور عزادار کسی قسم کے خوف اور دہشت کا شکار نہیں ہو ئے ، یہ سب کچھ لطف خداوندی اور تائید امام زمانہ عج کے بدولت ہی ممکن ہوا کہ راولپنڈی سمیت ملک بھر میں جلوس چہلم امام حسین (ع) پہلے سے زیادہ پر شکوہ انداز میں برآمد ہو ئے اور عزاداری سید الشہداء علیہ السلام کے دشمن ناکام و نامراد ہو ئے۔ اس موقع پر انہوں نے تمام مومنین و مومنات کو مخاطب کر تے ہو ئے کہا کہ بارگاہ رب العزت میں سجدہ ریز ہو کر نماز شکرانہ اداکی جائے اور ناصر ملت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کو اپنی خصوصی دعائوں میں یاد رکھیں کہ جن کی شب و روز انتھک محنت اور رہنمائی کی بدولت قوم نے میدان میں حاضر رہ کر دشمنان دین کو مایوس کیا ۔
وحدت نیوز(راولپنڈی) اربعین حسینی راولپنڈی کے جلوس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیوایم کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی کا کہنا تھا کہ خطرات کا سامنا کرنا نئی بات نہیں، حسینیت گذشتہ چودہ سو سالوں سے امتحانات کا سامنا کرتی آئی ہے لیکن حسینی میدان میں حاضر رہے اور اسلام حقیقی کو زندہ رکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام کے پاس دو گراں بہا چیزیں ہیں، ایک سجدہ شبیری اور دوسرا ضرب یداللہی، اور حقیقی مسلمان ان دو کا وارث ہے۔ شیعہ اور سنی میں تفرقہ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن یارسول اللہ (ص) اور یاحسین (ع) کہنے والے ایک اور متحد ہیں۔ جب تک شیعہ سنی بھائی بھائی کا نعرہ گونجتا رہے گا کسی سفیانی، اموی تکفیری کو سر اٹھانے کی جرات نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وہ کیسا مسلمان ہے جو اپنے رسول (ص) کے میلاد اور اپنے رسول (ص) کے نواسے کے ذکر کا دشمن ہے۔ راولپنڈی میں یوم عاشور پر رونما ہونے والا واقعہ عزاداری کو روکنے کی ناکام کوشش تھی، جس کے بعد سنی شیعہ نے مل کر عزاداری کا دفاع کیا۔
علامہ امین شہیدی نے کہا کہ آج چہلم پر حسینیوں کا جم غفیر اس بات کا غماز ہے کہ عزاداری کے خلاف ہونے والی تمام سازشیں ناکام ہوگئیں، آج انتظامیہ نے ہم پر پانی بند کیا، مگر وہ اس بات سے غافل ہیں کہ یہ نمازی اور عزادار غسل شہادت کرکے نکلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حسینیوں کے ساتھ ساتھ زینبیات کی کثیر تعداد نے بھی دشمن کو خوفزدہ کر دیا ہے۔ علامہ امین شہیدی نے شرارتی عناصر کو اس موقع پر متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی شیطانی، ابولہبی، عباسی یا تکفیری ہماری صفوں میں موجود ہیں یا باہر سے شرارت کا ارادہ رکھتے ہیں تو جان لیں کہ اگر انتظامیہ نے انہیں نہ روکا تو انہیں روکنے کا طریقہ خوب جانتے ہیں۔ پاکستان بھر میں کسی بھی جلوس کے راستے میں لمحہ بھر کی رکاوٹ بھی برداشت نہیں کی جائے گی۔ جس طرح عزاداری کے جلوسوں میں سنی شیعہ یکجا اور متحد تھے، اسی طرح میلاد کے جلوسوں میں بھی سنی و شیعہ یکجا اور متحد ہوں گے۔
علامہ امین شہیدی کا کہنا تھا کہ آج چہلم امام حسین (ع) کے موقع پر کئے گئے سیکورٹی انتظامات نے ثابت کر دیا کہ اگر حکومت اور ادارے اپنے فرائض خوش اسلوبی کے ساتھ سر انجام دیں تو کسی بھی شدت پسند یا فسادی طبقے کو امن و مان کی صورتحال سے کھیلنے کا موقع نہیں مل سکتا، انہوں نے اتحاد اخوت اور مذہبی رواداری کی فضا برقرار رکھنے پر راولپنڈی کے تاجروں اور برادران اہلسنت سمیت ہر مکتب فکر کے افراد کو خراج تحسین پیش کیا اور توقع ظاہر کی کہ اتحاد یکجہتی اور مذہنی رواداری کی یہ فضا بر قرار رکھی جائے گی۔ جلوس راجہ بازار و مدرسہ تعلیم القرآن کے سامنے سے گزرتا ہوا امام بارگاہ قدیمی پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ جلوس کی مانیٹرنگ کیلیئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی جانب سے مرکزی دفتر اور قدیمی امام بارگاہ میں دو الگ الگ کنٹرول رومز بنائے گئے تھے۔
وحدت نیوز(راولپنڈی) سانحہ راجہ بازار کے بعد پیدا ہونیوالی بے یقینی کی صورتحال کے باوجود راولپنڈی میں چہلم امام حسین (ع) کا جلوس انتہائی پرامن رہا اور جلوس کے پورے روٹ پر کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوا، مرکزی جلوس کی قیادت مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ ناصرعباس جعفری، شیعہ علماء کونسل کے سربراہ علامہ ساجد نقوی، ایم ڈبلیوایم کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی اور تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے رہنماؤں نے کی۔ چہلم کا مرکزی جلوس امام بارگاہ کرنل مقبول حسین سے برآمد ہوا جس میں امام بارگاہ عاشق حسین تیلی محلہ، امام بارگاہ یادگار حسینی، امام بارگاہ حفاظت علی شاہ اور شہر کے دیگر علاقوں سے آنیوالے جلوس بھی شامل تھے۔ شرکائے جلوس نے فوارہ چوک میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی کی اقتدا میں نماز ظہرین ادا کی، نماز باجماعت کا اہتمام امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان راولپنڈی ڈویژن نے کیا۔ اس موقع علامہ امین شہیدی نے عزداروں سے مختصر خطاب بھی کیا، انہوں نے جلوس کے دوران برادران اہلسنت سمیت مختلف مکاتب فکر کی جانب سے شہر میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے کی جانیوالی کاوشوں اور سکیورٹی کے حوالے سے حکومت و انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے انتظامات کو سراہا۔
علامہ امین شہیدی کا کہنا تھا کہ آج چہلم امام حسین (ع) کے موقع پر کئے گئے سکیورٹی انتظامات نے ثابت کر دیا کہ اگر حکومت اور ادارے اپنے فرائض خوش اسلوبی کے ساتھ سر انجام دیں تو کسی بھی شدت پسند یا فسادی طبقے کو امن و امان کی صورتحال سے کھیلنے کا موقع نہیں مل سکتا، انہوں نے اتحاد، اخوت اور مذہبی رواداری کی فضا برقرار رکھنے پر راولپنڈی کے تاجروں اور برادران اہلسنت سمیت ہر مکتب فکر کے افراد کو خراج تحسین پیش کیا اور توقع ظاہر کی کہ اتحاد، یکجہتی اور مذہبی رواداری کی یہ فضا برقرار رکھی جائے گی۔ جلوس راجہ بازار و مدرسہ تعلیم القرآن کے سامنے سے گزرتا ہوا امام بارگاہ قدیمی پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ جلوس کی مانیٹرنگ کیلئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی جانب سے مرکزی دفتر اور قدیمی امام بارگاہ میں دو الگ الگ کنٹرول رومز بنائے گئے تھے۔
امام بارگاہ قدیمی میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ شفقت شیرازی ہمہ وقت موجود رہے اور جلوس کی لمحہ بہ لمحہ صورتحال پر نظر رکھی۔ جلوس کے راستے میں برادران اہلسنت اور دیگر تنظیموں کی جانب سے عزاداروں کے لئے دودھ کی سبیلیں لگائی گئیں، جلوس کی سکیورٹی کے فرائض مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے شعبہ جوان وحدت یوتھ، وحدت اسکائوٹس بوائز اور وحدت سکائوٹس گرلز نے سرانجام دیئے، جبکہ حکومت کی جانب سے تعینات گئے پولیس و رینجرز اہلکاروں کے ساتھ ساتھ امامیہ اسکائوٹس، ابراہیم اسکائوٹس، مختار فورس اور جے ایس او کے جوانوں نے بھی بھرپور کردار ادا کیا۔ جلوس کے آخر میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ شفقت حسین شیرازی نے اختتامی دعا کرائی۔