The Latest
وحدت نیوز ( اسلام آباد ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی سینٹرل پولیٹیکل کونسل کا اہم اجلاس کل 15ستمبر کو لاہور میں منعقد ہو گا ، مرکزی سیکریٹری امور سیاسیات ناصر عباس شیرازی ایڈووکیٹ نے وحدت میڈیاسیل کو جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی زیر قیادت ہو نے والے اس اجلاس میں موجودہ قومی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کے ساتھ آئندہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اہم فیصلہ جات متوقع ہیں ، اس اہم اجلاس میں ملک بھر سے پو لیٹیکل کونسل کے عہدیداران شرکت کریں گے ، ناصر شیرازی کاکہنا تھا کہ سینٹرل پولیٹیکل کونسل بلدیاتی انتخابات میں مجلس وحدت مسلمین کی شمولیت کے حوالے سے انتہائی اہم مشاورت بھی کرے گی ، جس کی تفصیلات جلد نشر کر دی جائیں گی ۔
وحدت نیوز(میرپور) مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر ضلع میرپور کے زیر اہتمام مصراور شام کی عوام سے اظہار یکجہتی اور امریکہ و عرب ممالک کی سازشوں کے خلاف احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا، ریلی کی قیادت سید محمد رضاشاہ بخاری سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر ضلع میرپور ، علامہ سید تنویر عباس شیرازی ، سیدقمبر عباس اور سید قیصر شیراز نے کی،ریلی امام بارگاہ امامیہ سے پریس کلب تک نکالی گئی، ریلی پریس کلب کے سامنے ایک جلسے کی شکل اختیار کر گئی، ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سید محمد رضا شاہ بخاری سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر ضلع میرپور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ناصر ملت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری و سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم آزاد کشمیر علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی کی ہر کال پر لبیک کہنے کو ہمہ وقت تیار ہیں، آج کا یہ احتجاجی جلسہ امریکی سازشوں اور عرب ممالک کا شام میں گھناؤنے کردار کے خلاف ہے،شام میں عرب ممالک نے انتہائی مجرمانہ کردار ادا کیا ہے ، شام میں اصحاب رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اور اہلبیت اطہار علیھم السلام کے روضوں پر حملے کئے گئے ، حضرت عمار یاسر اور حضرت اویس قرنی کے مزارت کو بموں سے حملہ کر کے مسمار کیا گیا، کیا عرب ممالک یہی چاہتے ہیں کہ نبی مکرم ﷺ کے چاہنے والوں کے مزارات بھی اس دنیا میں نہ رہیں ، اور پھر عرب ممالک یہ کہتے ہیں اپنے آقا امریکہ سے کہ حملہ تم کرو ، خرچ ہم برداشت کریں گے، کیا مدد فراہم کی جا رہی استعمار کی مضبوطی اور مسلمانوں کا بے گناہ خون بہانے کے لیئے، ہم امریکہ جو کہ خود ایک دہشت گرد ہے ، اس نے ساری دنیاکا جو ٹھیکہ اُٹھایا ہواہے ، اور جو افغانستان میں القاعدہ کے خلاف برسر پیکار تھا ، آج خود القاعدہ کی فضائی فوج بنا ہوا ہے، ہم پاکستان حکومت کے اس فیصلے ، شہدا کے قاتلوں سے مذاکرات کیئے جائیں، ان کے مطالبات مانیں جائیں، انہیں مضبوط کیا جائے، ہم اس فیصلے کو بھی تسلیم نہیں کرتے اور ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ دہشت گردوں کو کچلا جائے ، انہیں مملکت خداداد سے نکالا جائے ، ان کے ٹھکانوں تک ان پیچھا کیا جائے ، کیوں کہ سانپ کو پالا نہیں جاتا بلکہ اس کا منہ کچلا جاتا ہے کہ یہ ڈس نہ جائے، ریلی سے علامہ سید تنویر عباس شیرازی، سید قمبر عباس اور سید قیصر شیراز نے بھی خطاب کیا۔
وحدت نیوز (کوئٹہ ) طالبان سے مذاکرات اور شام پر ممکنہ امریکی حملے کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کےسربراہ علامہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر کوئٹہ کے مرکزی امام بارگاہ کلاں میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ جس سے ایم ڈبلیو ایم کی شوریٰ عالی کے رکن و امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی اور مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سیکرٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے خطاب کیا۔ احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید ہاشم موسوی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی حکومت ایک ایسے دہشتگرد گروہ سے مذاکرات کرنا چاہتی ہے، جو پاکستان کے آئین کو نہیں مانتے۔ طالبان دہشتگردوں سے مذاکرات کرنا پاکستانی شُہداء کے خون کو اپنے سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنے کے مترادف ہوگا۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ احتجاجی مظاہرے کے شرکاء نے امریکہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور شام سے اظہار یکجہتی کیا۔
وحدت نیوز (راولپنڈی ) ملک بھر کی طرح راولپنڈی میں بھی مجلس وحدت مسلمین ضلع راولپنڈی اسلام آباد کے زیراہتمام شام پر ممکنہ امریکی حملے اور مصر میں فوجی مداخلت کیخلاف لیاقت باغ راولپنڈی پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں جڑواں شہروں سے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرے کی قیادت مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ترجمان علامہ اصغر عسکری نے کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے، جن پر مصر اور شام کے حق میں نعرے درج تھے۔ مظاہرین سے ضلع اسلام آباد کے سیکرٹری جنرل ظہیر نقوی، راولپنڈی کے سیکرٹری جنرل سعید رضوی اور ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے ترجمان علامہ اصغر عسکری نے خطاب کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ شام پر ممکنہ امریکی حملہ عالم اسلام پر حملہ ہوگا، مسلم ممالک امریکہ کو جارحیت سے روکنے کیلئے بھرپور کردار ادا کریں۔ مقررین کی طرف سے پیسہ ہم دیں گے اور حملہ تم کرو، کی عرب ممالک کی پیشکش کی بھی شدید مذمت کی گئی۔
مقررین کا کہنا تھا کہ عالم اسلام پر یہ کیسا وقت آن پڑا ہے کہ مسلمان ممالک ایک مسلم ملک پر یہود و نصاریٰ کے حملے کے منتظر ہیں اور دعوت دے رہے ہیں۔ مقررین نے مصر میں جمہوری حکومت کے خاتمے اور عرب ممالک کی جانب سے فوجی مداخلت کی حمایت کی شدید مذمت کی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ خادمین حرمین شریفین کا پتہ لگ چکا ہے کہ وہ کس کے خادم اور خدمت گذار ہیں۔ مقررین نے آل پارٹیز کانفرنس میں طالبان سے مذاکرات کی بھی شدید مذمت کی اور کہا کہ پچاس ہزار پاکستانیوں کے قاتلوں سے مذاکرات کسی صورت قبول نہیں ہیں۔ شہداء کے لواحقین کو اعتماد میں لئے بغیر مذاکرات کرنا ملک سے غدار ہوگی۔
وحدت نیوز (پشاور ) مجلس وحدت مسلمین ضلع پشاور کے زیر اہتمام شام اور مصر کے مظلومین کی حمایت اور امریکہ و اسرائیل نواز قوتوں کیخلاف پشاور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر امریکہ اور اسرائیل کیخلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ شام اور مصر میں امریکہ، اسرائیل اور بعض عرب ممالک کی وجہ سے ہزاروں بے گناہ مسلمانوں کا خون ناحق بہا ہے۔ اگر مسلمان اب بھی بیدار اور متحد نہ ہوئے تو آگ اور خون کا یہ سلسلہ مزید مسلم ممالک تک پھیل جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ افسوس کیساتھ کہنا پڑتا ہے کہ اپنے آپ کو خادمین حرمین کہلانے والے پہلے شام میں دہشتگرد باغیوں کو سپورٹ کرتے رہے اور پھر مصر میں ایک جمہوری اسلامی حکومت کو ختم کرانے میں کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک اہم اسلامی ملک ہے، اگر حکومت پاکستان اپنا مثبت کردار ادا کرے تو شام اور مصر کے حالات میں بہتری آسکتی ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ مسلم ممالک امریکہ اور اسرائیل کے مفادات کا تحفظ کرنے کی بجائے مسلم عوام کی بہتری اور فلاح کیلئے اقدامات کریں۔ اگر امریکہ نے شام پر حملہ کی کوشش کی تو پاکستان میں بھی اس کے مفادات محفوظ نہیں رہیں گے۔ مقررین نے کہا کہ حکومت پاکستان امریکی اتحاد کو خیر باد کہہ کر روس، چین اور ایران کیساتھ اتحاد قائم کرے۔ انہوں نے آل پارٹیز کانفرنس کی جانب سے طالبان کیساتھ مذاکرات کو مسترد کرتے ہوئے آپریشن کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر درج ذیک قرار دادیں بھی پیش کی گئیں۔
حکومت پاکستان شام پر امریکہ حملہ رکوانے اور مصر میں صدر مرسی کی حکومت کی بحالی میں کردار ادا کرے۔
پاکستان سے دہشتگردی کی شام روانگی کو فوری طور پر روکا جائے۔
طالبان کیساتھ مذاکرات کی بجائے آپریشن کا راستہ اختیار کیا جائے۔
وحدت نیوز(کوئٹہ ) مجلس وحدت مسلمین کی شوریٰ عالی کے رکن و امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی کا نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب میں کہنا تھا کہ اگر امریکہ شام پر حملہ کریگا تو اس دلدل میں غرق ہوجائے گا۔ البتہ ان تمام حالات میں مسلمانوں نے منافقین کے اصل چہرے کو پہچان لیا ہے، کہ جو لوگ یارسول اللہ اور یاعلی مدد کے مقدس نعروں کو شرک کہتے تھے، وہ اب امریکہ سے مدد مانگتے نظر آتے ہے۔ اب دنیا کے مسلمانوں نے حرمین شریفین کے خدمت کا دعویٰ کرنے والوں کے ناپاک اور مکروہ چہرے کو پہچان گئے ہیں۔
امام جمعہ کوئٹہ کا حالیہ اے پی سی میں حکومت کی جانب سے دہشتگردوں کیساتھ مذاکرات کے فیصلے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ قرآن کی رو سے دہشتگردوں اور قاتلوں کو سزاء ملنی چاہیئے۔ لیکن ہمارے حکمران اور بعض سیاستدان قرآنی تعلیمات کو پس پشت ڈالتے ہوئے قاتلوں اور دہشتگردوں سے مذاکرات کے سلسلے میں متفق ہوچکے ہے، جو درحقیقت پاکستان کے مظلوم عوام خصوصاً پسماندگان شُہداء کیساتھ ایک کھلا مذاق ہے۔ درحقیقت مذاکرات کے نتیجے میں دہشتگردوں کو ایک فرصت اور مہلت فراہم کرنا ہے، تاکہ اُنکے مقدمات ختم ہوکر اُنکے قیدی رہا ہوجائیں اور وہ دوبارہ عوام کے جان و مال پر حملہ کرسکیں۔
وحدت نیوز (ملتان ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر ملک بھر کی طرح ملتان میں بھی یوم احتجاج منایا گیا۔ اس سلسلے میں مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے زیراہتمام بعد از نماز جمعتہ المبارک جامع مسجد الحسین (ع) نیوملتان سے مدنی چوک تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت مجلس وحدت مسلمین ملتان کے سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد عباس صدیقی، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان ملتان کے ڈویژنل صدر تہور حیدری نے کی۔ ریلی کے شرکاء نے مجلس وحدت مسلمین اور آئی ایس او پاکستان کے جھنڈے، پلے کارڈز، اور بینرز اُٹھا رکھے تھے۔ جن پر امریکہ اسرائیل اور اسلام ومسلمان دشمن عرب ممالک کے خلاف نعرے درج تھے۔
ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین ملتان کے سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی نے کہا کہ امریکہ اور اُس کے حواری ایک بات ذہن نشین کرلیں کہ اگر شام پر کسی بھی طرح کی جارحیت کی گئی اسرائیل کا وجود دنیا سے ختم کردیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ بعض عرب ممالک کے چہرے مسئلہ شام کے حوالے سے کھل کر سامنے آگئے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم ایسی طاقتوں کی شدید مذمت کرتے ہیں جو یہ کہتی ہیں کہ مصر میں امریکہ کی مداخلت ٹھیک نہیں جب کہ شام میں امریکہ مداخلت کرے۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم مصر اور شام دونوں میں امریکی مداخلت کی پُر زور مذمت کرتے ہیں۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد عباس صدیقی اور تہورحیدری نے کہا کہ امریکہ ایک ناپاک سازش کے تحت مصر، شام اور پھر پاکستان میں رسائی حاصل کرنا چاہتا ہے۔ امریکہ اور اُس کے حواری کہ جنہوں نے اسلام کا لبادہ اوڑھ رکھا ہے دراصل اسلام کی جڑیں کاٹنے میں مصروف ہیں۔
وحدت نیوز ( جامشورو) مصر وشام کے مظلومین سے اظہار یکجہتی اور طالبان دہشت گردوں سے مذاکرات کے خلاف مجلس وحدت مسلمین ضلع جامشورو کی جانب سے بعد نماز جمعہ مسجد قباء سے احتجاجی ریلی نکالی گئی ،جو کہ روہڑی سٹی سے ہو تی ہوئی ڈسڑکٹ پریس کلب جامشورو پر اختتام پذیر ہو ئی ، ریلی کی قیادت ضلعی سیکریٹری جنرل کاشف حسین الحسینی نے کی ، اس موقع پر سینکڑوں کی تعداد میں مومنین موجود تھے ، جنہوں نے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے ۔
کاشف حسینی نے خطاب کر تے ہو ئے کہا کہ امریکہ شام پر حملے کی حماقت نہیں کرے گا اور اگر ان نے ایسا کیا تو پو ری دنیا سمیت پاکستان کی سرزمین بھی امریکیوں پر تنگ کر دی جائے گی ۔ شیعہ سنی عوام مل کر امریکی و سعودی حکمرانو ں کے خلاف سراپا احتجاج ہو جائیں گے ، اور ایسا مثالی احتجاج کیا جائے گا کہ تاریخ یاد رکھے گی ۔
وحدت نیوز (تلہار)شام پر ممکنہ امریکی حملے، پاکستان میں جاری ٹارگٹ کلنگ ، طالبان دہشت گردوں سے مزاکرات کے خلاف علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر وحدت یوتھ ونگ ضلع تلہار کی جانب سے بعد نماز جمعہ مرکزی جامع مسجد سے احتجاجی ریلی نکالی گئی جو کہ نیشنل پریس کلب کے سامنے اختتام پذیر ہو ئی ، شرکاء ریلی سے وحدت یو تھ تلہار کے رہنما ارشاد بلوچ اورسلیم رضانے خطاب کیا ، موقع پر مومنین کی بڑی تعداد میں شریک تھی ۔
وحدت نیوز ( حیدرآباد) حکومت کے طالبان سے مذاکرات کی پالیسی کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد جمہوریت ، امن تعلیم اور انسانیت کے دشمن ہیں ان سے مذاکرات نہیں آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے ، سب سے زیادہ دہشت گردی سے ملت تشیع نشانہ بن رہی ہے ، حکومتی پالیسیوں سے لگتا ہے کہ وہ دہشت گردوں کی حامی ہے ، پاکستان میں سب سے زیادہ دہشت گردی سے ملت تشیع نشانہ بنی ہے وزیر داخلہ کو آخر نظر کیوں نہیں آتا ہے سانحہ عباس ٹاؤن ، علمدار روڈ کوئٹہ ، سانحہ ہزارہ ٹاؤن ، سانحہ کوئٹہ ، گلگت بلتستان میں سانحہ چلاس اور بسوں سے جس طرح اتار کر ایک مسلک کے لوگوں کو شہید کیا جاتا ہے اس پر کیوں وزیر داخلہ نے آنکھیں بند کررکھی ہیں ۔
ان خیالات کا اظہارایم ڈبلیو ایم صوبہ سندھ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل عالم کربلائی ،ضلع حیدر آباد کے سیکریٹری جنرل مولانا امداد نسیمی اور عروج تقوی نے قدم گاہ مولا علی (ع) پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، رہنماؤں کا کہنا تھاکہ شام کا قصور یہ ہے کہ وہ اسرائیل کا مخالف ہے اور امریکہ اور دیگر ممالک کو خلیجی ریاستوں میں آمریت کیوں نظر نہیں آتی امریکہ ، اسرائیل اور چند عرب ممالک شام پر حملہ کرکے خطہ کا امن تباہ کرنا چاہتے ہیں امریکہ سن لے آزاد اور خود مختار ممالک میں فوجی مداخلت کا نتیجہ تباہی کے سوا کچھ نہیں نکلتا امریکہ اور اس کے اتحادی شام پر حملہ کرنے سے باز رہیں ، امریکہ کا شام پر حملہ یزید وقت کا خیام حسینی پر حملہ شمار کیا جائیگا شام پر حملے کی صورت میں امریکہ کو شکست کے ساتھ ذلت بھی اٹھانا پڑے گی امریکہ اور اس کے اتحادی کیمیائی ہتھیاروں کا بہانہ تراش کر شام پر حملہ کرنا چاہتا ہے پاکستان ، شام ، یمن ، الجزائر اور مصر میں جاری عالمی دہشت گردی کے خلاف آج احتجاج منایا جارہا ہے ۔ ہمارے ملک پاکستان کی حکومتی پالیسیوں سے لگتا ہے کہ دہشت گردوں کے حامی ہیں ایک جانب دہشت گرد معصوم انسانوں اور عسکری اداروں پر حملے کرکے غداری کے مرتکب ہو رہے ہیں دوسری جانب ان سے مذاکرات کی باتیں کی جارہی ہیں ملک میں کوئی فرقہ واریت نہیں چند گروہ بیرونی آقاؤں کے کہنے پر دہشت گردی کررہے ہیں اور محبت کی جگہ منافقت پھیلا کر عوام کو مایوس کرنا چاہتے ہیں ۔