وحدت نیوز(گلگت) عوامی مینڈیٹ کی رٹ لگانی والی حکومت کو عوام کی کوئی پرواہ نہیں۔عوامی حقوق کی بات کرنے والے عوامی رہنما سید علی رضوی کو دھمکیاں دیکر حکومت نے تمام اخلاقی حدود کو پائمال کردیا ہے۔سید علی رضوی گلگت بلتستان کے مقبول ترین عوامی رہنما ہیں جنہیں دھونس دھمکیوں سے ڈرایا نہیں جاسکتا۔

مجلس وحدت مسلمین گلگت  بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے کہا ہے کہ حکومت دلیل سے بات کرنے والوں کا سامنا کرنے کی بجائے دھونس دھمکیوں پر اتر آئی ہے ۔علاقے کے عوام کے مفاد میں جو بھی تحریک چلانی پڑے پیچھے نہیں ہٹیں گے اور کسی قسم کی دھمکیوں سے ہرگز مرعوب نہیں ہونگے۔حکومت جان لے کہ سید علی رضوی صبر واستقامت کے پیکر ہیں اور عوام میں انتہائی مقبول ہیں ، ان کا کوئی ایک بال بھی ضائع ہوا تو حکومت جان لے ان کے اقتدار کا سورج اسی دن غروب کردینگے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے اور عوام پر ظلم ہوگا تو ہم خاموش نہیں رہ سکتے،حکومت کی غلط پالیسیوں نے عوام کو برانگیختہ کیا ہے اور حکومت کی پالیسیوں پر عوام نے عدم اعتماد کرتے ہوئے سڑکوں کو آباد کیا۔اگر حکومت عوامی مسائل کو حل کردے تو کسی کو کیا ضرورت کہ اپنا کاروبار اور مزدوری ضائع کرکے دھرنوں پر وقت ضائع کرے۔انہوں نے حکومت کو متنبہ کیا کہ سید علی رضوی کو دھمکیاں دینے والوں کے خلاف فوری طور پر کاروائی کرکے قرار واقعی سزا دے ۔انہوں نے چیف سیکرٹری اور فورس کمانڈر سے مطالبہ کیا کہ وہ سید علی رضوی کو ضروری سیکورٹی فراہم کرنے میں ضروری اقدامات کریں۔

وحدت نیوز (گلگت)  میونسپل کمیٹی کے دفتر کو جوٹیال شفٹ کرنا بد نیتی پر مبنی اقدام ہے ۔دفتر کی شفٹنگ سے مسائل میں اضافہ ہوگا ،عوام کی سہولت کیلئے دفتر کی شفٹنگ کا فیصلہ واپس لیا جائے۔مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے میونسپل کمیٹی گلگت کے ہیڈآفس کی شفٹنگ کے فیصلے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے سے گلگت شہر کے عوام براہ راست متاثر ہونگے۔میونسپل کمیٹی سے متعلقہ شکایات اور جملہ مسائل کے حل کیلئے موجودہ دفتر زیادہ موزوں ہے جوٹیال شفٹ کرنے سے عوام الناس کی تکلیفوں میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ آفس تک رسائی ہر کسی کے لئے بس میں ہے اور شہر کے وسط میں واقع ہونے کی وجہ سے شکایات کا اندراج اور دیگر مسائل کیلئے مناسب اور موزوں جگہ ہے جسے تبدیل کرکے جوٹیال لیجانے میں حکومت کی بدنیتی صاف نظر آرہی ہے۔ا نہوں نے چیف سیکرٹری گلگت بلتستان سے مطالبہ کیا کہ وہ مذکورہ آفس کی شفٹنگ کو فوری رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے عوام کوذہنی اذیت میں مبتلا ہونے سے بچائیں۔

وحدت نیوز(گلگت) سید رضی الدین رضوی کی اچانک رحلت سے گلگت بلتستان کی سیاست میں ناقابل تلافی خلا پیدا ہوگیا ہے۔مرحوم نے گلگت بلتستان کے عوامی مسائل اور ان کے حل کیلئے طویل جدوجہد کی ہے۔تحریک جعفریہ کے پلیٹ فارم سے الیکشن جیتنے کے بعد انہوں نے سیاسی میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔سیاسی میدان میں ان کی کاوشوں کو برسوں یاد رکھا جائیگا۔

مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے سید رضی الدین کی اچانک رحلت پر گہرے رنج و دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سید رضی الدین نہایت ہی ملنسار شخصیت کے مالک تھے۔وہ ہمیشہ ظلم کے خلاف اور مظلوم کے ہمدرد رہے ہیں،سیاست میں ید طولیٰ رکھتے تھے اور گلگت بلتستان کے سیاسی ماحول میں انہیں ایک منفرد مقام حاصل تھا۔موصوف نے تحریک جعفریہ کے پلیٹ فارم سے گلگت بلتستان کو پانچویں صوبے کی حیثیت دلوانے کیلئے انتھک محنت کی ہے۔مرحوم امامیہ طلباء کے رہنما کے علاوہ سرگرم کارکن بھی تھے اور علاقے میں اتحاد ووحدت کیلئے ان کی کاوشیں ناقابل فراموش ہیں۔خدا انہیں جوار آئمہ میں جگہ عنایت فرمائے اور لواحقین کو اس ناگہانی مصیبت پر صبر جمیل عطا فرمائے۔

وحدت (گلگت) مجلس وحدت مسلمین ٹیکس کے ایشو پر عوامی ایکشن کمیٹی اور انجمن تاجران کی ہڑتال کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ آئینی حقوق کے بغیر ٹیکس لگانا انتہائی زیادتی ہے حکومت وزیروں اور مشیروں کی ایک فوج بھرتی کرکے ان کی عیاشیوں کیلئے غریبوں کو لوٹنا چاہتی ہے جو کہ ناقابل برداشت ہے۔

مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے کہا ہے کہ جب تک گلگت بلتستان کو ملک کا آئینی پانچواں صوبہ نہیں بنایا جاتا تب تلک گلگت بلتستان کے عوام کسی قسم کا ٹیکس ادا کرنے کے پابند نہیں۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے ستر سال سے گلگت بلتستان کے عوام کا استحصال کیا ہے ۔پیپلز پارٹی نے اپنے دور اقتدار میں عوام پر غیر قانونی اور جبری ٹیکس نافذ کیا اور پانچ سال بعد عوام نے جس طرح پیپلز پارٹی کو مسترد کیا اس سے نواز لیگ سبق سیکھ لے۔یاد رکھو اقتدار نے کسی کے ساتھ وفا نہیں کیا ہے جس کسی نے بھی عوامی حقوق پر ڈاکہ ڈالا ان کا حشر انتہائی بھیانک ہوتا ہے۔پیپلز پارٹی نے گندم سبسڈی ختم کرنے کی کوشش کی اور عوام نے الیکشن میں اس کا پورا حساب چکادیا۔اب نواز لیگ کے گھنائونے چہروں سے نقاب الٹ رہے ہیں اور پانچ سال بعد ان کا حشر پیپلز پارٹی سے بھی بھیانک ہوگا۔

انہوں نے سئی جگلوٹ میں جنگل کی کٹائی پر لوگوں کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرنے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں سرکاری ملازمتیں حکمران اپنے منظور نظر افراد کو دے رہے ہیں اور کوئی پرائیویٹ سیکٹر نہ ہونے کی وجہ سے لوگ مالی بدحالی کا شکار ہوچکے ہیں۔حکومت پہلے ان غریب لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع فراہم کرے تاکہ غریب عوام بھی سکھ کا سانس لے سکیں۔

وحدت نیوز (گلگت) آدھا تیتر آدھا بٹیر صوبے نے گلگت بلتستان کے عوام کو ذہنی مریض بنادیا ہے،صوبے کے نام پر وفاق سے ملنے والی سہولتوں سے لوگ محروم ہوگئے ہیں۔صحت کی سہولت کے ساتھ وفاقی ملازمین کو اسلام آباد میں سرکاری ہائوسنگ سے بھی گلگت بلتستان کے ملازمین کو محروم کیا جانے لگا ہے۔موجودہ سیٹ اپ چند لوگوں کے عیاشیوں کا ذریعہ بن چکا ہے۔حکومت گلگت بلتستان کو آئینی صوبہ بنادے یا وفاقی ملازمین کے مراعات گلگت بلتستان کے ملازمین کو دے۔مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان الیاس صدیقی نے کہا ہے کہ موجودہ سیٹ اپ کے ثمرات سے جی بی کے عوام محروم ہیں اور ایک خاص طبقہ ان مراعات سے استفادہ کررہا ہے۔حکمران عیاشیوں کیلئے گلگت بلتستان کے عوام کو لوٹنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں،غیر ضروری ٹیکس اور اب چھوٹے تاجروں پر میونسپل ٹیکس لگانے کی منصوبہ بندی جبکہ بلدیاتی ہائوس موجود ہی نہیں،حکومت کے یہ غیر قانونی حرکتیں گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ زیادتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائوسنگ سکیم کے تحت گلگت بلتستان کے سینکڑوں ملازمین سے ایک سال قبل ڈائون پے منٹ کے نام پر پیسے بٹور لئے گئے ہیں اور تاحال پلاٹ نہ صرف الاٹ کئے گئے ہیں بلکہ اب صوبے کا بہانہ بناکر ان کو ہائوسنگ سکیم کے حق سے محروم کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں جو کہ انتہائی ظلم ہے۔انہوں نے اقتدار کے نشے میں بد مست حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ عوامی استحصال پر خاموش رہنا ظلم کے مترادف ہے اور ملازمین کے ساتھ روا رکھے جانیوالے اس ظلم کے خلاف وفاق سے رابطہ کرکے ملازمین کے مسائل حل کے حل کو یقینی بنائیں۔

وحدت نیوز (گلگت)  پاکستان پیپلز پارٹی حقائق پر پردہ ڈالنے کی ناکام کوشش کرنے کی بجائے ٹیکس کے نفاذ پر گلگت بلتستان کے عوام سے معافی مانگے۔لیگی حکومت عوام پر عائد ٹیکس کو پیپلز پارٹی کے کھاتے میں ڈال کر بری الذمہ نہیں ہوسکتی۔ پیپلز پارٹی نے اپنے دورمیں جبری ٹیکس عائد کیا تو اب لیگی حکومت عائد کردہ ٹیکس کو واپس لے بصورت دیگر پچھلے الیکشن میں جو حشر پیپلز پارٹی کا ہوا اس سے بد تر نواز لیگ کا ہوگا۔

مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے انجمن تاجران کی جانب سے شروع کی گئی ٹیکس مخالف تحریک کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیکس کے مسئلے پر گلگت بلتستان کے عوام ایک پیج پر ہیں اور پورے جی بی کامیاب ہڑتال کے ذریعے ٹیکس کے ظالمانہ نوٹیفکیشن کو مسترد کردیا ہے۔حکومت اس اہم ایشو کو فوری حل کرے اور سابقہ حکومت کی روش پر چلتے ہوئے اپنے مراعات اور پروٹوکول کی خاطر غریب لوگوں کے منہ سے نوالہ چھیننے کے درپے ہونگے تو اس کے سخت نتائج نکلیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نواز اور پیپلز پارٹی ا سٹیٹس کو کی جماعتیں ہیں جو اپنے زعم میں علاقے کے عوام کو بیوقوف سمجھتے ہیں اوراپنے دور اقتدار میں عوام کش پالیسیاں اپناتے ہیں اورجب اپوزیشن میں ہوتے ہیں تو اپنے ناشائستہ کارناموں سے انحراف کرتے ہوئے حکومت پر تنقید کرتے ہیں۔اب وہ وقت نہیں رہا کہ عوام ان کے جھوٹے نعروں پر یقین کرکے خاموش رہیں،انہوں نے کہا کہ حکومت انجمن تاجران کی جانب سے سول نافرمانی کے اعلان کو سنجیدگی سے لے اور اگر ایسی مومنٹ شروع ہوئی تو حکومت کو اپنی کرسی بچانا مشکل ہوجائیگا۔

Page 13 of 31

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree