وحدت نیوز(گلگت) وزیر اعظم نواز شریف کی نا اہلی پر گلگت بلتستان کے عوام یوم نجات منائیں گے۔نواز شریف کی حمایت میں وزیر اعلیٰ حفیظ الرحمن کا اخباری بیان انتہائی مضحکہ خیز ہے۔چھوٹے بڑے چور آج ملک کے سب سے بڑے چور کو بچانے کیلئے سرگرم ہوگئے ہیں،اقتدار کے بھوکے حکمرانوں کے دن گنے جاچکے ہیں۔

مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے کہا ہے کہ نواز شریف اور اس کی فیملی کی تین نسلوں نے ملک کو لوٹا ہے ۔جے آئی ٹی کے ممبران کا جرات و بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے سخت دبائو اور دھمکیوں کے باوجود ظالم اور کرپٹ حکمرانوں کے آگے سرنہیں جھکایا اور حقائق پر مبنی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروائی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان قوم ستر سال بعد ایک ایسے موڑ پر کھڑی ہوگئی ہے کہ اسے یہ فیصلہ کرنا ہے کہ ملک کو کرپٹ حکمرانوں سے نجات دلاناہے یا پھر ملک کو کرپٹ مافیا کے چنگل میں دینا ہے۔حفیظ الرحمن نے کرپٹ حکمرانوں کا ساتھ دیکر ثابت کردیا کہ ان کا تعلق بھی کرپٹ مافیا سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ دن گئے کہ قطری اور عربی گھوڑے نواز شریف کی مدد کو آتے تھے اب عربی شہزادوں کو نواز شریف کا فون سننا بھی گوارا نہیں۔نواز شریف اینڈ فیملی کو عزت و وقار راس نہیں آتا اور وزیر اعظم نے اپنے آپ کو بچانے کیلئے اپنی تین نسلوں کو چور ثابت کروادیا۔قوم اب نواز شریف اور کرپٹ مافیا سے لوٹی ہوئی قومی دولت کے ایک ایک پائی کا حساب لے گی اور جو مظالم انہوں نے اس ملک کے عوام پر ڈھائے ہیں ایک ایک ظلم کا حساب دینا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی اعلیٰ عدلیہ کے سامنے فیک ڈاکومنٹس پیش کرکے نواز شریف نے اپنی نااہلیت کو خود ہی ثابت کردیا ہے۔نواز شریف کے بچوں کے تابوت میں آخری کیل کیلیبری فونٹ Calibri Font نے ٹھونک دی ہے ستر سال بعد ملک کے عوام کسی طاقتور کا احتساب ہوتے ہوئے دیکھ رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کی نااہلی کا سپریم کورٹ سے فیصلہ آنے کی صورت میں گلگت بلتستان کے عوام یوم نجات منائیں گے اور نئے پاکستان کی شروعات کا جشن منائیں گے۔

وحدت نیوز(گلگت) گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر کے کیپٹن محمد شفیع کو سٹینڈنگ کمیٹی سے برطرفی کے فیصلے کوعدالت کی جانب سے منسوخ کرنا آزاد عدلیہ کی دلیل ہے۔صوبائی حکومت کا انداز حکمرانی آمرانہ ہے جو اپوزیشن کو برداشت نہیں کرتے۔ رکن اسمبلی کیپٹن شفیع کو حق حاصل ہے کہ وہ حکومتی اقربا پروری اور کرپشن پر تنقید کرے۔

مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے  عدالت کی جانب سے ڈپٹی سپیکر قانون ساز اسمبلی کے نوٹیفکیشن کا منسوخ کرنا اور کیپٹن شفیع کو اپنے عہدے پر بحال رکھنے کو حق کی فتح اور جیت قرار دیا ہے۔مسلم لیگ ن آمریت کی پیداوار ہے ،جب ان کو اقتدار حاصل ہوتا ہے تو مطلق العنان بن جاتے ہیں۔کیپٹن شفیع کی جانب سے حکومتی کرپشن کو بے نقاب کرنے پر ان کو عہدے سے ہٹانا اسی مطلق العنانیت کی دلیل ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر اداروں نے حکومتی اقدامات پر چیک نہیں رکھا تو اقتدار کے ایوانوں میں براجمان افراد مطلق العنان بادشاہ بن جائینگے۔لیگی وزیر اعلیٰ اور اس کی ٹیم بظاہر میرٹ کے بلند بانگ دعوے کرتی ہے اور درون خانہ کرپشن کے ریکارڈ قائم کئے جارہے ہیں،کسی محکمے میں ملازمت حاصل کرنے کیلئے لازم ہے کہ امیدوار کو لازم ہے کہ وہ وزیر اعلیٰ یا دیگر وزراء کے رشتہ دار ہوں اور محکمہ ورکس میں تمام ٹھیکے من پسند افراد میں بانٹ دیئے جاتے ہیں اور پری کوالیفکیشن کے نام پر ایسے ٹھیکداروں کو پری کیا جاتا ہے جو ان کے منظور نظر ہوتے ہیں۔انہوں نے اپوزیشن ممبران پر زوردیا کہ وہ میرٹ کے قتل عام پرخاموشی اور سکوت کو توڑکر حقدار کو حق دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

وحدت نیوز(گلگت) پیپلز پارٹی کے مقامی قائدین جنرل الیکشن میں بدترین شکست کھانے کے بعد ذہنی توازن کھو چکے ہیں۔پوری قوم سانحہ کوئٹہ، سانحہ پاراچنار اور کراچی کے شہداء کے غم میں ڈوبی ہوئی تھی اور پیپلز پارٹی نگر میں جلسے منعقد کرکے ان علماء کے خلاف ہرزہ سرائی میں مصروف تھے جو مظلوم پاکستانیوں کی حمایت میں سڑکوں پر دھرنے دیئے بیٹھے تھے۔

مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے کہا کہ بڑی جماعت کا دعویٰ کرنے والی جماعت کے قائدین مرکز میں دینی جماعتوں کے تلوے چاٹ رہے ہیں ۔ان کی جماعت کے رہنما پارٹی کی غلط پالیسیوں سے اختلاف کرکے خزاں کے پتوں کی طرح جھڑ رہے ہیں۔سو سو کھانے ہضم کرنے کے بعدکرپشن کے بے تاج بادشاہ آصف علی زرداری نے اپنے پیٹی بندھ بھائی نوازشریف کو بچایا ہے،یہ جماعت کس منہ سے نواز شریف لیگ کی مخالفت کا دعویٰ کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت پیپلز پارٹی مذہبی جماعتوں کی مخالفت پر تلی ہوئی ہے چونکہ انہی مذہبی جماعتوں نے پیپلز پارٹی کے دور میں سانحہ کوئٹہ کے موقع پر دھرنا دیکر پیپلز پارٹی کا مکروہ چہرہ بے نقاب کروایا تھا اور بلوچستان میں پیپلز پارٹی کے تخت کو پائوں تلے روندھ ڈالا تھا جو کہ پیپلز پارٹی بھول نہیں پارہی ہے۔آج یہ مذہبی جماعتیں پاراچنار، کوئٹہ اور کراچی میں ہونے والی بربریت کے خلاف سراپا احتجاج تھے تو پیپلزپارٹی نے نگر میں جلسہ کرکے اُن قاتلوں کی ہم آواز بنکر ظلم و بربریت کے خلاف آواز اٹھانے والے علماء کے خلاف غلیظ زبان استعمال کرکے ثابت کردیا کہ مظلوموں کے حقوق کی بات ان سے ہضم نہیں ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہداء کی سرزمین نگر کے باشعور لوگ پیپلز پارٹی کے دور میں ہونے والی ظلم و زیادتیوں کو نہیں بھولے ہیں اور بھاری اکثریت سے انہیں مستردکرکے ثابت کردینگے کہ لوگ اب ان کھوکھلے نعروں سے متاثر ہونے والے نہیں۔

وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین اور اسلامی تحریک پاکستان کی کل کی مشترکہ پریس کانفرنس میں قائد حزب اختلاف کو ہٹانے کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی ہے اور نہ ہی سردست ایسا کوئی پروگرام ہے البتہ قائد حزب اختلاف سے گلے شکوے ضرور ہیں۔

مجلس وحدت مسلمین کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے کہا ہے کہ قائد حزب اختلاف کے حوالے سے اخبارات میں چھپنے والی خبر سیاق وسباق سے ہٹ کر ہے ۔پریس کانفرنس میں ایسی کوئی بات نہیں کی گئی ہے ہم آج بھی اپوزیشن لیڈر کے ساتھ کھڑے ہیں۔اپوزیشن لیڈر کو چاہئے کہ وہ حکومتی جانبدارانہ پالیسیوں اور ملازمتوں میں بندربانٹ سمیت سیاسی مخالفین کو دیوار سے لگانے کی پالیسیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ علامہ نیئر عباس مصطفوی اس وقت سیاسی انتقام کا نشانہ بنے ہوئے ہیںاور سخت علالت کی وجہ سے ہسپتال داخل کیا گیا ہے ،اپوزیشن لیڈر اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرے۔

وحدت نیوز(گلگت) امجد ایڈوکیٹ ایک خاص طبقہ فکر کی آشیر باد حاصل کرنے کیلئے اسلامی تحریک اور وحدت مسلمین پر بے جا تنقید کررہے ہیں۔مذہبی جماعتوں کا ایک دوسرے کے قریب آنے سے پیپلز پارٹی کا سیخ پا ہونا اپنی جگہ درست ہے کیونکہ اگر مذہبی جماعتوں کا اتحاد ہوجائے تو گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی کے جنازے کو کندھا دینے والا بھی کوئی موجود نہ ہوگا۔

مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے کہا ہے کہ بزرگ سیاستدان دیدار علی کے حوالے سے پیپلز پارٹی کے تضحیک آمیز بیانات قابل مذمت ہیں۔خودکو سیکولر کہنے والی جماعتوں کو دوسروں کا وجود گوارا نہیں اور ان کی ہمیشہ سے یہ کوشش رہی ہے کہ مذہب کو سیاست سے جدا کرکے صرف مساجد تک محدود کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ مذہبی جماعتوں کے اتحادسے پیپلز پارٹی خوفزدہ ہوچکی ہے اوران کے رہنما اپنی شکست کو سامنے دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے ہیں۔جس طرح دوسری جماعتوں کو الیکشن لڑنے کا حق ہے اسی طرح مذہبی جماعتوں کو بھی سیاسی میدان میں پنجہ آزمائی کا حق ہے۔انہوں نے کہا کہ مذہبی جماعتوں کے الیکشن میں حصہ لینے سے پیپلز پارٹی کا سیخ پا ہونا سیاسی عدم برداشت کی علامت ہے۔

وحدت نیوز(گلگت) حلقہ 4 نگر کے ضمنی الیکشن میں کسی بھی جماعت کے حق میں دستبردار ہونے کا کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ اخبارات میں چھپنے والی خبروں کی کوئی صداقت نہیں۔ مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے کہا ہے تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔حلقہ 4 نگر کے ضمنی الیکشن میں حمایت لینے کیلئے پیپلز پارٹی اور اسلامی تحریک کے مرکزی قائدین نے مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری جنرل راجہ ناصر عباس سے رابطہ کیا ہے اور صوبائی سطح پر بھی مسلسل رابطے ہورہے ہیںلیکن تاحال کسی بھی جماعت کی حمایت کا کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیاہے۔

وحدت ہائوس گلگت میں صوبائی عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں مرکزی سیکرٹری سیاسیات اسد عباس نقوی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے نیئر حسین بخاری اور اسلامی تحریک کے علامہ عارف واحدی نے علامہ راجہ ناصر عباس سے حلقہ 4 نگر کے ضمنی الیکشن میں حمایت کی درخواست کی ہے ۔مجلس وحدت مسلمین حلقہ 4 نگر کے ضمنی الیکشن میں اپنے کارکنان اور عہدیداروں کو اعتماد میں لیکر ہی کسی حتمی نتیجے پر پہنچے گی۔اس سلسلے میں آج بعد نماز مغربین غلمت نگر میں پارٹی کارکنان کا اجلاس طلب کیا گیاہے ۔انہوں نے کہا کہ کارکنان کو اعتماد میں لیکر آئندہ چند روز میں الیکشن لڑنے یا دستبردار ہونے کا حتمی فیصلہ کیا جائیگا۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree