وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصرعباس جعفری نےبانی انقلاب اسلامی امام امت خمینی بت شکن رضوان اللہ تعالی علیہ کی ستائیسویں برسی کے موقع پر امت مسلمہ کے نام اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ خمینی بت شکن زمان ومکان سے بالاتر شخصیت کا نام ہے، دور حاضر میں مستضعفین عالم کیلئے محفوظ پناہ گاہ امام خمینی ؒ کے انقلاب اسلامی کے سوا کوئی نہیں، امام خمینی نے دنیاوی طاقتوں کے سامنے قیام کے لئے الہٰی قوت پر بھروسہ کیااورخدا نے ان کی مدد ونصرت فرمائی، امام خمینی نے پوری دنیا کے مظلومین کو ظالمین کے مقابل سینہ تان کر کھڑا ہونے کا حوصلہ فراہم کیا، انقلاب اسلامی ایران سیکولرازم، کمیونزم اور کیپٹل ازم جیسے نظاموں کے خلاف بغاوت کا نام ہے جس کی اصل اسلام کا آفاقی نظام ہے۔ان تمام نظاموں نے دین کو سیاست سے جدا کر کے پیش کیا ہے۔ جب کہ اگر دین سیاست سے جدا ہو جائے تو بربریت اور ظلم پروان چڑھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام اسلامی ممالک خط امام کو رول ماڈل قرار دیتے ہوئے اپنی ہاں امریکی مداخلت کا نفوذ ختم کر سکتے ہیں۔ امام خمینی ایسی ہستیاں تاریخ ساز ہوتی ہیں جن کا دنیا صدیاں انتظار کرتی ہے اور جنھیں طلوع محشر تک یاد رکھا جائے گا۔  ایرانی قوم کے ساتھ ساتھ امت مسلمہ مبارکباد کی مستحق ہے کہ جسے امام خمینی جیسی امت کا درد رکھنے والی ہستی ملی۔ جنھوں نے مسلک و مکتب سے بالا تر ہو کر شرق سے غرب تک ہر جگہ مسلمانوں کے حقوق کے لئے موثر آواز بلند کی اور انہیں اپنی صفوں میں اتحاد اور اتفاق کو رواج دینے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ رہبر کبیر کا پیغام وحدت ہے اور جس دن ہم نے وحدت کا اپنا شعار بنا لیا اس دن امریکہ اور اس کی حواری قوتوں کا ناپاک وجود پاک سرزمین سے ہمیشہ کے لئے نابود ہو جائے گا۔

ان کامزیدکہنا تھا کہ امام خمینی نے ظلم کی مسلک و مذہب سے ہٹ کر ہر جگہ اور ہر سطح پر مخالفت کی اور اسلامی اقدار کو عالمی سطح پر رواج دینے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے،امام خمینی کا پیغام وحدت کا پیغام ہے، لہذا ہمیں فرقہ واریت سے دور رہنا ہے اور وحدت کا پرچار کرنا ہے، اگر ہم نے ایسا کیا پاکستان امن کا گہوارہ بن جائے گا،پاکستان سمیت دنیا بھر کے حکمران امام خمینی ؒ کی فکر وفلسفے کی روشنی میں اسلامی احکامات کا نفاذ عمل میں لائیں تو تمام معاشرتی ، سماجی ، سیاسی اور اجتماعی مشکلات سے نجات ممکن ہے، امام خمینی ؒ کے پیش کردہ نظام سیاست میں عدل کی حاکمیت بنیادی عنصر ہےجو کہ  ہمارے معاشرے سے ناپید ہو چکا ہے،  پاکستان میں ہماری جدوجہد خط امام کی پیروی کے سوا کچھ نہیں ، ہم نے ظلم کے خلاف اور مظلوم کی حمایت میں قیام کی تعلیم مکتب امام خمینی ؒ سے حاصل کی ہے  ، انہوں نے کہا کہ اس ملک میں شیعہ اور سنی کا مسئلہ نہیں ہے، لیکن کچھ استعماری ایجنٹ ہیں کہ جو امریکی اشاروں پر چلتے ہوئے اس ملک کو فرقہ واریت کی دلدل میں دھکیلنا چاہتے ہیں، لیکن ملت اسلامیہ اپنے اتحاد سے ان کی اس سازش کو ناکام بنائے گی۔

وحدت نیوز(مانٹرنگ ڈیسک)قائد شہید کے گاوں پیواڑ سے تعلق رکھنے والے مجاہد عالم دین کا اسلام ٹائمز کے ساتھ خصوصی انٹرویو میں کہنا تھا کہ ریاستی لبادے میں یہ بربریت پہلی بار نہیں ہے، پاراچنار شروع دن سے ریاستی دہشت گردی کا شکار رہا ہے، بارہا ہم وہاں موجود تھے، خود دیکھا کہ انہی ایف سی والوں نے ہم پر گولیاں چلائیں، سینکڑوں افراد زخمی ہوئے، دسیوں افراد شہید ہوئے، لیکن اس کے باوجود ہم نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا، دو ماہ قبل ہمیں طالبان اور داعش کے آنے کی دھمکیاں دی گئیں اور حکومت کی طرف سے کہا گیا کہ فلاں گاوں کو خالی کرو، داعش آنے والے ہیں، ہم بے بس ہیں۔
 
مجلس علمائے اہل بیت (ع) کے راہنما حجۃ الاسلام مولانا ہلال حسین طوری کا تعلق قائد شہید کے گاوں پیواڑ پاراچنار سے ہے۔ قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی کی ہمسائیگی کو باعث فخر سمجھتے ہیں۔ ان دنوں قم المقدسہ میں مدرسہ امام خمینی (رہ) سے دینی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ اسلام ٹائمز نے قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی کے افکار اور موجودہ تشیع تحریکوں کے بارے میں مولانا ہلال طوری کی رائے جاننے کی کوشش کی، جس کا احوال پیش خدمت ہے۔ ادارہ

اسلام ٹائمز: آپ نے قائد شہید کو قریب سے دیکھا، نئی نسل کیلئے قائد شہید کی زندگی نمونہ عمل ہے، کیا بیان کرنا چاہیں گے۔؟
مولانا ہلال حسین طوری: ہم نے قائد شہید کو قریب سے دیکھا تھا، قائد شہید کے افکار سب کے سامنے ہیں، قائد شہید اتحاد امت کے سب سے پہلے داعی تھے، اتحاد بین المومنین و اتحاد بین المسلمین، وہ جہاں بھی جاتے تھے "وَاعْتَصِمُواْ بِحَبْلِ اللّهِ جَمِيعًا وَلاَ تَفَرَّقُواْ" کے مصداق اتم بن جاتے تھے اور وہ لوگ جو دور ہوتے، وہ بھی نزدیک آجاتے۔ قائد شہید نے کبھی بھی یہ نہیں کہا، یہ پٹھان ہے، یہ پنجابی ہے، یہ گلگتی ہے، یہ بلوچ ہے، ہر وقت کہا کرتے تھے کہ ہمیں یہ نہیں کہنا چاہیے کہ یہ فلاں فلاں ہے، ہم ایک ہیں، حتیٰ کہ شیعہ سنی کے معاملہ میں بھی اتحاد کے قائل تھے، کسی نے قائد شہید سے پوچھا کہ آپ ہر وقت کہتے ہیں اتحاد اتحاد تو آپ کا اتحاد سے مقصد کیا ہے، قائد شہید نے فرمایا اتحاد سے میری مراد یہ نہیں کہ شیعہ سنی ہوجائے اور سنی شیعہ ہو جائے بلکہ میری مراد یہ ہے کہ ایک دوسرے کو برداشت کریں، ایک دوسرے کو تحمل کریں اور دشمن کے خلاف باہم ایک ہو جائیں۔

اسلام ٹائمز: قائد شہید کی آرزو تھی کہ پیروان ولایت باہم متحد ہوں، اسی طرح آیت اللہ اختری نے بھی اسی درد دل کا اظہار کیا کہ شیعہ قوم یکجا ہوجائے، شیعہ ووٹ بینک کو تقسیم نہ کیا جائے، آپ اس حوالے سے کیا رائے رکھتے ہیں۔؟
مولانا ہلال حسین طوری: قائد شہید کی ہر وقت یہ کوشش رہتی تھی کہ سب ایک ہوں، اگرچہ تنظیمیں تحریکیں مختلف ہوں، مسئلہ نہیں ہے، لیکن وہ ایک نقطہ پر جمع ہوسکیں۔ پاکستان کے اہل تشیع کے لئے آج وہ وقت آچکا ہے کہ وہ باہم متحد ہوجائیں اور قائد شہید کی امیدوں کو پورا کریں، آج ایک شخص جسے ناصر ملت کہیں یا قائد ملت کہیں، میدان میں آچکا ہے، سب اہل تشیع ملکر اس کا ساتھ دیں، اس تحریک پر لبیک کہہ دیں، ہمارے لئے یہ ایک اہم موقع ہے، دشمن کو بہانہ نہ دیں، دشمن کو میدان میں داخل نہ ہونے دیں، اس تحریک کے بعد جو افراد راجہ ناصر سے دور تھے وہ بھی نزدیک آچکے ہیں۔ ہماری خوش قسمتی ہے کہ راجہ ناصر کی بدولت شیعہ اور معتدل سنی بیدار ہوچکے ہیں اور راجہ ناصر کا ساتھ دے رہے ہیں۔ لیکن وہ افراد جو ابھی تک خاموش ہیں، ہمارے بزرگان ہوں یا ہم جیسے چھوٹے ہوں، ان سے بھی التماس ہے کہ اللہ کی خاطر، امام زمانہ (عجل) کی خاطر، قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی کی خاطر اور دیگر شہداء کے ورثا کی خاطر، سب مل کر راجہ صاحب کی اس تحریک میں شامل ہوں اور اس کی حمایت کریں۔

اسلام ٹائمز: ہم دیکھتے ہیں کہ پارا چنار کو مسلسل ریاستی بربریت کا نشانہ بنایا جاتا ہے، کبھی وہاں بیرونی لشکر حملہ آور ہوتے ہیں تو کبھی راستے بند کر دیئے جاتے ہیں، اس مرتبہ بھی پیروان ولایت پر ظلم کے پہاڑ توڑے گئے، قیمتی جانیں ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنیں، کیا کہنا چاہیں گے۔؟
مولانا ہلال حسین طوری: ریاستی لبادے میں یہ بربریت پہلی بار نہیں ہے، پاراچنار شروع دن سے ریاستی دہشت گردی کا شکار رہا ہے، بارہا ہم وہاں موجود تھے، خود دیکھا کہ انہی ایف سی والوں نے ہم پر گولیاں چلائیں، سینکڑوں افراد زخمی ہوئے، دسیوں افراد شہید ہوئے، لیکن اس کے باوجود ہم نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا، دو ماہ قبل ہمیں طالبان اور داعش کے آنے کی دھمکیاں دی گئیں اور حکومت کی طرف سے کہا گیا کہ فلاں گاوں کو خالی کرو، داعش آنے والے ہیں، ہم بے بس ہیں، سوال یہ ہے کہ پاک آرمی جو پوری دنیا میں مشہور ہے، ہمیں اپنی آرمی پر ناز ہے، اگر وہ یہ کہہ کر چلے جائیں کہ شیعہ یہ گاوں خالی کر دیں، داعش آرہی ہے، یا اپنا دفاع خود کر لیں، ہم دفاع نہیں کرسکتے، تو یہ میرے خیال میں ایک کھیل ہے، یہ ایک منصوبہ ہے، جس کے تحت شیعوں کو کمزور کیا جا رہا ہے، تاکہ یہ اپنے ناپاک عزائم تک پہنچ سکیں۔

اسلام ٹائمز: شیعہ قوم کے جاری قتل عام کیخلاف علامہ راجہ ناصر عباس جعفری آج دو ہفتوں سے بھوک ہڑتال جاری رکھے ہوئے ہیں، کیا اثرات مرتب ہوتے دیکھتے ہیں۔؟
مولانا ہلال حسین طوری: اس اقدام کی شروع دن سے ہم نے حمایت کی ہے اور آخری دم تک حمایت کریں گے، ہم آمادہ ہیں، اگر آقا صاحب حکم دے دیں تو قم المقدسہ میں یا سفارت کے سامنے احتجاج کریں گے، اگر خروجیہ ہمیں نہ ملے تو بھی ہم نکلیں گے، اپنا اقامہ خراب کر دیں گے، اسلام آباد تک پہنچیں گے اور بھوک ہڑتال میں شریک ہو جائیں گے اور آخری دم تک وہاں بیٹھیں گے، جیسے آقا صاحب نے کہا کہ میرے بعد میرا بیٹا ہوگا، تو ہم کہتے ہیں کہ آقا صاحب آپ اکیلے نہیں ہیں، آپ کے بیٹے نہیں بلکہ آپ کے شاگرد پہلے اپنی جانیں قربان کریں گے۔

وحدت نیوز (آرٹیکل) ھر ملک کے کچھ حساس علاقے ہوتے ہیں۔ اقتصادی اور دفاعی اعتبار سے یہ علاقے بہت مھم ہوتے ہیں۔ کسی بھی ملک کے طاقتور ہونے میں اقتصاد اور قوت دفاع کا مضبوط ہونا ضروری ہے۔ دنیا کی سپر طاقتوں میں ایک مملکت خداداد پاکستان ہے جو 14 اگست 1947 کو معرض وجود میں آیا۔ پاکستان کے شمال میں گلگت بلتستان ہے۔ جو پاکستان کے آزاد ہونے کے بعد آزاد ہوا اور کچھ عرصے کے لئے ایک الگ اور مستقل سٹیٹ رہا۔ چونکہ گلگت بلتستان کے لوگوں میں دینی جذبہ زیادہ ہونے کی وجہ سے اس دور کے بزرگوں نے بغیر کسی شرط و شروط کے پاکستان کے ساتھ الحاق کیا۔ الحاق کی وجہ یہ تھی کہ پاکستان قرآن و سنت کے نام پر بنا تھا اور ایک الگ اور مستقل مسلم سٹیٹ تھا اور لوگوں کی محبتیں پاکستان کے ساتھ تھی۔ گلگت بلتستان پاکستان کا انتھائی حساس علاقہ ہے۔ طاقت کے دونوں عنصر  اس علاقے میں پائے جاتے ہیں۔ سیاچن کارگل کا باڈر دفاعی اعتبار سے بہت اھمیت رکھتا ہے اور اب تک پاکستان اور ھندوستان کے درمیان اسی مقام پر کافی جنگیں لڑی جا چکی ہیں خصوصا سنہ 1999 میں لڑنے والی کارگل جنگ 1965 اور 1971 میں لڑی جانے والی جنگوں سے خطرناک نہیں تو کم بھی نہیں تھی۔ جس میں قوم کے سینکڑوں دلاوروں نے اپنی جانوں کا نظرانہ پیش کیا اور اپنے پاک خون سے مملکت پاکستان کا دفاع کیا۔ این ایل آئی کے سینکڑوں دیندار اور وظیفہ شناس جوانوں نے سینوں پر گولیاں کھائی اور دشمن کا مقابلہ کیا یہ اس وقت کی بات ہے کہ این ایل آئی رجمنٹ کے طور پر نہ تھی کارگل جنگ کے بعد این ایل آئی کو رسمی طور پر پاک فوج میں شامل کیا گیا۔ اور دوسری طرف عوامی جمھوریہ چین جو آج کی دنیا میں اقتصادی اعتبار سے سپر پاور مانا جاتا ہے، سے سرحد ملتی ہے اور شاہراہ قراقرم  پاکستان کی شہ رگ مانی جاتی ہے جس کے ذریعے سے چین اور پاکستان کے درمیان اقتصادی راہداری کے منصوبے پر سوچا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ قدرتی مناظر کے اعتبار سے گلگت بلتستان  کےعلاقے نے دنیا بھر کی نظروں کو اپنی طرف جذب کر رکھا ہے۔ آسمان کی بلندیوں سے چھونے والی سرسبز وشاداب چوٹیاں دنیا بھر کے سیاحوں کے توجھات کو اپنی طرف مبذول کر رکھا ہے۔ سیاحوں کا آمد و رفت ملک کے اقتصاد میں بڑا اثر رکھتا ہے۔ گلگت بلتستان کی اتنی اھمیت کے باوجود پاکستان اب تک اس علاقے کو آئینی حقوق دینا تو دور کی بات کوئی خاص توجہ دینے سے بھی گریز کر رہا ہے اور اب تک یہ علاقہ متنازعہ علاقوں میں شامل ہے۔ گلگت بلتستان کا علاقہ پہاڑی علاقہ ہے وہاں کی اکثر زمینے بنجر ہیں عوام کی غربت اور ناداری ان بنجر زمینوں کو آباد کرنے کی اجازت نہیں دیتی جبکہ پاکستان کا سب سے بڑا دریا دیائے سندھ گلگت بلتستان سے ھوتا ہوا پنجاب اور سندھ کو آباد کر رہا ہے۔ گلگت بلتستان میں اکثر لوگوں کا گزارہ پنجاب سے آنے والے خورد و نوش کی چیزوں پر ہوتا ہے۔ اس سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ پنجاب کی مدد امن اور سلامتی کے دنوں میں ہی کام آتی ہے مشکل اور کٹھن موقعوں پر کوئی کام نہیں آتی۔ راولپنڈی اسلام آباد سے گلگت تک کوئی 600 کلو میٹر کا راستہ ہے۔ یہ پورا راستہ کبھی فسادات اور کشت و کشتار کی وجہ سے مسدود ہو جاتا ہے تو کبھی قدرتی آفات کی وجہ سے بند ھو جاتا ہے۔ ابھی تک کتنی قیمتی جانے موت کی بازی حار چکی ہیں۔ کبھی مذھبی فسادات کے نام پر دھشتگردوں کی گولیوں اور پتھروں کا نظر ہوتے ہیں تو کبھی اکسیڈنٹ اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے اپنی زندگی کھو جاتے ہیں۔ حکومت پاکستان اس راستے کی امنیت کو بحال کرنے میں ناکام ھو چکی ہے۔ حالیہ بارشیں گلگت بلتستان کے لئے رحمت نہیں زحمت اور عذاب بن چکی ہیں۔ کتنے دن اور کئی جگہوں پر روڈ بند ہونے کی وجہ سے لوگوں کو راستے میں جو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس مصیبت کو صرف وہیں احساس کر سکتا ہے جو اس مصیبت کا شکار ہوا ہو۔ نہ جانے اس سفر میں بچے، خواتین، بوڑھے، جوان مرد و عورت کو کتنی سختیان جھیلنی پڑی۔ راستے کی پریشانیاں ایک طرف اور گلگت بلتستان میں لوگوں کی مشکلات دوسری طرف۔ گلگت بلتستان کا علاقہ ھر طرف سے مشکلات کا شکار ہے۔ سیل کی وجہ سے گلگت بلتستان میں جو تباہی ہوئی ہے اس کا تصور بھی سخت ھے۔ لوگ زندگی کی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔ ابھی تک کتنے دن بید گئے لیکن عوام بجلی اور پانی سے محروم ہیں بعض جگہوں میں ابھی تک پینے کا پانی فراھم نہیں ھو سکا ہے۔ لوگوں کے گھر، زمیں اور فصلیں تباہ ہو چکی ہیں۔ گھروں کو چھوڑ کر غاروں میں پناہ لے چکے ہیں۔ اس قدرتی آفت کی وجہ سے اب تک کتنی جانے لقمہ اجل بن چکی ہیں۔ اس حساس علاقے میں حکومت کی خاموشی کے ساتھ امدارسانی کا سلسلہ بھی نہ ہونے کے برابر ہے۔ گلگت بلتستان تک تیل کی سپلائی بند ھوچکی ہے جس کی وجہ سے وہاں کا ٹرانسپورٹ سسٹم مکمل رک چکا ہے۔ اور دن بدن لوگوں کی زندگی سخت ہوتی جا رہی ہے۔ شھروں میں پہر بھی حکومت اور امداد رسانی کے ادارے کسی حد تک متحرک ہیں لیکن گلگت بلتستان کے لوگ اکثر دیہاتوں میں زندگی بسر کرتے ہیں۔ گلگت اور آس پاس کے شھروں کی صورت حال قابل برداشت نہیں ہے تو وہاں کی دیہاتوں کا کیا حال ہوگا۔ بھت ساری دیہاتوں میں لوگوں کے پاس پینے کے لئے پانی نہیں ہے ان کی فصلیں تباہ اور مال مویشی آوارہ ہو گئے ہیں حراموش جو گلگت کا نواحی علاقہ ہے ابھی تک بجلی اور پانی کی فراھمی منقطع ہے۔ مٹھی کے تودے گرنے سے داسو نامی گاووں میں دو خواتیں جان بحق اور ایک شدت سے زخمی ہو چکی ہے۔ اس زبو حالی کے عالم میں لوگ میلوں دور سے صرف پینے کے لئے پانی بڑی مشکل سے فراھم کرتے ہیں۔ سپلائی کے نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو تین وقت کی روٹی حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ان تمام مشکلات کے باوجود وفاقی اور صوبائی حکومت کے کانوں پر جووں تک نہیں رینگتی۔ گلگت بلتستان سے ھر وقت سوتیلی ماں والا سلوک کیا جا رہاہے۔ آخر کب تک یہ علاقہ اس حالت میں رہے گا۔ کیا کوئی ایسے وقت کی امید ہے کہ جس میں وہاں کے لوگوں پر فرج ہو جائے۔ اور لوگوں کو یقین ہو جائے کہ ہمارے سر پر ہاتھ رکھنے والا بھی کوئی ہے۔ ایسے میں 3ھم صرف شکوہ ہی کر سکتے ہیں کہ کاش مملکت خداداد پاکستان کے حکمران اپنے عوام کو اپنا سرمایہ اور اپنے ملک سے وفادار ہوں تاکہ پاکستان اپنی سرحدوں کے ساتھ ساتھ اپنے عوام کی بھی حفاظت کر سکے۔

تحریر۔۔۔۔عباس رضا

مٹھاس

وحدت نیوز(آرٹیکل) کچھ سال پہلے کی بات ہے۔گاڑی چھانگامانگا سے گزررہی تھی۔  میری ساتھ والی سیٹ پر  کوئی اونگھ رہاتھا۔ اچانک اونگھتے ہوئے شخص نے  مجھے چٹکی کاٹی۔

ہوں ! میں چونک گیا۔

ابے صاحب ڈر گئے،اجنبی مسکراتے ہوئے بولا۔

نہیں تو!میں نے قدرے تکلف سے کام لیا۔

مجھے ۱۹۷۱کی ایک  بات یاد آئی ہے۔سوچا آپ کو بھی سنا دوں۔اجنبی نے یہ کہتے ہوئے کسی قسم کا تکلف نہیں کیا۔اس نے بغیر کسی وقفے کے بات شروع کردی:

اس نے بتایاکہ  میری جوانی کے دن تھے۔ایک مرتبہ  کچھ دوستوں کے ساتھ مجھےچھانگامانگا  آنا پڑا۔گھنے جنگل کے نزدیک  کچھ لوگ ایک چھپر ہوٹل میں چائے پی رہے تھے۔ہم دوست بھی ایک چارپائی پر بیٹھ گئے۔

موسم بھی گرم تھا اور موضوع بھی لسانی اور مذہبی فسادات کا چل رہاتھا،اخباروں کی طرح چائے کے کپ میں بھی گھٹن تھی اور گھٹن سے دھواں اُٹھ رہا تھا۔اتنے میں ایک ملنگ  پر ہماری نظر پڑی،لمبے لمبے بال،پھٹاہوا اور پرانا کرتا،گندھا اور بدبودار جسم،سوکھے ہوئے ہونٹ اور گردن میں خالی کشکول۔

 ہم نے اسے بھی  اپنے پاس بٹھالیا۔ملنگ خاموشی سے بیٹھ گیا،وہ  ہماری باتیں ایسے سن رہاتھاجیسے بالکل نہیں سن رہا۔وہ چائے دانی سے کپ میں مسلسل چائے پہ چائے ڈال کر پیتا جا رہے تھااور بس۔۔۔

ہم بھی فسادات اور خون خرابے پر آنسو بہائے جارہے تھے۔انسانی ہمدردی اور بھائی چارے کے لئے کئی مرتبہ ٹھندی آہیں ہمارے سینے سے ابھریں اور عرش اعظم سے ٹکرائیں۔

]اس دوران کئی مرتبہ چائے میں چینی گھولتے ہوئے ملنگ کے چمچ  کی ٹھن ٹھن سے ہم تھوڑے سے بیزار بھی ہوئے۔کچھ دیر بعد ہمیں احساس ہوا کہ ملنگ صاحب ہمیں تنگ کرنے کے لئے چمچ سے ٹھن ٹھن کر رہے ہیں۔[

ایک دوست نے قدرے ناراحتی کے ساتھ ملنگ کو مخاطب کیا،باباجی آپ کچھ فرمانا چاہتے ہیں!؟

ملنگ نے چائے کی چسکی لی اور پھر بولا دیکھو بچو! انسان جب چھوٹا ہوتا ہے تو اس کی خواہشیں بھی چھوٹی ہوتی ہیں اور اس کے غم بھی چھوٹے ہوتے ہیں۔وہ جلدی راضی ہوتا ہے اور  جلدی ناراض لیکن جیسے جیسے بڑا ہوتا جاتا ہے  اس کی خواہشیں طولانی ،ناراضگیاں لمبی ، دوستیاں کم اور انانیت زیادہ ہو جاتی ہے۔

یہ کہہ کر ملنگ نے ایک مرتبہ  پھرچینی کی چمچ کپ میں ڈالی اور ہلانی شروع کر دی اور پھر کہنے لگا  کہ اگر میں ساری دنیا کی چینی خرید کر بھی پی جاوں تو کیا میں میٹھا ہو سکتا ہوں۔جب تک میرا دل داغدار ہے تب تک میری زبان کڑوی ہے۔

اس نے اپنے سامنے بیٹھے ہوئے ایک شخص کے کے کاندھے تھپتھپا کر کہا تم ابھی جوان ہو  !کوشش کرکےاندر کے کڑوے پن کو ختم کرو ، یہ ہمارے اندر اور باطن کا ذہر اور کڑوا پن ہے  جو باہر کے ماحول کو مسموم کرتاہے۔

یہ کہہ کر ملنگ نے قریب کھڑے ٹرک کی طرف اشارہ کیا جس کے پیچھے بہت بڑا لکھا تھا:

آپ اچھے  جگ اچھا۔

ملنگ اشارہ کر کے ہم سے دور چلاگیا،ہم نے بہت منتیں کیں،مزید چائے پلانے کے جھانسے دیے لیکن اس نے پھر زبان نہیں کھولی۔اور ہم اپنی زبانوں پر یہ جملہ لئے واپس آگئے:

"آپ اچھے  جگ اچھا"

یہ کہہ کر  میرے ساتھ والے اجنبی نے اخبار میرے سامنے لہرایا،جس پر یہ خبر لگی تھی کہ  مشہور قوال قاری سعید چشتی کو قتل کردیا گیا۔

میں ٹھٹھک کر بولا جو قوم ،سائنسدانوں،دانشوروں،قوالوں،ذاکروں،شاعروں اور ادیبوں کو بھی قتل کردے ،کیا اُس کی اصلاح پولیس کرسکتی ہے!؟

کیا اس کا ذہر مقدموں اور جیلوں سے ختم ہوسکتاہے!؟

کیا اس کے کڑوے پن کو عدالتیں ختم کرسکتی ہیں؟

اجنبی بولا نہیں ہر گز نہیں،یہ کہہ کر اس نے گاڑی سے باہر اشارہ کیا:

باہر تیل کا ایک ٹینکر کھڑا تھا،جس کے پیچھے جلی حروف میں لکھا تھا:

آپ اچھے ۔۔۔جگ اچھا

ہم دونوں نے یہ دیکھا اور مسکرا دئیے۔

جی ہاں! آپ اچھے تو جگ اچھا ورنہ اگر ہم ساری دنیا کی چینی خرید کر بھی پی جائیں تو میٹھے نہیں ہوسکتے۔


تحریر۔۔۔۔۔نذرحافی

وحدت نیوز(قم) مجلس وحدت مسلمین قم کے زیر اہتمام ایم ڈبلیو ایم قم کے آفس میں مبلغین اسلام کی ذمہ داریوں کے عنوان سے ایک نشست منعقد ہوئی۔نشست سے حجۃ الاسلام سید نعیم الحسن نقوی اور ایم دبلیو ایم قم کے سیکرٹری جنرل حجۃ الاسلام گلزار احمد جعفری نے خصوصی گفتگو کی جبکہ نظامت کے فرائض آفس سیکرٹری مختار مطہری نے انجام دئیے۔نشست میں کثیر تعداد میں علمائے کرام نے شرکت کی۔

وحدت نیوز (آرٹیکل) ایک سوال ہمیشہ سے میرے ذہن میں کھٹکتا رہتا تھا، جس سے میرا ذہن ہمیشہ اضطراب میں رہتا تھا، میری ہمیشہ سے کوشش یہ رہتی تھی کہ کسی نہ کسی طرح اس مشکل کو حل کئے بغیر نہیں رہوں گا۔ اس سوال نے مجھے مختلف لائبریریوں تک پہنچا دیا، مختلف دانشوروں سے سوال کرنے پر مجبور کیا، مختلف شہروں میں پھرایا، آخر کار جب مجھے قانع کنندہ جواب ملا تب مجھے اطمینان محسوس ہوا، شاید یہ سوال آپ کے ذہن میں بھی موجزن ہو، وہ سوال تھا کہ جن بزرگان دین کو ہم اپنا پیشوا مانتے ہیں، ان کی ستائش اور تعریف و تمجید کو ہم اپنا وطیرہ بنا رکھتے ہیں، کیا وہ حقیقت میں ہی ان مقامات عالیہ پر فائز ہیں یا ہمارے والدین کی تربیت کے باعث ہمارے ذہنوں میں ان کا ایک ایسا مقام بن گیا ہے؟ میں نے مختلف اسلامی کتابوں کا مطالعہ کیا، ہر جگہ ان ہستیوں کی فضیلتوں سے تاریخ کے صفحات بھرے پڑے تھے، پھر بھی میں مطمئن نہیں ہوا، شاید دینی پیشوا ہونے کی بنا پر مسلم تاریخ دانوں اور سیرت نگاروں نے حقیقت کو دیکھے بغیر اپنی ذاتی عقیدت کی بنا پر ایسا کیا ہو، اس کے بعد میرے ذہن میں ایک تدبیر آئی کہ اس کا بہترین حل یہ ہے کہ میں غیر مسلموں کے آثار اور کتابوں کا ذرا مطالعہ کرکے دیکھتا ہوں کہ وہ ان ہستیوں کے بارے میں کیا کہتے ہیں، کیونکہ حقیقی فضیلت وہ ہوا کرتی ہے، جس کی شہادت دشمن بھی دے۔

میں نے حضور اکرم (ص) کے حوالے سے دیکھا، سبھی دوست و دشمن ان کے مداح پائے، حضرت زہرا ؑ کے حوالے سے میں نے تحقیق شروع کی۔ مسیحیوں اور دوسرے غیر مسلموں کی ان کی شان میں مستقل کتابوں اور مقالوں نے ان سے میری عقیدت میں پختگی کا سامان فراہم کیا، پھر میں نے تمام مسلمانوں کے پیشوا حضرت علیؑ کے حوالے سے دقت نظر سے تحقیق شروع کی۔ ان کے حوالے سے مختلف کتابوں کا میں نے مطالعہ کیا، غیر مسلم دانشوروں اور مستشرق افراد سے ان کے حوالے سے رائے لی، "ایک مسیحی پولس سلامہ (Poul Salama) کا کہنا ہے: ہاں میں ایک مسیحی ہوں، وسعت نظر ہوں، تنگ نظر نہیں ہوں، میں خود تو مسیحی ہوں لیکن ایک ایسی شخصیت کے بارے میں بات کرنا چاہتا ہوں، جس کے بارے میں تمام مسلمانوں کا کہنا ہے کہ خدا ان سے راضی ہے، پاکیزگی اس کے ساتھ ہے، شاید خدا بھی ان کا احترام کرے، مسیحی اپنے اجتماعات میں ان کو موضوع سخن قرار دیتے ہیں اور ان کے فرامین کو اپنے لئے نمونہ عمل سمجھتے ہیں، ان کی دینداری کی پیروی کرتے ہیں، آئینہ تاریخ نے پاک و پاکیزہ اور اپنے نفس کو سرکوب کرنے والی بعض نمایاں ہستیوں کی واضح تصویر کشی کی ہے، ان میں علیؑ کو سب سے برتری حاصل ہے۔

یتیموں اور فقراء  کی حالت زار دیکھ کر غم سے نڈھال ہوکر آپ کی حالت ہی غیر ہوجاتی تھی۔ اے علیؑ آپ کی شخصیت کا مقام ستاروں کے مدار سے بھی بلند و برتر ہے۔ یہ نور کی خاصیت ہے کہ پاک و پاکیزہ باقی رہتا ہے اور گرد و نواح کا گرد و غبار اسے داغدار اور آلودہ نہیں کرسکتا۔ وہ شخص جو شخصیت کے اعتبار سے آراستہ پیراستہ ہو، وہ ہرگز فقیر نہیں ہوسکتا، آپ کی نجابت و شرافت دوسروں کے غم بانٹنے کے ذریعے پروان چڑھی تھی۔ دینداری اور ایمان کی حفاظت میں جام شہادت نوش کرنے والا مسکراہٹ اور رضامندی کے ساتھ درد و الم کو قبول کرتا ہے۔" پھر میں نے  فرانس کے میڈم ڈیلفو Madame Dyalfv) کو آپ کی خصوصیات یوں بیان کرتے پایا "حضرت علیؑ کا احترام شیعوں کے نزدیک بہت زیادہ ہے اور یہ بجا بھی ہے، کیونکہ اس عظیم ہستی نے اسلام کی ترویج کے لئے بہت ساری جنگوں میں اپنی فداکاری کا مظاہرہ کیا، ساتھ ہی علم، فضائل، عدالت اور دوسری صفات حمیدہ میں بھی آپ بے نظیر تھے۔ آپ نے اپنے صلب سے ایک پاکیزہ نسل چھوڑی، آپ کے بچوں نے بھی آپ کی سیرت کو اپنایا، اسلام کی سربلندی کے لئے  مظلومیت کے ساتھ وہ بھی جام شہادت نوش کرگئے۔

حضرت علیؑ وہ باعظمت ہستی ہیں، جس نے ان تمام بتوں کو توڑ ڈالا، جسے عرب یکتا خدا کے شریک ٹھہراتے تھے۔ اس طرح آپ توحید پرستی اور یکتا پرستی کی تبلیغ کرتے تھے۔ آپ ہی وہ ہستی ہیں، جس کا ہر عمل اور کام مسلمانوں کے ساتھ منصفانہ ہوا کرتا تھا۔ آپ ہی وہ ہستی ہیں، جس کی خوشخبری اور دھمکی دونوں حتمی ہوا کرتی تھیں۔ اس  کے بعد مادام دیالافوائے مسیحی اپنے آپ سے یوں مخاطب ہوتا ہے: اے میری آنکھوں! آنسو بہا لو اور میری آہ و بکاء میں اسے شامل کر لو اور اولاد پیغمبر کی جنہیں مظلومیت کے ساتھ شہید کیا گیا۔ عزاداری کرو!

ان غیر مسلموں کی کتابوں کا میں جتنا مطالعہ کرتا گیا، ان کا غیر جانبدارانہ اظہار عقیدت حضرت علیؑ سے میری عقیدت میں مزید اضافہ کرتا گیا۔ میرے مطالعے کا شوق بھی بڑھتا گیا۔ پھر مجھے ایک مشہور برطانوی مستشرق جرنل سر پرسی سایکس (Journal Sir Percy Sykes) کے اظہار عقیدت اور حقیقت بیانی کو پڑھنے کا موقع ملا، "حضرت علیؑ دوسرے خلفاء کے درمیان شرافت نفس، بزرگواری اور اپنے ماتحت افراد کا خیال رکھنے کے اعتبار سے بہت مشہور تھے۔ بڑے لوگوں کی سفارشات اور خطوط آپ کی کارکردگی پر اثرانداز نہیں ہوتے تھے اور نہ ہی ان کے تحفے تحائف پر آپ ترتیب اثر دیتے تھے۔ آپ کے حریف، غدار اور داغدار چہرہ معاویہ سے آپ کا کوئی تعلق نہیں تھا۔ وہ تو اپنے ہدف کو پانے کے لئے بڑے بڑے جرائم کے ارتکاب سے بھی  دریغ نہیں کرتا تھا ۔ساتھ ہی اپنے مقصد کو پانے کے لئے پست ترین چیزوں کا بھی سہارا لیتا تھا۔ امانتوں  کے معاملے میں حضرت علیؑ کی بہت زیادہ باریک بینی اور آپ کی ایمانداری  کے باعث لالچی عرب آپ سے نالاں تھے۔ جنھوں نے اتنی بڑی سلطنت کو غارت کر رکھا تھا۔ سچائی، پاکیزہ عمل، کامل دوستی، حقیقی عبادت و ریاضت، اخلاص، وارستگی اور بہت ساری صفات حمیدہ سے آراستہ ہونے کے باعث آپ کو ایک خاص حیثیت حاصل تھی۔ ایرانی جو ان کی ولایت کے قائل ہوگئے ہیں اور ان کو خدا کی طرف سے حقیقی امام اور مربی مانتے ہیں، حقیقت میں بھی ان کا یہ اعتقاد بہت ہی قابل تحسین اور اہمیت کا حامل ہے۔ اگرچہ حضرت علیؑ کا مقام و رتبہ اس سے کہیں بلند و بالا ہے۔"

حقائق کے دریچے کھلتے گئے، میرا اشتیاق بڑھتا گیا۔ ایک فرانسوی پروفیسر اسٹانسیلاس (Professor Astansylas) کا ایک منفصفانہ فیصلہ میری نظروں سے گزرا، "معاویہ نے مختلف جہات سے اسلام کی مخالفت کی ہے۔ علی بن ابی طالب جو پیغمبر اسلام کے بعد سب سے باعظمت، سب سے دلیر، سب سے افضل اور عرب کے بہترین خطیب ہیں، معاویہ ان سے جنگ پر تلے آئے، اب  مسیحی میخائیل نعیمہ(Makahial Naima) نے جو علیؑ کی شجاعت کی تصویر کشی تھی، وہ مزید میری دلچسپی کا سبب بنی، "حضرت علیؑ کی پہلوانی صرف میدان کارزار تک محدود نہ تھی بلکہ آپ روشن فکری، پاکیزہ وجدان، فصیح بیان، انسانیت کی گہرائی اور کمال پر فائز ہونے کے علاوہ ایمان کی حرارت اور جذبہ ایمانی سے بھی سرشار تھے، آپ کے حوصلے بلند اور فکر وسیع تھی، آپ ظالم و جابر کے مقابلے میں ستمدیدہ و مظلوموں کی مدد اور حمایت کرتے تھے۔ حق کے لئے آپ صاحب حق کے ساتھ فروتنی سے پیش آتے اور باطل کے خلاف آپ پہلوان ہوتے تھے۔

حقیقت تو یہ ہے کہ کوئی شخص جتنا بھی ذہین اور برجستہ شخصیت کا حامل اور نکتہ سنج ہی کیوں نہ ہو، اس کے لئے بھی ممکن نہیں کہ وہ 1000 صفحات میں حضرت علیؑ کی کامل تصویر کشی کرسکے، نہ ہی  آپ کی زندگی میں جو حالات رونما ہوئے ہیں، ان سب کو  مناسب انداز میں کوئی بیان کرسکتا ہے۔ بنابریں علیؑ نے جن چیزوں کے بارے میں غور فکر کیا ہے، وہ بھی بیان سے بالاتر ہے، اسی طرح عرب کی اس عظیم شخصیت نے اپنے اور اپنے خدا کے درمیان جو راز و نیاز کی باتیں کی ہیں اور جن چیزوں کو عملی جامہ پہنچایا ہے، یہ سب ایسے امور ہیں، جنہیں نہ کسی کان نے سنا اور نہ کسی آنکھ نے دیکھا ہے۔ جن چیزوں کو نوک قلم سے صفحہ قرطاس پر اتارا گیا یا جو زبان سے ظاہر ہوا، وہ سب ان امور کے شمار سے بہت ہی کم ہے۔" مجھے نہ تھکاوٹ محسوس ہو رہی تھی اور نہ ہی بھوک پیاس کا احساس تھا، فضیلتوں کے باغوں کی سیر نے دنیا و مافیھا سے میری توجہ کو ہٹا دیا تھا۔

بعدازاں جب میری نظر "گبرےیل ڈانگیرے" (Gabriel Dangyry) کی تحریر پر پڑی تو مجھے ایسا لطف اور ایسا کیف محسوس ہو رہا تھا کہ جس کے بیان کے لئے میرے پاس ذخیرہ الفاظ نہیں، "حضرت علی ؑ میں دو ایسی ممتاز اور برجستہ خصوصیات پائی جاتی ہیں، جو آج تک کسی بھی پہلوان میں جمع نہ ہوسکی۔ ایک تو یہ ہے کہ آپ ایک نامور پہلوان ہونے کے ساتھ ساتھ لوگوں کے امام و پیشوا بھی تھے۔ جہاں آپ میدان جنگ میں کبھی شکست سے دوچار نہ ہونے والے کمانڈر ہیں تو الٰہی علوم کے عالم اور صدر اسلام کے فصیح ترین خطیبوں میں آپ کا شمار ہوتا ہے۔ حضرت علیؑ کی دوسری منفرد خصوصیت یہ تھی کہ آپ کو اسلام کے تمام مکاتب فکر عزت و وقار کی نظر سے دیکھتے ہیں، ساتھ ہی آپ کی خواہش نہ ہوتے ہوئے بھی تمام اسلامی فرقے آپ کو اپنا مذہبی پیشوا مانتے ہیں، جبکہ ہمارے نامور مذہبی پیشواؤں کو اگر ایک کلیسا والے مانتے ہیں تو دوسرے اس کے انکاری ہیں۔ علیؑ ایک زبردست خطیب، بہترین قلمکار، بلند پایہ قاضی تھے اور مکاتب فکر کے موسسین میں آپ پہلے درجے پر فائز ہیں۔ جس مکتب کی بنیاد آپ پر پڑی، وہ واضح و روشن اور منطقی استحکام اور ترقی و جدت کے اعتبار سے ممتاز ہے۔ علیؑ شرافت و شجاعت میں بے مثل تھے۔ آپ کی بلاغت اس قدر اعلی درجے کی ہے کہ گویا سونے کے تاروں سے ان کو جوڑا گیا ہو۔"

میرے سامنے فضیلتوں کا ایسا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر نمودار ہوا، جن کی شمارش سے میں قاصر تھا۔ میں نے جلدی جلدی بعض اہم شخصیات کے ایک ایک جملے کو اخذ کرنے کی کوشش کی۔ "حضرت علی نے اپنی دانش سے ثابت کیا کہ وہ  ایک عظیم ذہن رکھتے ہیں اور بہادری ان کے قدم چھوتی ہے۔(سکاڈش نقاد اور مصنف تھامس کارلائل (1795-1881) "حضرت علیؑ کی فصاحت تمام زمانوں میں سانس لیتی  رہے گی، خطابت ہو یا تیغ زنی وہ یکتا تھے۔ برطانوی ماہر تاریخ ایڈوڈ گیبن (1737-1794) "حضرت علیؑ لڑائی میں بہادر اور تقریروں میں فصیح تھے، وہ دوستوں پر شفیق اور دشمنوں پر فراخ دل تھے۔" (امریکی پروفیسر فلپ کے حتی 1886-1978) "سادگی حضرت علیؑ کی پہچان تھی، انھوں نے بچپن سے اپنا دل و جان رسول خدا کے نام کر دیا تھا۔ سرویلیم مور (1905-1918) "حضرت علیؑ ہمیشہ مسلم دنیا میں شرافت اور دانشمندی میں مثال رہیں گے۔" (برطانوی ماہر حرب جیرالڈ ڈی گورے 1897-1984) "حضرت علیؑ کا اسلام سے مخلصانہ پن اور معاف کرنے کی فراخدلی نے ہی ان کے دشمنوں کو شکست دی۔"

معروف برطانوی ماہر تعلیم دلفرڈ میڈلنگ (1930-2013) "خوش نصیب ہے وہ قوم جس میں علیؑ جیسا عادل اور مرد شجاع پیدا ہوا۔ نبی اکرم (ص) سے انہیں وہی نسبت ہے جو حضرت موسٰی سے حضرت ہاروں کو تھی۔" معروف مورخ چارلس ملز (1788-1826) "خانہ خدا میں حضرت علیؑ کی ولادت ایک ایسا خاصہ ہے جو کسی اور کا مقدر نہیں۔" برطانوی ماہر تعلیم سائمن اوکلے (1678-1720) "علیؑ ایسے صاحب فصاحت تھے کہ عرب میں ان کی باتیں زبان زد عام ہیں، آپٖ ایسے غنی تھے کہ مساکین کا ان کے گرد حلقہ رہتا تھا۔" امریکی تاریخ دان واشنگٹن آئیورنگ (1783-1859)ٖ "میرے نزدیک علیؑ کو سمجھنا سمندر کو کوزے میں بند کرنے کے مترادف ہے۔" بھارتی صحافی ڈی ایف کیرے (1911-1974) اس وقت میں دھنگ رہ گیا جب میں غیر مسلموں کے حضرت علیؑ سے اظہار عقیدت کو دیکھتے دیکھتے میری آنکھیں جواب دے گئیں، میرے ہاتھوں نے  کام کرنا چھوڑ دیا، میرے کانوں میں اب مزید فضائل برداشت کرنے کی طاقت نہ رہی۔ اب میں اس حقیقت تک جا پہنچا کہ اگر کائنات کی تمام درخت قلم، جن و انس لکھنے والے اور سارے سمندر سیاہی بھی بن جائیں، تب بھی حضرت علیؑ کی فٖضیلتوں کے سمندر کے کنارے تک بھی پہنچنا ممکن نہیں۔ اب بھی اگر لوگ علی ؑ کا دوسرے غیر معصوموں سے فضیلت میں موازنہ کرنے لگ جائیں تو سراسر ان کے ساتھ ناانصافی ہے، سمندر کو قطرے سے مشابہت دینے کی مانند ہے۔ اب میرے سوال کا کماحقہ جواب مجھے مل گیا ہے۔ اب یہ میرے ایمان کا پختہ حصہ بن گیا ہے کہ کائنات میں حضور اکرمؐ کے بعد سب سے افضل ہستی امام علیؑ ہیں۔
حوالہ جات:
1.www.yjc.ir
2.farsi.balaghah.net
3. Dawn News pk

تحریر۔۔۔۔۔محمد علی شاہ حسینی

Page 12 of 26

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree