''خیرالعمل فائونڈیشن '' انسانیت کی خدمت کے 3 سال (حصہ اول)

01 اکتوبر 2013

وحدت نیوز (اسلام آباد) خیرالعمل فائونڈیشن مجلس وحدت مسلمین پاکستان کا شعبہ فلاح و بہبود ہے جس کا بنیادی مقصد معاشرے کے محروم مستعضف اور پابرہنہ افراد کی بلاتفریق رنگ و نسل و مذہب خدمت کرنا اور معاشرے میں ثقافت، ایثار، بھائی چارے، محبت رواداری اور دوسروں کی مدد جیسی اعلٰی اقدار کو پروان چڑھا کر انسانیت کو بندگی کے بلند ترین مرتبے پر فائز کرنا ہے۔
رپورٹ: شوکت بھٹی

انسانیت کی خدمت شیوہ انبیاء ہے، وہ لوگ جو انسانیت کے دکھ درد کو محسوس کرتے ہوئے یہ کار انبیا سرانجام دیتے ہیں انہیں نہ صرف اس دنیا میں سرفرازی و سربلندی ملتی ہے، بلکہ وہ آخرت میں بھی سرخرو ہوتے ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے شعبہ فلاح و بہبود نے مستعضعیفین جہان بالخصوص پاکستان کے پسے ہوئے پا برہنہ لوگوں کی قدرتی و انسانی سانحات کے نتیجے میں پیدا ہونیوالی دگرگوں صورتحال پر توجہ مبذول کرتے ہوئے انتہائی قلیل وسائل کے ساتھ فقط اللہ کی نصرت پر قوی ایمان رکھتے ہوئے تین برس قبل انسانیت کی خدمت کے سفر کا آغاز کیا تھا، آغاز سفر پر 2010ء میں شہید قائد علامہ عارف حسین حسینی کی برسی کے موقع پر وطن عزیز میں مون سون بارشوں اور سیلابی صورتحال کے متاثرین کی بحالی کے لئے فلڈ ریلیف فنڈ قائم کیا گیا اور متاثرین کے ابتدائی ریلیف اور ریسکیو سے شروع ہونیوالا یہ سفر آبادکاری اور تعمیرنو مرحلے تک پہنچ چکا ہے، ان تمام مراحل کو عبور کرنے میں ایم ڈبلیو ایم کے مسئولین نے ایک ہدف کو سامنے رکھتے ہوئے دن رات انتہائی جانفشانی سے کام کیا، وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ جب اہداف میں وسعت آنے لگی تو ماضی کے تجربات و مشاہدات کی روشنی میں انفرادی طور پر کام کرنے کی بجائے ادارے کی شکل میں منظم ہونے کا فیصلہ کیا گیا اور یوں خیر العمل فائونڈیشن کے نام سے ایک مستقل ادارہ معرض وجود میں آیا۔

آج الحمدللہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان مسلسل کامیابیوں و کامرانیوں کی منازل طے کر رہی ہے، ان لازوال کامیابیوں میں جہاں تائید الٰہی، نصرت امام زماں اور تاثیر خون شہداء کا اثر ہے وہاں قدرتی سانحات و مشکلات میں گھرے ہوئے افراد کی خدمت میں خیرالعمل فائونڈیشن کے بےلوث اور فعال کردار کا بھی عمل دخل ہے۔ سرزمین پاکستان بالخصوص سندھ اور پنجاب میں مظلومین و شہداء کے ساتھ تجدید عہد کیلئے منعقد کئے جانیوالے عظیم الشان جلسوں میں عوام کی بھرپور شرکت کی وجہ ایم ڈبلیو ایم کے شعبہ فلاح و بہبود کی بےلوث خدمات بھی ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان اپنی تاسیس سے ہی معاشرے میں وطن، اسلام اور انسانیت دوست قوتوں کو اکٹھا کرنے کے لئے اسلام ناب محمدی (ص) کا پرچم بلند کئے عملی جدوجہد کر رہی ہے تاکہ رنگ، نسل، ذات اور مذہب کی بنیاد پر بائے جانے والے نفرتوں کو بیج اکھاڑ کر اسلامی تعلیمات کی روشنی میں معاشرے کی اخلاقی، معاشی، سماجی اور سیاسی قدروں کو پروان چڑھایا جا سکے۔

خیرالعمل فائونڈیشن مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ فلاح و بہبود ہے جس کا بنیادی مقصد معاشرے کے محروم مستعضف اور پابرہنہ افراد کی بلاتفریق رنگ و نسل و مذہب خدمت کرنا اور معاشرے میں ثقافت، ایثار، بھائی چارے، محبت رواداری اور دوسروں کی مدد جیسی اعلیٰ اقدار کو پروان چڑھا کر انسانیت کو بندگی کے بلند ترین مرتبے پر فائز کرنا ہے۔ اللہ تعالی نے اپنی مقدس کتاب قرآن کریم میں ارشاد فرمایا کہ نیکیوں کی طرف سبقت کرو"، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے شعبہ فلاح و بہبود نے اسی آیہ مبارکہ کو اپنا نعرہ بنا رکھا ہے اور اسی مشن کے تحت آگے بڑھ رہی ہے۔ انسانیت کی خدمات کے تسلسل اور اپنے اعلیٰ و ارفع اہداف کو سامنے رکھتے ہوئے خیر العمل فائونڈیشن نے ابتدائی طور پر تین اہم شعبوں ڈیزاسٹر منیجمنٹ پروگرام، سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ پروگرام اور ہیومن رائٹس پروٹیکشن پروگرام پر کام کا آغاز کیا ہے جن کے تحت مختلف علاقوں میں کام جاری ہے۔

1۔ڈیزاسٹر منیجمنٹ پروگرام (Desaster managment program)
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے شعبہ فلاح و بہبود خیر العمل فائونڈیشن کی جانب سے شروع کیے گئے اس فلاحی پروگرام کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ کسی بھی قدرتی یا انسانی سانحہ مثلاً زلزلہ، سیلاب، آتشزدگی یا بم دھماکے کی صورت میں بروقت اقدامات اٹھا کر نقصان کی شدت میں کمی لائی جا سکے، ریلیف و ریسکیو سرگرمیوں کو منظم انداز میں آگے بڑھانے کیلئے سکائوٹس اداروں، رضاکاروں اور دیگر فلاحی تنظیموں کے ساتھ ہم آہنگی کے لئے نیشنل والنٹیئر پرگرام کا اجراء کیا جائے اور ملک بھر میں رضاکارانہ خدمات سرانجام دینے والے دیگر فلاحی اداروں کے ساتھ ورکنگ ریلیشنز پیدا کئے جائیں، متاثرین کی بحالی، آبادکاری اور تعمیرنو کے مراحل خوش اسلوبی کے ساتھ طے کئے جائیں اور متاثرین کی بلاتفریق رنگ و نسل منصفانہ اور شفاف بنیادوں پر امداد کرنا اور ان کے معمولات زندگی واپس لوٹانے کے لئے مستقل بنیادوں پر منصوبہ بندی کی جائے۔ خیر العمل فائونڈیشن کے اس پروگرام کے تحت مرکزی ڈیزاسٹر منیجمنٹ سیل کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مرکزی و علاقائی سطح پر ڈیزاسٹر منیجمنٹ سیل قائم کیا جاتا ہے، جس کے تحت فوری امکانات و وسائل سے استفادہ کرتے ہوئے ہر سطح پر ایسی ٹیمیں تشکیل دی جاتی ہیں جو پہلے سے ہی اس صورتحال سے نبرد آزما ہونے کے لئے آمادہ و تیار ہوں اور خلوص نیت کے ساتھ فلاحی خدمات سرانجام دیں۔

2۔ مستقل و دیرپا نتائج کے منصوبے(Sustainable develop program)
خیر العمل فائونڈیشن کے اس منصوبے کے تحت معاشرے میں مختلف پہلووں سے بنیادی ضروریات زبدگی کی فراہمی کی رفتار کا جائزہ لیا جاتا ہے اور اس ضمن میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے طریقوں پر غور و خوض کیا جاتا ہے جس کے نتیجے میں افرادی، مالی، فکری اور دیگر توانائیوں سے استفادہ کیا جاتا ہے اور انسانی زندگی کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے بالواسطہ یا بلاواسطہ اقدامات بھی اٹھائے جاتے ہیں، اس پروگرام کو چند حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

شعبہ رابط و کوآرڈینیشن: اس شعبہ کے تحت ملک بھر میں کام کرنے والے رفاہی و فلاحی اداروں، تنظیموں کے ساتھ روابط رکھے جاتے ہیں، فلاحی سرگرمیوں کو ایک دوسرے کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کی کوششیں کی جاتی ہیں اور ان کے ساتھ حتی الامکان کوآرڈینیشن، تعاون، تجربات کے تبادلہ کے ساتھ ساتھ ورکنگ ریلیشز قائم کئے جاتے ہیں۔
 
شعبہ سروے اینڈ ریسرچ: اس شعبے کے تحت ملک بھر میں محرومین اور امداد کے مستحقین کو درپیش مسائل و مشکلات کا تفصیلی جائزہ لے کر ان کے حل کے لئے سروے رپورٹس مرتب کی جاتی ہیں اور ان رپورٹس پر عمل درآمد کے حوالے سے تجاویز و سفارشات مرتب کی جاتی ہیں۔

 چھوٹے منصوبوں کی تیاری اور ان پر عمل درآمد: یہ شعبہ سروے اینڈ ریسرچ ڈیپارٹمنٹ کی سفارشات کی روشنی میں چھوٹے منصوبوں کی فزیبلٹی تیار کرتا ہے، ان چھوٹے منصوبوں میں پولٹری فارم، ہینڈ پمپس، واٹر ٹربائنز، فلٹر پلانٹس، بیج و کھاد کی فراہمی، کاروبار و کسانوں کے لئے چھوٹے قرضے، طلبہ طالبات کو یونیفارم و سٹیشنری کی فراہمی، نادار بچیوں کو جہیز کی فراہمی اور مستحق مریضوں کے علاج کے منصوبے شامل ہیں، یہ منصوبے تیار کر کے ڈونرز تک پہنچائے جاتے ہیں اور ان کی منظوری کے بعد ان پر عمل درآمد کیا جاتا ہے۔

تعلیم سپورٹ پروگرام: اس شعبے کی ذمہ داریاں یہ ہیں کہ ایسے علاقے جن میں بنیادی و معیاری دینی و دنیاوی تعلیم کی فراہمی ایک اہم مسئلہ ہو وہاں تعلیمی مسائل حل کرنے کیلئے مقامی سطح پر تجربہ و صلاحیت رکھنے والے افراد کو سہولیات فراہم کرے تاکہ علاقہ کے تعلیمی مسائل حل کئے جا سکیں۔

شعبہ صحت عامہ: اس شعبہ کی ذمہ داریوں میں عوام الناس کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے بنیادی مراکز صحت کی طرز پر ڈسپنسریوں، صحت کے تمام بنیادی لوازمات کے ساتھ ضلعی و تحصیل سطح پر ہسپتالوں کا قیام شامل ہے، البتہ ان منصوبوں پر عمل درآمد کیلئے علاقہ میں صحت کی سہولیات کی صورتحال اور اس سروس کی فراہمی کیلئے موزوں اور متعلقہ تجربہ رکھنے والے افراد کی موجودگی پروجیکٹ کی اپروول میں اہم کردار ادا کرے گی۔
 
شعبہ کفالت ایتام: خیر العمل فائونڈیشن کے تمام شعبوں میں کفالت ایتام کا شعبہ انتہائی خاص اہمیت کا حامل ہے، اس شعبے کے تحت یتیموں کی بہترین انداز میں کفالت کی جائے گی اس ضمن میں یہ شعبہ ایک جامع منصوبہ بندی کر کے آبرومندانہ طریقے سے یتیموں کی کفالت کرے گا اور انہیں معاشرے کا باعزت شہری بنانے کے لئے موثر کردار ادا کرے گا، یہ شعبہ اس اہم ذمہ داری سے عہدہ برآء ہونے کے کے لیے اپنے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لانے کے ساتھ ساتھ مخیر شخصیات کو اس کار خیر کی ترغیب دینے کیلئے بھی موثر اور جامع پروگرام تشکیل دے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اپنے ارد گرد بسنے والے ایتام کی کفالت کو اپنے ذمہ لے کر قرب خدا حاصل کر سکیں۔
 
3۔ انسانی حقوق کی پاسداری (Human rights protection program)
خیرالعمل فائونڈیشن کے اس پروگرام کے اہداف میں بنیادی انسانی حقوق کی پاسداری کے لئے موثر آواز بلند کرنا، معاشرے کے پسے ہوئے محروم طبقے کی داد رسی اور ان کے حقوق کا دفاع سرفہرست ہے، اس ضمن میں بنیادی انسانی حقوق آگاہی پروگرام کے تحت عوام الناس کو بنیادی انسانی حقوق کا ادراک کرانے کیلئے لٹریچر آگاہی مہم چلائی جائے گی جس سے وہ اپنے حقوق کا احساس کرتے ہوئے مسائل کے حل اور مشکلات سے نجات حاصل کرنے کیلئے جدوجہد کریں گے، اس کام کے لئے وکلاء و سوشل ایکٹیوسٹ کا باقاعدہ ایک فورم تشکیل دیا جائے گا۔ (جاری ہے)



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree