وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین ملتان کے سیکرٹری جنرل علامہ قاضی نادر حسین علوی نے کہا ہے کہ قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے ساتھ اظہار یکجہتی کے کے طور پر 17جولائی کو ملک بھر میں خواتین کی احتجاجی ریلیاں اور مظاہرے کیے جائیں گے۔ ملتان میں 17 جولائی کو سہہ پہر چار بجے دولت گیٹ سے چوک گھنٹہ گھر تک احتجاجی ریلی نکالی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ملتان میں احتجاجی ریلی کے حوالے سے منعقدہ خواتین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ قاضی نادر حسین علوی کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں جاری شیعہ ٹارگٹ کلنگ اور ہمارے ساتھ کیے جانے والے امتیازی سلوک، عزاداروں پر بے بنیاد مقدمات، ذاکراین اور علمائے کرام کی ضلع بندی کے خلاف علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی کال پر خواتین اپنے بچوں سمیت احتجاج کریں گی اور حکومت وقت کو متنبہ کریں گی کہ اگر ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو 22 جولائی کو ملک بھر کی اہم شاہرائوں کو بند کر دیا جائے گا۔ اس موقع پر اُنہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں مجلس وحدت کے رہنمائوں کو سیکیورٹی فراہم کی جائے، مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل اور ممبر امن کمیٹی علامہ اقتدار حسین نقوی کی سیکیورٹی واپس کی جائے، ہم حکومت کو بارہا متنبہ کر چکے ہیں کہ وہ ہوش کے ناخن لے لیکن لگتا ہے کہ حکومت خواب غفلت میں ہے اور کسی ناخواشگوار واقعے کی منتظر ہے۔ ہم ملتان کی ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ علامہ اقتدار حسین نقوی کی سیکیورٹی کا فوری بندوبست کیا جائے۔