وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا ہے کہ 17جولائی کو خواتین کے کامیاب احتجاج کے بعد 22جولائی کو ملک بھر میں علامہ راجہ ناصر عباس کے ساتھ اظہار یکجہتی اور مطالبات کے حق میں احتجاجی دھرنے ہوں گے، اور پاکستان کی تمام اہم شاہراہیں بند کر دی جائیں گی۔ ملتان سے جاری بیان کے مطابق اُنہوں نے کہا کہ ہمیں راستے بند کرنے ، دھرنے دینے اور مظاہروں کا شوق نہیں لیکن ہمیں مجبور کیا جارہا ہے کہ ہم اپنی ماؤں ، بہنوں اور بیٹیوں کو سڑکوں پر لائیں، ہمیں عوامی اذیت کا احساس ہے لیکن اس کے سوا ہمارے پاس کو راستہ نہیں ہے، ہم اس ملک کے پُرامن شہری ہیں ، ملت جعفریہ کا قائد دو ماہ سے بھوک ہڑتال پر ہے حکومت بے حسی کا شکار ہے ۔ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمارے جائز مطالبات جن کی پاکستان کی تمام جماعتوں نے حمایت کی ہے پورے کیے جائیں ۔ علامہ اقتدار نقوی نے مزید کہا کہ 22جولائی کو ملک کے دیگر علاقوں کی طرح جنوبی پنجاب بھر کی تمام اہم شاہراہیں بند کردی جائیں گی۔ ملتان میں NLCبائی پاس،مظفرگڑھ میں ڈی جی خان بائی پاس، علی پور میں KLPروڈ، بھکر میں میانوالی بائی پاس،لیہ میں کروڑ لعل عیس روڈ، بہاولپور میں کراچی روڈ، لودھراں میں بہاولپور، رحیم یار خان میں بائی پاس،خانیوال میں جھنگ روڈ پر احتجاجی دھرنے دیے جائیں گے اور صبح دس بجے سے رات گئے شاہرائیں بلاک کر دی جائیں گی ۔ ہم حکومت کو ایک بار پھر متنبہ کرتے ہیں کہ اگر ہمارے کسی بھی شہر کے دھرنے یا شرکاء کو ہراساں یا تنگ کیا گیا تو یہ دھرنے پھر کوئٹہ کی یاد دلائیں گے اور اس نواز حکومت کے خاتمے کا باعث بنیں گے۔ علامہ اقتدار نقوی نے کہا کہ حکومت ہماری عزاداری کو روکنا چاہتی ہے 22جولائی کو پاکستان کی تمام شاہراؤں پر ماتمداری، مجلس عزا اور نوحہ خوانی ہوگی۔