وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے وفد نے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی کی قیادت میں ریجنل پولیس آفیسر(آرپی او)ملتان سلطان اعظم تیموری سے ملاقات کی۔ وفد میں ’’محرم کمیٹی‘‘کے کنوینر محمد عباس صدیقی، ملتان کے سیکرٹری جنرل سید ندیم عباس کاظمی،صوبائی ترجمان ثقلین نقوی اور خانیوال ولودھراں کے بانیان مجالس اور لائسنسدار شامل تھے۔ علامہ اقتدار نقوی نے ملاقات کے دوران کہا کہ ڈی پی او خانیوال اور ڈی پی لودھراں عزاداروں کے بے جاتنگ کررہے ہیں ، لودھراں میں چار سال قبل معاہدے پر عملدرآمد نہیں کرایا جارہا ، امام بارگاہ کے گیٹ نہ ہونے کی وجہ سے محرم الحرام کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما ہوسکتا ہے، لودھراں میں مجلس وحدت مسلمین کو ہراساں کیا جارہا ہے جلوس ہائے عزاء کے روٹ تبدیل کیا جارہا ہے جو کسی صورت بھی قابل قبول نہیں ہے۔ علامہ اقتدار نقوی نے کہا کہ اسی طرح ڈی پی او خانیوال اور مقامی ایس ایچ او تحصیل کبیروالا کے علاقے بڑجھ سرگانہ میں جلوس کے منتظمین کو ہراساں کررہے ہیں، 9محرم کو نکالے جانے والے جلوس کے شرکاء کے ساتھ نامناسب سلوک کیا جاتا ہے، خواتین اور بچوں کو زبردستی پولیس گاڑیوں میں بٹھادیا جاتا ہے ۔ اس موقع پر آرپی او ملتان نے مجلس وحدت مسلمین کے وفد کو یقین دلایا کہ دونوں اضلاع میں مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ میں بہت جلد متعلقہ اضلاع کے ڈی پی اوز سے اس حوالے سے بات کروں گا اور محرم سے پہلے یہ مسائل حل کریں گے۔ آخر میں علامہ اقتدار حسین نقوی نے آرپی او ملتان کو یقین دہانی کرائی کہ محرم کے دوران جنوبی پنجاب بھر میں مجلس وحدت مسلمین انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی اور محرم الحرام میں امن وامان قائم رکھنے کے لیے ہرممکن کردارادا کرے گی۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ ملتا ن میں جلوسوں کے روٹس کی مرمت کو محرم سے پہلے یقینی بنائے۔