وحدت نیوز(ملتان) سٹی نیوز نیٹ ورک نے سٹی 42، سٹی 41، یو کے44، چینل 24 کے بعد جنوبی پنجاب کی عوام کے لیے ''روہی ٹی وی ''کی نشریات کا آغاز کر دیا، مقامی ٹی وی چینل کی افتتاحی تقریب جنوبی پنجاب کے مرکز ملتان میں منعقد ہوئی، تقریب میں سٹی نیوز نیٹ ورک کے چیف ایگزیکٹو سید محسن نقوی، سابق وزرائے اعظم سید یوسف رضا گیلانی، چوہدری شجاعت حسین، سابق وفاقی وزیر حامد سعید کاظمی، سابق اسپیکر سید فخر امام، صوبائی وزراء مجتبی شجاع الرحمان، عمران نذیر، سابق ضلعی ناظم بہاولپور طارق بشیر چیمہ، ممبران قومی وصوبائی اسمبلی، چیئرمین ضلع کونسل ملتان دیوان محمد عباس بخاری، میئر ملتان چوہدری نوید الحق آرائیں، چیئرمین ضلع کونسل خانیوال محمد رضا سرگانہ، مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، ڈپٹی سیکریٹری جنرل سلیم صدیقی، سیکریٹری اطلاعات ثقلین نقوی سمیت سنیئر صحافیوں، وکلاء، تاجر اور سیاستدانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سٹی نیوز نیٹ ورک کی جانب سے جنوبی پنجاب کی عوام کے لیے روہی ٹی وی کا تحفہ لائق تحسین ہے، میں اُمید کرتا ہوں کہ سٹی نیوز نیٹ ورک کے دیگر چینلز کی طرح روہی ٹی وی بھی کامیاب ہوگا۔ اس موقع پر رہنمائوں نے روہی ٹی وی کو جنوبی پنجاب کی عوام کے مسائل کو اُجاگر کرنے کا ذریعہ قرار دیا۔