وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام ملک کے دیگر شہروں کی طرح جنوبی پنجاب میں بھی 8شوال 3جولائی کو عالمی یوم انہدام جنت البقیع منایا جائے گا، مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد اصغر تقی اور صوبائی ترجمان ثقلین نقوی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ آل سعود حکومت کی جانب سے 8شوال کو جنت البقیع میں صحابہ کرام، اُمہات المومنین اور آئمہ اطہار کی قبور کو مسمار کرادیا گیا تھا، جس کے بعد 8شوال کو دنیا بھر میں آل سعود کی اس اسلام دشمن حرکت کے خلاف یوم احتجاج منایا جاتا ہے، علامہ اقتدار نقوی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام ملک کے دیگر شہروں کی طرح جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے، اُنہوں نے کہا کہ 8شوال 3جولائی کو ملتان پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا ، احتجاجی مظاہرے میں دیگر جماعتوں کو بھی شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ سعودی حکومت کی جانب سے صحابہ کرام، اُمہات المومنین اور آئمہ اطہار کی قبور کو مسمار کرانا عالم اسلام کے منہ پر طمانچہ ہے،اُمہات المومنین ، آئمہ اطہار اور صحابہ کرام کی قبور مسلمانوں کے لیے مرکز ہدایت ہیں۔