وحدت نیوز(لیہ) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری تنظیم سازی سید عدیل عباس زیدی نے سانحہ مستونگ اور پنجاب سے اب تک 4 شیعہ علمائے کرام کی بلاجواز گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک ملت تشیع پاکستان کو تکفیری دہشتگردوں کی جانب سے نشانہ بنایا جارہا ہے تو دوسری جانب پنجاب میں علمائے کرام کو حراست میں لیا جارہا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پنجاب مسلم لیگ نون اور پنجاب حکومت اپنے اقتدار کو رخصت ہوتا دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے، جس کی وجہ سے امن اور علم کا درس دینے والوں کو گرفتار کیا جارہا ہے، ان کا کہنا تھا کہ ایک ماہ کے دوران 4 شیعہ علمائے کرام کی گرفتاریاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ پنجاب حکومت اب انتقامی کارروائیوں پر اتر آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مستونگ میں ایک بار پھر شیعہ ہزارہ شہریوں کے خون سے ہولی کھیلی گئی، اگر بلوچستان حکومت عوام کو تحفظ فراہم نہیں کرسکتی تو فوری طور پر مستعفی ہوجائے۔