وحدت نیوز(ملتان) پانامہ کیس پر سپریم کورٹ کے جرات مندانہ فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں، امید ہے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کو بھی انصاف ملے گا ،ان خیالات کا اظہار انجینئر مہر سخاوت علی سیکرٹری سیاسیات مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب نے صوبائی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے ایک بیان میں کیا ، انہوں نے کہا کہ جس طرح پاکستان کی اعلیٰ عدلیہ نے نہایت جرات سے سابقہ وزیراعظم نواز شریف کے خلاف حق پر مبنی فیصلہ دے کر یہ ثابت کر دیا کہ پاکستان میں عدلیہ کسی طاقتور سے مغلوب نہیں ہو سکتی اسی طرح امید ہے کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کو بھی انصاف ملے گا اور سانحے میں ملوث پنجاب حکومت کے وزراء اور افسران کو بے گناہ پاکستانی شہریوں کے قتل میں سزائے موت دی جائے گی۔ تاکہ سرزمين پاکستان پر انصاف کا بول بالا ہو اور ظالم حکمرانوں کو انکے انجام تک پہنچایا جا سکے ۔