وحدت نیوز (لیہ) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری تنظیم سازی سید عدیل عباس زیدی نے 4 ماہ قبل لاپتہ ہونیوالے دو بھائیوں سید نسیم عباس شاہ اور سید شاہین عباس شاہ کی رہائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام لاپتہ شیعہ افراد کی رہائی تک احتجاجی تحریک جاری رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیہ میں شیعہ عمائدین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جیل بھرو تحریک آخری لاپتہ شیعہ جوان کی رہائی تک جاری رہے گی، سید نسیم عباس اور سید شاہین عباس کی رہائی خوش آئند ہے، یہ رہائی قائدین کی جانب سے شروع کردہ تحریک کا ثمر ہے، ہم توقع رکھتے ہیں باقی ماندہ تمام لاپتہ شیعہ افراد اسی طرح خیر و عافیت سے اپنے گھروں کو واپس آئیں گے۔ اگر ایسا نہ ہوا تو علامہ حسن ظفر نقوی کی گرفتاری سے شروع ہونے والی یہ تحریک آگے بڑھے گی اور امید ہے کہ لیہ کے مومنین بھی اس میں اپنا بھرپور حصہ ڈالیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ لیہ، بھکر سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں سے مومنین لاپتہ ہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ جنوبی پنجاب سمیت ملک بھر سے لاپتہ ہونے والے مومنین کو جلد از جلد بازیاب کرایا جائے۔