وحدت نیوز(ملتان) ڈپٹی کمشنر ملتان محمد عامر خٹک، رکن صوبائی اسمبلی بیرسٹر وسیم خان بادوزئی،سی پی او ملتان میاں محبوب رشید، رہنما مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب انجینئر سخاوت علی نے کہا ہے کہ مسیحی برادری کے حقوق کے لئے حکومتی سطح پر اقدامات کئے جارہے ہیں قیام پاکستان کے موقع پر مسیحی برادری کی بیش بہا قربانیوں کو فراموش نہیں کیاجاسکتا مسیحی بھائیوں کو کرسمس تہوار کے موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہیں مسیحی ہمارے بھائی ہیں اور ان کے حقوق اور مسائل کے حل کے لئے پاکستان میں عملی طور پر اقدامات کو یقینی بنایا جارہا ہے جبکہ ہمسایہ ملک میں اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک اختیار کیاجارہا ہے پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور اولیاء اللہ کی دھرتی ملتان محبتوں کا شہر ہے جہاں سے دنیا بھر میں اتحاد، اخوت، امن اور بھائی چارے کا پیغام جاتا ہے مسیحی برادری سمیت دیگر اقلیتی برادری ہمارے لئے قابل احترام ہے جو ملک وقوم کی سلامتی، ترقی و خوشحالی کے لئے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کرسمس تہوار کے سلسلے میں کیتھولک چرچ میں کیک کاٹنے کی تقریب کے دوران کیا اس موقع پر بشپ یونس سہراب، بشپ ہولیڈک پول نے مہمانان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہوں نے ان کے مذہبی تہوار کرسمس کے موقع پر ان کی خوشیوں میں شامل ہو کر ان کی حوصلہ افزائی کی جبکہ اس موقع پر تحفظ عزاداری حضرت امام حسین ؑ کونسل کے مرکزی صدر خاور شفقت بھٹہ ، طالب حسین پرواز حسین، علامہ مرتضی خان، سید حسنین رضا،سلیم خان گجر، ملک اسماعیل شجرا بھی موجود تھے ۔