وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم عباس صدیقی نے کہا ہے کہ ماہ رمضان المبارک شروع ہونے سے قبل ہی ضروریات زندگی کی اشیاء مہنگی ہونا شروع ہوچکی ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ حکومت اپنی رٹ قائم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے، جس کا دل چاہتا ہے اپنی مرضی سے قیمتوں میں اضافہ کر دیتا ہے اور سرکاری سطح پر قیمتوں کے تعین سے لیکر قیمتوں کی جانچ پڑتال کا کوئی جامع نظام نظر نہیں آتا۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ ماہ رمضان المبارک کے شروع ہونے سے قبل مہنگائی میں کمی کیلئے خصوصی اقدامات کرے تاکہ عوام ذہنی سکون کے ساتھ ماہ رمضان المبارک کی مقدس ساعتوں سے فیضیاب ہوسکیں۔
انہوں نے کہاکہ آسمان سے باتیں کرتی مہنگائی کی وجہ سے عام آدمی کیلئے اپنی سفید پوشی کا بھرم رکھنا اور جسم و روح کا رشتہ برقرار رکھنا مشکل ہوچکا ہے۔ حکومت موجودہ نظام کی تبدیلی کی بجائے خود ہی نظام کی خرابی کا رونا روتی نظر آتی ہے۔ حالانکہ یہ بات عیاں ہوچکی ہے کہ موجودہ کرپٹ اور فرسودہ نظام عوام کا سب سے بڑا دشمن ہے، جب تک اسے تبدیل نہیں کیا جاتا اس وقت تک عوام آدمی کو ریلیف ملنا بہت مشکل ہے۔ عوام تبدیلی کے نعرے کو عملی شکل میں ڈھلتے دیکھنا چاہتے ہیں مگر ابھی تک دور دور تک اس کے آثار نظر نہیں آتے۔