وحدت نیوز(ملتان)ملتان سمیت پنجاب بھر میں شیعیان حیدر کرار کے خلاف یوم علی علیہ السلام اور اُس کے بعد یوم القدس کے موقع پر درج کیے گئے مقدمات، بلاجواز گرفتاریاں، چادر و چاردیواری کے تقدس کی پامالی کیخلاف ملتان میں شیعہ رہنمائوں اور قائدین نے وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے سیاسی اُمور و ممبر قومی اسمبلی ملک محمد عامر ڈوگر سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نے کی، جبکہ وفد میں انجمن تحفظ عزاداری کے صدر خاور حسنین بھٹہ، سید طالب حسین پرواز، انجینیئر سخاوت علی، ناصر علی کربلائی، حسنین بخاری، خادم بخاری، آصف گردیزی، عمران نقوی، عترت کاظمی، مصطفیٰ زیدی، ندیم کاظمی اور دیگر موجود تھے۔ شیعہ قائدین اور رہنمائوں نے ملاقات میں ملتان انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے بزدلانہ کارروائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
رہنمائوں کا کہنا تھا کہ عزاداری ہماری ریڈ لائن ہے، اس سے ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے، ہم سمجھتے ہیں کہ ملک کا ماحول ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت خراب کیا جا رہا ہے، ملتان ایک پُرامن شہر ہے، اس کے امن کو تباہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، ہمارے ساتھ انتظامیہ نے معاملات خود طے کیے اور پھر مقدمے بھی درج کر دیئے، اگر ملتان انتظامیہ اور پولیس نے روش نہ بدلی تو حالات یکسر مختلف ہوں گے۔ رہنمائوں نے اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی کو ایک یادداشت بھی پیش کی۔ رہنمائوں نے مطالبہ کیا کہ ملتان سمیت پنجاب بھر میں قائم کیے گئے بے بنیاد مقدمات کو فی الفور ختم کیا جائے اور 8 شوال یوم انہدام جنت القبیع کے موقع پر کسی بدمزگی سے بچنے کے لیے عزاداروں کے ساتھ تعاون کیا جائے۔
رہنمائوں نے کہا کہ ہم ہر ظالم کے خلاف ہیں اور مظلوم کے حامی ہیں، جنہوں نے خاتون جنت سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کا روضہ شہید کیا ہے، وہ قطعاً مسلمان نہیں ہوسکتے۔ اُنہوں نے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی یوم انہدام جنت القبیع کا مرکزی جلوس گھنٹہ گھر چوک سے شروع ہو کر نواں شہر چوک پر اختتام پذیر ہوگا۔ اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی ملک عامر ڈوگر نے کہا کہ ان شاء اللہ آپ کی یادداشت بھی وزیراعظم تک پہنچائی جائے گی اور ملتان کی ضلعی انتظامیہ اور پولیس سے اس حوالے سے ملاقات کرکے انصاف کے تقاضوں کو پورا کیا جائے گا۔