وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب ضلع ملتان کے زیراہتمام جامع مسجد الحسین نیوملتان میں رہبر کبیر بانی انقلاب امام خمینی رحمتہ اللہ علیہ کی 32ویں برسی کے حوالے سے مجلس عزاء کا اہتمام کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، مولانا سلمان محمدی، مولانا صابر حسین بلوچ اور سید کاشف رضا زیدی نے خطاب کیا۔ برسی کی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے امام خمینی رحمة اللہ علیہ کی زندگی کے مختلف پہلووں پر گفتگو کی۔
رہنمائوں نے کہا کہ امام خمینی رحمة اللہ علیہ نے اس خطے میں ایک ایسے انقلاب کی بنیاد رکھی جس کا کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا۔ آمر، جابر اور ظالم بادشاہ کے مدمقابل کھڑے ہو کر استعمار کو شکست دے کر ثابت کیا کہ اگر مطمع نظر ذات خدا ہو تو بڑی سے بڑی مشکل آسان ہوجاتی ہے، آج اُس انقلاب کی کرنیں پورے خطے میں پھیل چکی ہیں، یہ انقلاب کے ثمرات ہی ہیں اسلامی تحریکیں اور نہضتیں روز بروز کامیاب ہورہی ہیں۔ برسی کے اختتام پرامام خمینی رحمتہ اللہ علیہ، شہدائے اسلام و شہدائے راہ حق کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔