وحدت نیوز(ملتان )مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا ہے کہ ایم ڈبلیو ایم ایک مذہبی سیاسی جماعت ہے، ہم پاکستان میں ایسا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں کہ ملت کے ہر فرد کو تحفظ یقینی حاصل ہو۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے مقامی ہوٹل میں ایم ڈبلیو ایم کے رہنماؤں،کارکنوں اور عمائدین سے ملاقات میں کیا۔
اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی رہنما طاہر خورشید، دلاور زیدی، ندیم کاظمی، ڈاکٹر ابوذر رضا نقوی، مولانا باقر حسین نقوی،ملازم حسین گرمانی، عمر خان مشوری ایڈووکیٹ اور دیگر موجود تھے۔
علامہ اقتدار نقوی نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے بانیان پاکستان کی اولاد کو دیوار کے ساتھ لگایا گیا ہے، شیعہ حضرات امام بارگاہوں میں چلے گئے اور سنی حضرات درگاہوں میں چلے گئے جب کہ پاکستان مخالف اقتدار میں آگئے۔
اُنہوں نے کہا کہ مقتدر اداروں میں ہمارا نفوذ ہو، ہم اپنے مذہب کے لیے سیاست کر رہے ہیں۔ قوم میں سیاسی شعور پیدا کرنے کی ضرورت ہے ہمیں طاقتور ہونا ہوگا، کسی شخص یا گروہ کو فرنٹ لائن پر اپنے آئینی و مذہبی حقوق کی بات کرنی ہو گی ورنہ ہم اسی طرح روند دیے جائیں گے، جو لوگ اس وقت میدان میں ہیں ہمیں ان کا ساتھ دینا چاہیے ورنہ دشمن کے مقابلے میں ہم کامیاب نہیں ہوں گے۔
علامہ اقتدار نقوی نے کہا کہ ہمیں تنظیم اور شخصیت پرستی سے نکلنا ہوگا، جھونپڑی پر بھی علم لگانے والا ہمارا حصہ ہے، عزت اور آبرو مندی اپنی قوم کے لئے ہونی چاہیے، تمام مکاتب فکر سے ہمارا اچھا سلوک ہونا چاہیے، جو لوگ خدا کی راہ میں کام کرتے ہیں وہ ہمیشہ زندہ رہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بہت جلد ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کی تنظیم سازی کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔ اس موقع پر محمد کاظم رضا، مونس رضا، علی عمران کربلائی، جعفر حسین، شفقت عباس ملانہ، فضل عباس، دل جان اصغر، شمشیر حیدر اور امجد عباس بھی موجود تھے۔