وحدت نیوز(ملتان)مجلس وحدت مسلمین عزاداری ونگ جنوبی پنجاب کے صوبائی صدر و ممبر ڈویژنل امن کمیٹی ملتان انجینئر مہر سخاوت علی سیال نے کہا ہے کہ محرم الحرام سے قبل ڈویژنل انتظامیہ، میونسپل کارپوریشن، واسا، واپڈااور دیگر ادارے جلوس ہائے عزا کے روٹس، امام بارگاہوں کے راستوں اور دیگر معاملات کو محرم الحرام سے پہلے حل کرے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ملتان میں میٹروپولیٹن کارپوریشن کے دفتر میں عزاداروں کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ملتان بھر کے لائسنسداران، عزادار، بانیان مجالس، متولی امام بارگاہ اور انتظامیہ کے افراد موجود تھے۔ اس موقع پر انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی کہ محرم الحرام سے قبل تمام انتظامات مکمل کر لیے جائیں گے، جلوس روٹس کے مسائل سمیت دیگر ایشو کو حل کیا جائے گا۔ اس موقع پر انجینئر سخاوت علی سیال نے مزید کہا کہ گزشتہ سالوں میں جن علاقوں میں جلوس روٹس کے مسائل رونما ہوئے اُنہیں بروقت نمٹایا جائے، جلوس کے راستوں میں سیوریج، بجلی اور سڑکوں پر فی الفور کام شروع کیا جائے۔