وحدت نیوز (ملتان) امریکہ دنیا بھر میں دہشت گرد قوتوں کا سرپرست ہے، ملک بھر میں قائد وحدت علامہ ناصر عباس کی اپیل پرمئی کو یوم مردہ باد امریکہ منایا جائے گا۔ ملک بھر میں امریکی ناپاک عزائم کے خلاف احتجاج اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔جنوبی پنجاب بھر میں احتجاجی ریلیاں اور مظاہرے کیے جائیں گے، جنوبی پنجاب کی مرکزی ریلی ملتان میں دولت گیٹ سے چوک گھنٹہ گھر تک نکالی جائے گی، ان خیالات کااظہار مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
علامہ اقتدار نقوی نے مزید کہا کہ امریکہ ہی ہے جو فلسطین میں اسرائیل کے غاصبانہ تسلط اور ناجائز ریاست اسرائیل کے جرائم کی پشت پناہی اور سرپرستی کر رہا ہے، امریکہ ہی ہے کہ جس نے پہلے افغانستان پھر عراق میں اپنے دہشتگردانہ ناپاک عزائم کو تکمیل دینے کے کئے دسیوں ہزار معصوم انسانوں کو موت کی نیند سلا دیا۔امریکہ ہی ہے کہ جس نے داعش جیسی خونخوار دہشت گروہوں کو جنم دیا اور شام و عراق میں دہشت گردی کا بازار گرم کیا اب یہی امریکہ شام و عراق میں ناکام ہونے کے بعد اپنے ناپاک منصوبوں کا نشانہ پاکستان کو بنانے پر تلا ہوا ہے اور داعش جیسی دہشتگرد تنظیموں کو افغانستان میں سرپرستی کر کے خطے کو غیر مستحکم کرنا چاہتا ہے۔یہ ایک الارمنگ صورت حال ہے افغانستان اور پاکستان میں گزشتہ چند ماہ میں ہونے والی ہزارہ برادری کی کلنگ کے پیچھے انہی دہشت گردوں کا ہاتھ ہے جو امریکا اور اسکے اتحادیوں نے ہی بھرتی کئے اور انہیں جہاد کے نام پر استعمال کیا۔ مختلف ممالک کے وسائل کی لوٹ مار کرنا، کٹھ پتلی حکومتیں قائم کرکے ڈکٹیٹروں ظالم موروثی حکومتوں اور شیوخ و بادشاہوں کو قوموں پر مسلط کرکے انکی آزادیوں کو سلب کرنا، یہ سب امام خمینی کے اس جملے کو بالکل سچ ثابت کرتا ہے کہ ہماری تمام ترمشکلات کا ذمے دار امریکا ہے کئی جگہ دہشت گرد امریکی سرپرستی میں کام کر رہے ہیں۔دنیا بھر میں جتنی بھی بد امنی ہے اس کے پیچھے امریکہ اور اس کے حواری ہیں جو دنیا پر اپنا تسلط برقرار رکھنے کے لئے دنیا بھر میں انسانوں کا خون بہارہے ہیں۔ امریکہ دنیا کا سب سے بڑا شیطان اور دہشت گرد ہے۔
رہنماں کا کہنا تھا کہ امریکہ کا مقبوضہ یروشلم میں اپنا سفارتخانہ منتقل کر نے اورامریکی حکومت کا پاکستان کے ساتھ نازیبا رویہ قابل مذمت ہے۔13 مئی کو علامہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر ملک بھر میں یوم مردہ باد امریکہ کے عنوان سے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔اجلاس میں صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم عباس صدیقی، مہر سخاوت علی، وسیم زیدی، مرزاوجاہت علی ، ثقلین نقوی اور دیگر موجود تھے۔