وحدت نیوز (لاڑکانہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکریٹری جنرل ناصر ملت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے صوبائی ڈپٹی سیکریٹری یوتھ ندیم جعفری ،مجلس وحدت مسلمین ضلع سکھر کے مسئولین چوہدری اظہر حسن، آفتاب میرانی،منتظر مھدی، ضلعی سیکریٹری جنرل ملیرکراچی احسن عباس کے ہمراہ لاڑکانہ میں سیکریٹری جنرل جناب طارق حسین بدوی سے ان کی والدہ اور بھائی کے انتقال پر ان سے تعذیت کی. اس موقعہ پر لاڑکانہ کی ضلعی کابینہ کے اراکین طارق رسول انڑ، مشتاق علی میمن، حق نواز اعوان، اعجاز علی سولنگی، عبدالرزاق جمالی، ڈاکٹر نبی ڈنو اور توحید حیدر ابڑو بھی موجود تھے. فاتحہ خوانی کے بعد تنظیمی امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی.

وحدت نیوز (اسلام آباد) صدر اسلامی جمہوریہ ایران ڈاکٹرحسن روحانی نے دورہ پاکستان کے دوسرے دن سرینا ہوٹل اسلام آباد میں علماء اور دانشوروں کے ساتھ نشست سے خطاب کیا، اس موقع پرمجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ امین شہیدی ، علامہ اصغر عسکری، علامہ اقبال بہشتی، علامہ مقصودڈومکی، علامہ سبطین حسین الحسینی سمیت ملک بھر سے جید علمائے کرام اور دانشور حضرات نے تقریب میں شرکت کی، جبکہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری دورہ سندھ کے باعث تقریب میں شرکت نہ کرسکے، تقریب وقت مقررہ سے ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر سے شروع ہو ئی جس کے باعث علامہ امین شہیدی اور ڈاکٹر ابولخیر محمد زبیرخطاب نہ کرسکے،علماء کی جانب سے نمائندہ خطابات جمعیت علمائے اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق اور شیعہ علماء کونسل کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کیا۔ اس موقع پر بے نظیر بھٹو یونیورسٹی پشاور کی وائس چانسلر ڈاکٹر رضیہ سلطانہ اور فارسی زبان کے استاد پروفیسر ڈاکٹر اکرم شاہ اکرام نے بھی خطاب کیا۔



وحدت نیوز(مظفرآباد ) علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے کہا ہے کہ لاہور لہو لہو، گلشن اقبال پارک دھماکے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ،شہداء کے لواحقین سے اظہار ہمدردی جبکہ زخمیوں کی صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں ، دہشت گرد اسلام و پاکستان دشمن ، ان کا خاتمہ ناگزیر ہے ، تکفیری و انتہائ پسند قوتیں غیر ملکی ایجنٹ ہیں ، اغیار کے ایجنڈوں کی تکمیل ان کا مشن ہے ، مملکت خداداد پاکستان کو ان سے پاک کیا جائے ، لاہور میں ہونے والے سانحے میں ملوث عناصر کو جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے ، آپریشن ضرب عضب اہداف کے حصول میں ناکام نظر آ رہا ہے، یہ آپریشن اس وقت تک کامیاب نہیں جب تک ملک کے گلی کوچوں سے دہشت گر دوں ،ناسوروں و سفاک درندوں کا خاتمہ نہ کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان آزاد جموں و کشمیر علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے یہاں صحافیوں سے بات چیت میں کیا ۔

 انہوں نے کہا دہشت گرد تکفیری عناصر اس ملک کو آگ و خون کی بارش میں نہلانا چاہتے ہیں ، سوال ہے کہاں ہیں قانون نافذ کرنے والے ادارے ؟ کہاں ہیں نیشنل ایکشن پلان کے ثمرات؟ کالعدم جماعتوں پر پابندیاں کیا صرف کاغذی تھیں ؟ ان کی مشکوک سرگرمیوں پر خاموشی لمحہ فکریہ ہے، اس صورتحال میں وزیراعظم پاکستان ، وزیرداخلہ اور وزیراعلیٰ پنجاب کو قوم کے سامنے آ کر جواب دینا چاہیے ۔ لاہور میں ہونے والا واقعہ دلوں کو دہلاگیا، درندگی کی انتہائ ، ان عناصر کے کنٹرول کرنے میں ذمہ داران مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں ، اگر انسان کا بنیادی حق زندگی ہی اسے میسر نہیں توکیا کیا جائے؟ حکومت عوام کی جان و مال کی حفاظت کی ذمہ دار، مگر کہاں سوئی ہوئی ہے؟ لاہور میں اتنا بڑا واقعہ ہو گیا، میڈیا چلا چلا کر بتاتا رہا، مگر کوئی بھی ذمہ دار میڈیا پر نہیں آیا کیوں، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ لاہور میں ہونے والے واقعے میں ملوث عناصر کو بے نقاب کرنے کے لیے ہر قسم کے وسائل کو بروئے کار لایا جائے، کیفر کردار تک پہنچایا جائے ، ایسے عناصر کو چوکوں چوراہوں میں نشان عبرت بنا دیا جائے ۔

وحدت نیوز(لاہور) گلشن اقبال پارک کے اندر ہونیوالے دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 70 سے تجاوز کر چکی ہے۔ دھماکہ پارک کے گیٹ نمبر ایک کے قریب ہوا، جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 70 افراد جاں بحق اور 300 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں، جب کہ صوبائی وزیر بلال یاسین نے بھی 51 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ گلشن اقبال پارک کے گیٹ پر دھماکے کے بعد امدادی ٹیموں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو فاروق اور شیخ زید ہسپتال منتقل کیا۔ زخمیوں میں خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد شامل ہے۔ فاروق ہسپتال میں بستروں کی کمی کے باعث زخمیوں کو دیگر ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جبکہ امدادی ٹیمیں جناح ہسپتال میں بھی زخمیوں کو منتقل کر رہی ہیں، جہاں 36 افراد کی لاشیں موجود ہیں۔ جناح ہسپتال میں متعدد زخمیوں کو لایا گیا، جس کے بعد چھٹیوں پر گئے ڈاکٹروں کو بھی دوبارہ طلب کر لیا گیا اور انتظامیہ کی جانب سے عوام سے خون کے عطیات کی اپیل کی گئی ہے اور شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ ہسپتال میں جمع نہ ہوں، کیونکہ شدید رش کے باعث امدادی کاموں میں دشواری کا سامنا ہے۔

دوسری جانب دھماکے کے بعد شہر بھر کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی جبکہ جائے وقوعہ پر پولیس کی بھاری نفری نے پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیئے۔ ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور نے گلشن اقبال پارک کے گیٹ نمبر ایک پر خود کو دھماکے سے اڑایا اور دھماکے کی نوعیت انتہائی شدید تھی، جس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گلشن اقبال پارک کا کنٹرول پاک فوج نے سنبھالتے ہوئے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا، جب کہ ملٹری پولیس کے دستوں نے بھی پارک کو گھیرے میں لے لیا۔ عینی شاہدین کے مطابق ایک مشکوک شخص جس کی عمر 20 سے 25 سال کے درمیان تھی اور اس کا رنگ گندمی تھا، پارکنگ ایریا میں پھر رہا تھا اور وہیں دھماکہ ہوا۔ صدر ممنون حسین کا دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہنا ہے کہ بزدلانہ کارروائیوں سے دہشتگردی کیخلاف عزم متزلزل نہیں ہوگا جبکہ وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق لاہور کے علاقے اقبال ٹاؤن میں واقع گلشن اقبال پارک میں خودکش دھماکے سے 65 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمی اور جاں بحق ہونے والے افراد میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔ خودکش دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس سے پورا علاقہ دہل کر رہ گیا اور ہر طرف افراتفری پھیل گئی۔ پولیس کے مطابق یہ دھماکہ گلشن اقبال پارک کے گیٹ نمبر ایک کے قریب ہوا۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری، فائر بریگیڈز کا عملہ، بم ڈسپوزل سکواڈ اور امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں، جنہوں نے علاقے کو مکمل گھیرے میں لے کر سیل کر دیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق خودکش دھماکے میں 20 کلو سے زائد بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ بارودی مواد میں بال بیرنگ کا استعمال بھی ہوا۔ پولیس ذرائع کے مطابق خودکش بمبار کی عمر 20 سے 22 سال تھی۔

وزیراعلٰی پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے خودکش حملے کی پرزور الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے دہشتگردی واقعے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے صوبہ بھر میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ تمام سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم بھی سرنگوں رہے گا۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور ڈاکٹر حیدر اشرف کا دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عینی شاہدین اور ابتدائی تحقیقات کے مطابق گلشن اقبال پارک میں ہونے والا یہ دھماکہ خودکش تھا۔ صوبائی مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ خودکش دھماکے کے بعد لاہور کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ ہسپتالوں میں تمام ڈاکٹرز اپنی ڈیوٹی پر موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ہسپتالوں میں لائے گئے زخمیوں کی تعداد 200 سے زائد ہے جبکہ 50 سے زائد افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔ انہوں نے عوام سے خون کے عطیات دینے کی اپیل کی ہے۔ گلشن اقبال پارک میں خودکش دھماکے کے بعد شہر کے تمام تفریحی مقامات خالی کرا لئے گئے ہیں۔ صوبائی دارالحکومت میں دھماکے کے بعد پنجاب بھر میں سکیورٹی بھی انتہائی سخت کر دی گئی ہے۔ کئی مقامات پر سرچ آپریشنز کی اطلاعات بھی ہیں۔ قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے شہریوں سے اپنے اردگرد کے ماحول پر نظر رکھنے کی اپیل بھی کی ہے۔

وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے لاہور پارک دھماکہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ معصوم انسانی جانوں سے کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ ایک پارک میں خودکش دھماکہ بربریت کی بدترین مثال ہے۔ قیمتی انسانی جانوں کے اس ناقابل تلافی ضیاع پر جتنا بھی افسوس کیا جائے وہ کم ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حکومت مطلوبہ نتائج حاصل کرنے میں ناکام رہی، جس کا بنیادی سبب حکومتی صفوں میں ایسے عناصر کی موجودگی ہے، جو کالعدم مذہبی جماعتوں کے لئے نرم گوشہ رکھتے ہیں اور انہیں حکومتی آشیر باد حاصل ہے۔ جب تک پنجاب حکومت کی صفوں سے ان امن دشمن قوتوں کو نکالا نہیں جاتا تب تک امن کا قیام ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کو حکومت اپنے مخالفین کے خلاف انتقامی کارروائیوں کے لئے استعمال کرنے کی بجائے دہشت گردی کی سرکوبی کے لئے بروئے کار لائے۔ ایسے تمام مدارس، شخصیات اور کالعدم جماعتوں سے حکومت بخوبی آگاہ ہے، جو بھاری بیرونی فنڈنگ پر چلتے ہیں۔ ان عناصر کے خلاف فوری کریک ڈاون ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا اگر حکومت دہشت گردی کے خاتمے میں سنجیدہ ہے تو پنجاب بھر میں دہشت گردوں کے سہولت کاروں کے خلاف بلا تاخیر آپریشن شروع کرے۔ دہشت گردی کے بدترین واقعات پر قابو پانے کے لئے کوئی دوسری رائے قابل عمل نہیں۔ اس کا واحد حل فوری گرفتاریاں اور عبرت ناک سزاؤں کو یقینی بنانے میں ہے۔

وحدت نیوز (ڈیرہ اللہ یار) ڈیرہ اللہ یار میں شمن علی حیدری کی دعوت ولیمہ میں شرکت کے بعد سردار شاہ نواز خان عمرانی کی رہائشگاہ پر تنظیمی عہدیداروں اورکارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ سیاسی اور عسکری قیادت کے بلند و بالا دعوٰوں کے باوجود دھشت گرد آج بھی ملک کے گلی کوچوں میں دندناتے پھر رہے ہیں۔اور دھشت گروں کے سہولت کار اور مالی سپورٹرز ملک و ملت کے خلاف اپنی سازشوں میں مصروف ہیں۔ہزاروں معصوم شھداء کے وارث، آج بھی انصاف کے حصول کیلئے ارباب اقتدار واختیار کے فیصلوں کے منتظر ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ اگر حکومت نے دہشت گردوں کا انفرا اسٹریکچر تباہ کر دیا ہے تو آج بھی پشاور سے کوئٹہ تک بم دھماکے اور دھشت گردی کیوں جاری ہے۔نیشنل ایکشن پلان کے باوجود ملک کے چپے چپے پر کالعدم دھشت گرد جماعتوں کے جھنڈے اور نفرت انگیز سرگرمیاں کیوں جاری ہیں؟

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام قطعا اس بات کے حامی نہیں کہ ملک کسی فرقہ وارنہ اتحاد کا حصہ بنے ۔فرقہ واریت کی بنا ء پر قائم ہونے والے ۳۴ ملکی اتحاد کے ، کئی رکن ممالک اس اتحاد میں شمولیت سے انکار کر چکے ہیں۔نواز شریف آل سعود کے احسانات کا بدلہ چکانے کیلئے ملکی وقار کا سودا نہ کریں۔ہم یہ پوچھنے میں حق بجانب ہیں کہ پارلیمنٹ اور جمھوریت کی بالا دستی کے دعویدار حکمران اس معاملے کو پارلیمنٹ میں لانے سے کیوں خوف زدہ ہیں ؟۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین ضلع جعفر آباد کے سیکریٹری جنرل سید شبیر علی شاہ، ظفر علی گولہ،متولی جمعہ خان، شمن علی حیدری و دیگر موجود تھے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree