وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصرعباس جعفری نے پاراچنار کی کشیدہ صورتحال کے پیش نظر اسلام آباد میں مرکزی کابینہ کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے۔ اجلاس میں ایم ڈبلیوایم خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل علامہ سید سبطین حسین الحسینی کو بھی خصوصی طور پر بلایا گیا ہے۔ اجلاس میں پاراچنار کی داخلی کشیدہ صورتحال پر تفصیلی غور و خوض کیا جائیگا اور علماء کرام پر مشتمل وفد کو پاراچنار بھیجنے سمیت مختلف آپشنز پر غور کیا جائیگا۔ اجلاس میں ملک کی مجموعی صورتحال کا بھی تفصیلی بغور جائزہ لیا جائے گا۔ اس سے پہلے ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے پاراچنار میں بھی مختلف علماء کرام اور عمائدین سے ٹیلی فونک رابطے کئے گئے ہیں۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) پاکستان تحریک انصاف کی اعلیٰ قیادت کا مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری اور پولیٹیکل سیکریٹری سید ناصر شیرازی سے رابطہ،کراچی میں تحریک انصاف کے احتجاج کو شب چہلم امام حسین کو مد نظر رکھتے ہوئے شام 5 بجے تک ختم کرنے کی یقین دہانی، تاکہ عزاداران کو مجالس وجلوس میں شرکت کے لئے کسی قسم کے رکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے ،تحریک انصاف کی طرف سے مرکزی رہنماشاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین نے ٹیلی فون کر کے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کو اس فیصلے سے آگاہ کیا ، تحریک انصاف کی جانب سے تعاون پر علامہ ناصر عباس جعفری نے ان کا اور ان کی جماعت شکریہ ادا کیا۔
وحدت نیوز(بیروت) ڈاکٹرعلامہ سید شفقت حسین شیرازی کی حوزة الرسول الاكرم (ص) و الجامعة المصطفى (ص) کے مسئول برائے لبنان الشیخ ڈاکٹر علامہ علی رضا بینیاز سے ملاقات ہوئی،ملاقات میں پاکستان کے اندر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کا قومی کردار اور اتحاد و وحدت کے لئے کیے جانے والے عملی اقدامات اور پاکستان کے اندر رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دینے کے لئے کاوشوں کا تذکرہ ہوا۔
علامہ شفقت شیرازی نے ایم ڈبلیو ایم کو ملنے والی عوامی پذیرائی اور عوام کا مجلس پر اعتماد اور ساتھ دینے کے حوالے سے عوام کا میدان کے اندر ایم ڈبلیو ایم کے ساتھ کھڑا ہونے کا ذکرکیا اور ملت پاکستان کا اپنے قائدین کی قیادت میں انقلاب مارچ کے اندر شرکت کرنا اور اس ظالم حکومت کے خلاف کھڑے رہنے کو سراہا اور کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کا موقف ہے کہ وہ ہر مظلوم کا ساتھ دیں گے اور ظالم کے خلاف قیام کریں گے۔
الشیخ ڈاکٹر علامہ علی رضا بینیاز نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی اس کم ترین عرصہ میں اتنی بڑی پیش رفت کو سراہا اور قابل قدر کہا اور اس بات کی یقین دہانی کروائی کہ حوزہ کے تمام تر امکانات مجلس کے لئے حاضر ہیں ہمیں الشیخ علامہ ناصر عباس جعفری پر مکمل اعتماد ہےاورکافی امیدیں وابسطہ ہیں،جامعہ کے اندر طلاب کے داخلے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ جن طلاب کو مجلس کی طرف سے ریفر کیا جائے گا ہم ان کا داخلہ کریں گےاور انہیں مکمل طور پر سہولیات دیں گے اور وہ طلاب اپنی حوزوی تعلیم کے ساتھ ساتھ اپنی اکیڈمک تعلیم بھی اسلامک یونیورسٹی سے حاصل کر سکتے ہیں۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری سیاسیات ناصر عباس شیرازی کا پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر خان ترین اور شاہ محمود قریشی سے رابطہ، 12 دسمبر کو شب اربعین کے موقع پر پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے کراچی میں طے شدہ احتجاج مؤخر کرنے کی درخواست کی۔ تفصیلات کے مطابق ناصر شیرازی نے پی ٹی آئی کے رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل آباد میں نواز لیگ کے گلو بٹ کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے کارکن کی تعزیت پیش کی اور کہا کہ نواز حکومت کے ظلم کے آگے پوری قوم سینہ سپر ہے اور اس حکومت کی سرنگونی تک جدوجہد جاری رہے گی۔ ناصر شیرازی کا جہانگیر ترین سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ امام حسین (ع) کی عزاداری ہر ظالم اور باطل قوت کے خلاف حق کی آواز ہے، یہ امام حسین کی عزاداری ہی ہے کہ جس نے حق اور باطل کے درمیان فرق کو آج تک قائم و دائم رکھا ہے لہٰذا چہلم امام حسین (ع) کے موقع پر عزاداری امام حسین (ع) کے اجتماعات کے احترام کی خاطر پاکستان تحریک انصاف 12 دسمبر کو کراچی میں اپنے احتجاج کو مؤخر کرے ۔
وحدت نیوز (فیصل آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکر یٹری سیاسیات سید ناصرعباس شیرازی نے آج فیصل آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے جاں بحق کارکن حق نواز کی نماز جنازہ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ یہ دکھ کی بات ہے کہ آج ایک نوجوان کی نماز جنازہ ہے اگر ان کو واقعہ ماڈل ٹاون میں پکڑ لیا جاتا تو آج ان کو یہ جرات نہ ہوتی یہ ایک ریاستی جبر ہے ،انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ نے پولیس کو تباہ کر دیا ہے جن کی عوام میں کوئی قدر نہیں ،کیونکہ جو کچھ ہوا کل پولیس کی موجودگی میں ہوا جو ن لیگ نے پولیس کو فری ہینڈ دے رکھا ہے۔ یہ ایک پلان کے مطابق ہوا ہے۔سید ناصر عباس شیرازی نے مزید کہا کہ ن لیگ پاکستان میں دہشتگردی کے حوالے سے پہچانی جاتی ہے کیو نکہ ان کے طالبان کے ساتھ روابط ہیں اور یہ طالبان کو گاڑیاں دیتے ہیں اور ان سے مذاکرت کی بات کرتے ہیں ان لوگوں کو شرم آنی چاہیے۔آج فیصل آباد میں پولیو ورکر کو قتل کیا گیاہے اس کا کون ذمہ دار ہے؟جو حکومت عوام کی حفاظت نہیں کر سکتی تو اس ن لیگ کو حکومت کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔
ناصر شیرازی کی سربراہی میں ایم ڈبلیوایم کے وفد کی تحریک انصاف کے جاںبحق کارکن کی نماز جنازہ میں شرکت
وحدت نیوز (فیصل آباد) فیصل آباد میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری سیاسیات سید ناصر شیرازی،صوبائی ڈپٹی سیکریٹری جنرل سید اسدعباس نقوی اور ضلعی سیکرٹری جنرل ڈاکٹرافتخار نقوی نےپاکستان تحریک انصاف کے جان بحق کارکن حق نواز کے جنازے میں شرکت کی اور لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔اس موقع پر ایم ڈبلیوایم کے مقامی رہنما مولانااحسان علی جعفری سمیت کارکنان کی بھی بڑی تعداد شریک تھی جبکہ پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکریٹری جنرل خرم نواز گنڈہ پور ، راجہ زاہد حسین اور بشارت جسپال، مسلم لیگ ق اور سنی اتحاد کونسل کے رہنما بھی شریک ہوئے۔نماز جنازہ کے بعد حق نواز کی تدفین مقامی قبرستان میں عمل میں آئی۔