The Latest

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ حسن ظفر نقوی نے احتجاجی کیمپ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 10 جون بعد از نماز جمعہ ملک بھر میں یوم احتجاج منایا جائے گا۔ ہماری جماعت کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی بھوک ہڑتال کا آج 29واں روز ہے۔ملک میں جاری شیعہ ٹارگٹ کلنگز ، ریاستی جبر اور دہشت گردی کے خلاف ایم ڈبلیو ایم اپنے اصولی موقف پر ڈٹی ہوئی ہے۔رمضان المبارک اور گرمی کی شدت کے باوجودشیعہ سنی عمائدین کی بڑی تعداد روزانہ احتجاجی کیمپ کا دورہ کرکے سربراہ مجلس وحدت مسلمین سے یکجہتی کا اظہار کررہی ہیں۔ہماری جماعت کے مطالبات کے حق میں ہمیں ملک کی بیشتر چھوٹی بڑی سیاسی و مذہبی جماعتوں کی تائید حاصل ہو چکی ہے۔حکومتی کی مسلسل بے حسی کے باعث شیعہ قوم کے تحفظات اپنی جگہ پر قائم و دائم ہیں۔ نیشنل ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عمل نہیں کیا جا رہا۔ اس قانون کے بیشتر نکات عملاََ معطل کیے جا چکے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ دہشت گرد عناصر ڈنکے کی چوٹ پر اپنی کاروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ نیشنل ایکشن پلان کی آڑ میں بے گناہ لوگوں کو انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔اس ظلم و بربریت کے خلاف ہم نے جمعہ کے روز ’’یوم احتجاج‘‘منانے کا متفقہ طور پر فیصلہ کیا ہے۔ قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ نماز جمعہ کے بعد اپنے اپنے علاقوں میں پْر امن احتجاجی ریلیوں اور جلسوں کا انعقاد کریں اور حکومتی مظالم سے قوم کو آگاہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش تھی کہ قوم کو کسی آزمائش میں ڈالے بغیراپنے مطالبات تسلیم کرائیں جائے لیکن حکومت کا رویہ اس احساس کو تقویت دے رہا ہے کہ جب تک قوم کو سڑکوں پر نہ لایا تب تک نتیجے کا حصول ممکن نہیں۔حکومت کے خلاف لانگ مارچ کی بھرپور تیاری کی جارہی ہے۔اس سلسلے میں آل پارٹیز کانفرنس کے دوران 24 شیعہ جماعتوں نے مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے فیصلے کا حق علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کو دے رکھا ہے۔ملک میں قیام امن یقینی بنانے کے لیے ملک دشمن طاقتوں کی بیخ کنی انتہائی ضروری ہے۔پاکستان کے اسی ہزار بے گناہ افراد کو شہید کرنے والے مذموم عناصر کو جب تک سولی پر نہیں لٹکایا جاتا تب تک انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہوں گے۔ ہم پاکستان کے شہدا کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ہمارا لڑائی پاکستان کی سالمیت و بقا کے دشمنوں سے ہے۔کچھ نادیدہ طاقتیں ان ملک دشمن قوتوں کو ایک بار پھر فعال کرنے کے لیے سرگرم ہیں۔اس ملک کو دہشت گردوں کی آماجگاہ نہ بننے دیا جائے۔قائد و اقبال نے جس پاکستان کا خواب دیکھا تھا وہ توایسی سرزمین تھی جہاں اسلامی قدروں کی پاسداری ہو۔جہاں تمام مذاہب کا احترام کیا جائے۔جہاں ہماری قوم اپنے پورے وقار کے ساتھ باعزت زندگی گزار سکے۔ لیکن نالائق حکمرانوں نے اس ملک کو مسلکی پاکستان بنا کر رکھ دیا ہے جہاں ظلم و بربریت کا راج ہے۔جہاں دہشت گرد دندناتے پھرتے ہیں اور شریف آدمی کو امن سے جینے نہیں دیا جاتا۔ ہم نے اس ظلم کے خلاف آواز حق بلند کی ہے۔اس ملک میں بسنے والے ہر باشعور سے ہماری یہ اپیل ہے کہ وہ مادر وطن کے دشمنوں کے خلاف اپنی آواز بلند کرے۔ہفتہ اور اتوار ہم یوم مناجات اور یوم دعا کے طور پر منائیں گے۔ایم ڈبلیو ایم کے تمام صوبائی و ضلعی دفاتر میں وطن کی سلامتی و استحکام کے لیے نوافل ادا کیے جائیں گے۔وطن عزیز کے تمام باسیوں سے درخواست ہے کہ وہ اپنے اپنے گھروں میں بھی وطن عزیز کی تعمیر وترقی کے لیے دعائیہ تقریبات کا اہتمام کریں۔انہوں نے کہا تحریک انصاف کے سربراہ نے ہمارے کیمپ میں آکر جو وعدے کیے ان پر عمل درآمد شروع ہو چکا ہے جو لائق تحسین ہے۔پریس کانفرنس میں سید اسد نقوی، علامہ عبد الخالق اسدی، علامہ نقی نقوی آف کراچی اور آصف رضا کے علاوہ دیگر رہنما و کارکنان موجود رتھے۔

وحدت نیوز(کوئٹہ)ا ہلیان محلہ نادر آباد کی جانب سے ایک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا. میٹنگ میں مجلس وحدت مسلمین کے منتخب نمائندہ حلقہ پی بی 2 آغا رضا اور مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے افراد کابینہ کو دعوت دی گئی. میٹنگ میں اہلیان محلہ نادر آباد کی جانب سے متفقہ طور پر ایک درخواست آغا رضا کو پیش کی گئی جن میں محلہ کے جملہ مسائل درج تھے. آغا رضا نے اہلیان محلہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مجھے آپ لوگوں میں بیٹھ کر خوشی ہوتی ہے. میں آپ ہی لوگوں میں سے ہوں اور آپ کا نمائندہ ہونے کی حیثیت سے میرا فرض بنتا ہے کہ آپ کو مسائل کو حل کروں۔

انشاءاللہ آنے والے بجٹ میں اپنے (PSDP) میں آپ کے علاقے کے لیے ایک عدد ٹیوب ویل اور آپ کے محلے کے لیے 1700 فٹ نئے پائپ بچھانے کا کام شامل کروں گا. علاوہ ازیں ابھی بھی میرے ترقیاتی فنڈ سال 2015-16 سے آپ کے محلے میں نئے پائپ لائن بچھائے جا رہے ہیں. انشاءاللہ مزید ترقیاتی کام آپ کے علاقے میں شروع کیے جائیں گے.

وحدت نیوز(ٹھٹہ) مجلس وحدت مسلمین ضلع ٹھٹہ  کا پیام وحدت کنونشن برائے انتخاب ضلعی سیکریٹری جنرل سال 19-2016،مرکزی مسجد وامام بارگاہ حسینی میں منعقد ہوا، اجلاس کی صدارت صوبائی  سیکریٹری اطلاعات مختاراحمد دایونے کی جبکہ معززین اور اراکین ضلعی شوریٰ اجلاس میں شریک تھے، اراکین شوریٰ نے حق رائے استعمال کرتے ہوئےکثرت رائے سے آئندہ تین سال کیلئے برادر اسد اللہ شاہ کاظمی کو ایم ڈبلیوایم ضلع ٹھٹہ کا سیکریٹری جنرل منتخب کرلیا، صوبائی  سیکریٹری اطلاعات مختاراحمد دایونے نومنتخب ضلعی سیکریٹری جنرل سے ان کے عہدے کا حلف لیا،بعدازاں نومنتخب ضلعی سیکریٹری جنرل اسد اللہ شاہ کاظمی نے پہلے مرحلے میں اپنی چھ رکنی ضلعی کابینہ کے اراکین کے ناموں کا اعلان کیا اور ان سے حلف لیا، نامزد اراکین میں ڈپٹی سیکریٹری جنرل سید قاسم شاہ،سیکریٹری امورسیاسیات ڈاکٹر غلام شبیر شاہ،سیکریٹری فنانس برادر ارشاد کھتری،سیکریٹری تنظیم سازی برادر امتیاز شاہ،سیکریٹری میڈیابرادر حفیظ شاہ اور سیکریٹری تبلیغات مولانا فدا حسین فردوس شامل ہیں ۔

وحدت نیوز(لیہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے ملک کے دیگر شہروں کی طرح جنوبی پنجاب کے ضلع لیہ میں بھوک ہڑتالی کیمپ جاری ہے۔ ایم ڈبلیو ایم صوبہ جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے لیہ پریس کلب کے سامنے لگائے گئے کیمپ کا دورہ کیا اور کارکنوں کی حوصلہ افزائی کی۔ ملتان سے جاری بیان کے مطابق علامہ اقتدار حسین نقوی نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد وحدت کی کال پر عید کے بعد لانگ مارچ میں جنوبی پنجاب کی غیور عوام بھرپور انداز میں شرکت کرے گی۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ہر ضلع میں لانگ مارچ کو کامیاب بنانے کے لئے کمیٹیاں بنائی جائیں اور ماہ مبارک رمضان سے استفادہ کرتے ہوئے لانگ مارچ کو کامیاب بنانے کے لئے تحریک چلائیں۔ عید کے بعد لانگ مارچ حکمرانوں، ظالموں، دہشتگردوں اور قاتلوں کی نابودی کا باعث بنے گا۔ اس موقع پر سابق ضلعی سیکرٹری جنرل جمیل حسین خان گشکوری، نومنتخب سیکرٹری جنرل محسن عباس سواگ، مزمل حسین خان اور دیگر بھی موجود تھے۔

وحدت نیوز (سکردو) اسلام آباد میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے مطالبات کے حق میں دھرنے سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ملک بھر کی طرح بلتستان کے صدر مقام اسکردو میں بھی آغا علی رضوی کی قیادت میں دن رات دھرنا جاری ہے۔ رمضان مبارک میں بھی شدید گرمی کے باوجود عوام کی بڑی تعداد دھرنے میں شریک ہے۔ دھرنے کے پچیسویں روز شرکاء سے شیخ عابدی، شیخ مبارک علی اور آغا علی رضوی نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ رمضان مبارک میں بھی وفاقی حکومت کی جانب سے ہمارے مطالبات پر کان نہ دھرنا اس بات کی دلیل ہے کہ وفاقی حکومت ملک میں اپنے شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں سنجیدہ نہیں ہے۔ دہشتگردوں کے خلاف ملک گیر آپریشن اور دہشتگردوں کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی اخباری بیانات کی زینت بن کر رہ گئی ہے۔

اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سربراہ آغا علی رضوی نے کہا کہ اتنے دنوں سے دھرنے اور مطالبات کے باوجود حکومت نے ہمارے احتجاج کا نوٹس نہیں لیا، اب علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے حکم پر رمضان کے بعد اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلتستان کے غیور عوام بھی رمضان کے بعد اسلام آباد لانگ مارچ کے لئے تیاری مکمل کریں۔ آغا علی رضوی نے کہا کہ ملک بھر سے اسلام آباد کی جانب جب مظلومین اور محرومین لانگ مارچ شروع کریں گے تو نواز حکومت کو اپنی حیثیت کا اندازہ ہو جائے گا۔ ہم اس وطن کے وفادار بیٹے ہیں اور دہشتگردی کے خلاف آخری جنگ لڑنے کے لئے تیار ہیں۔ ہم اس وقت تک ملک میں چین سے نہیں بیٹھیں گے، جب تک تمام شہریوں کو جینے کا حق نہ ملے، جب تک اقبال اور قائد کا پاکستان نہ بنے، جہاں تمام مکاتب فکر آزاد ہوں، ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد/واشنگٹن/کیلیفورنیا/نیویارک/ ڈیلاس/شگاگو/ہوسٹن/سیاٹل) پاکستان میں جاری شیعہ ٹارگٹ کلنگ، قاتلوں کی عدم گرفتاری، ریاستی اداروں کی مجرمانہ خاموشی، اہل تشیع کی زمینوں پر غیر قانونی قبضوں کے خلاف تیرامئی بروز جمعہ سے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر جاری مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی بھوک ہڑتال سے اظہار یکجہتی کیلئے جہاں پاکستان کے کونے کونے میں احتجاجی اجتماعات منعقد رہے ہیں وہیں بیرون ممالک مقیم پاکستانی بھی کسی صورت بھی پیچھےنہیں،لندن، جرمنی اور افریقہ  کے بعد امریکہ کی آٹھ مختلف ریاستوں واشنگٹن،کیلیفورنیا،نیویارک، ڈیلاس،شگاگو،ہوسٹن اور سیاٹل میں پاکستانی نژاد امریکیوں نے پاکستان کے سفارت خانے کے سامنے احتجاجی مظاہرے کیئے، علامتی دھرنے  دیئے اور علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ بھی قائم کیئے ، احتجاج کا یہ سلسلہ وقفے وقفے سے اب تک جاری ہے ، جن میں مرد وخواتین اور بچوں وبزرگوں کی بڑی تعداد شریک تھی ،جنہوں نے ہاتھوں میں پاکستانی پرچم ، بینرز اور پلےکارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر دہشت گردی کے خلاف اور امن کی حمایت نعرے درج تھے، جبکہ متعددافراد نے علامہ راجہ ناصرعباس جعفری اور شہدائے پاکستان کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں جو انصاف کے حصول اور پاکستان میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے نعرے بازی کررہے تھے۔

نیویارک میں پاکستانی امبیسی کے باہر پاکستان میں جاری شیعہ ٹارگٹ کلنگ کےخلاف مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی بھوک ہڑتال کی کی حمایت میں احتجاجی مظاہر ہ کیا گیا اوردوروزہ علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ لگایا گیا، جس میں مختلف شیعہ تنظیموں کے سرکردہ افراد کے علاوہ شیعہ کمیونٹی کے اراکین نے بڑی تعدادمیں شرکت کی جبکہ معروف علمائے کرام بھی موجود تھے جنہوں نے پاکستان کی ہرگزرتے دن کی بدترین صورت حال پرتشویش کا اظہار کیااور پاکستان میں شیعہ شہریوں پر دہشت گردی اور ان کے خلاف پرتشددواقعات کی بھرپور مذمت کی ،علماءاور زعماءکے وفدنے ایک احتجاجی قرارداد پاکستانی قونصلیٹ جنرل کی خدمت میں پیش کی جس میں اہل تشیع شہریوں کے جان ومال کے تحفظ اور ان کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کے مطالبہ شامل تھے،علامہ عباس ایلیاء، علامہ ظہیرالحسن نقوی، مولانا عمران بخاری،جواں سال خطیب مولانا ابصار نقوی اور دیگر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ گذشتہ تین دہائیوں سے  پاکستان میں اہل تشیع دہشت گردی کا شکار ہیں ، افسوس ناک صورت حال یہ ہے کہ حکومت قاتلوں کو سزادینے کے بجائے انہیں تحفظ فراہم کرتی ہے ، حکومت پاکستان ملت تشیع کی برداشت کا امتحان لے رہی ہے، مقررین نے کہاکہ پاکستان میں قتل ہونے والے اہل تشیع ، اہل سنت اور دیگر اقلیتی شہریوں کے قتل عام کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعبا س جعفری کی پر امن جدوجہد اور بھوک ہڑتالی تحریک کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور انصاف کے حصول تک ان کے شانہ بشانہ ہیں ۔وفاقی حکومت نے علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کے پرامن پاکستان کیلئے پیش کردہ مطالبات کو تسلیم نہ کیا تو اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر پر احتجاج کریں گے۔

ہوسٹن  میں مقیم پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کی جانب سے پاکستان میں جاری شیعہ نسل کشی پر ریاستی اداروں کی مجرمانہ خاموشی اور پاکستان کی فرقہ وارانہ بنیادوں پر تقسیم کےخلاف قائد وحدت علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی گذشتہ ایک ماہ سے اسلام آباد میں جاری بھوک ہڑتال کی حمایت میں مرد خواتین بچوں اور بزرگوں نے پاکستانی سفارتخانے کےسامنےاحتجاجی مظاہرہ کیا، جبکہ مسیحی برادری کا وفدبھی خصوصی طور پراحتجاج میں شریک ہوا،احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مسلم گانگریس کے صدر علامہ شمشاد حیدر نے کہاکہ پاکستان میں اہل تشیع ڈاکٹر ز، انجینئرز، وکلاءکا قتل عام ریاستی اداروں کی نااہلی کا ثبوت ہے، حکمرانوں نے حالت کو اس نہج تک پہنچایا دیا کہ شیعہ قائدین اب بھوک ہڑتال پر مجبور ہیں ، امریکہ میں مقیم شیعہ کمیونٹی ہر موڑ پر علامہ راجہ ناصرعباس جعفری   کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور مظلوموں کے حقوق کی جدوجہد میں ان کے قدم با قدم موجود رہے گی۔امریکہ میں مقیم پاکستانی شیعہ کیونٹی کسی صورت علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کواس جدوجہد میں  تنہانہیں چھوڑے گی۔

وحدت نیوز (شکارپور) مجلس وحدت مسلمین ضلع شکارپور کا پیام وحدت کنونشن برائے انتخاب ضلعی سیکریٹری جنرل سال 19-2016،مسجد وامام بارگاہ کربلائے معلیٰ لکھی درمیں منعقد ہوا، اجلاس کی صدارت صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ مقصودڈومکی نے کی جبکہ صوبائی سیکریٹری امور تنظیم سازی آغامنور جعفری سمیت اراکین ضلعی شوریٰ اجلاس میں شریک تھے، اراکین شوریٰ نے حق رائے استعمال کرتے ہوئےآئندہ تین سال کیلئے برادر فداعباس لارک کو ایم ڈبلیوایم ضلع شکارپور کا سیکریٹری جنرل منتخب کرلیا، صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ مقصودڈومکی نے نومنتخب ضلعی سیکریٹری جنرل سے ان کے عہدے کا حلف لیا، جبکہ علامہ مقصودڈومکی اور علامہ عبدالمجید بہشتی نے سیرت امام خمینی ؒ پر خطاب بھی کیا۔

(وحدت نیوز) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری امور خارجہ حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ سید شفقت حسین شیرازی نے اپنے معاون کے طور پر فاضل قم حجۃ الاسلام والمسلمین سید ظہیرالحسن نقوی ( ڈائریکٹر ولایت چینل) کو منتخب کیاہے ۔موصوف مجلس وحدت مسلمین کے تاسیس سے اب تک مختلف حوالوں سے مجلس سے مربوط ہونے کےساتھ فکری،سیاسی اور ثقافتی میدانوں میں فعال ہیں ۔اسی طرح مجلس وحدت کے اعلی دینی اہداف کی نشرواشاعت کے لئے برادار وجاہت حسین حسنی کو یورپ میں  مجلس وحدت مسلمین کے نمائندے کے طور پر انتخاب کیا ۔ موصوف سابقہ آئی ایس او میں فعال رہنے کیساتھ عرصہ دراز سے مجلس وحدت سے مربوط تھے۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی صوبائی جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہ وفاقی حکومت کی طرف سے پیش کیے جانے والے بجٹ کوعداد وشمار کا ہیرپھیر اور ملک کے متوسط طبقے کی مشکلات میں ناقابل برداشت اضافہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ بجٹ انتہائی مایوس کن ہے۔بے تحاشہ ٹیکسز کے اجراء سے عام استعمال کی بیشتر اشیا مہنگی ہو جائیں گی۔ مصنوعات پر ٹیکسز کے اثرات سے ہر شخص براہ راست متاثر ہو گا۔مہنگائی کے موجودہ تناسب سے مطابقت نہ رکھنے والا یہ بجٹ ظاہر کرتا ہے کہ حکومت کی داخلی اور خارجی پالیسیوں کی طرح اقتصادی معاملات بھی صلاحیتوں کے فقدان کی نذر ہو رہے ہیں ۔تعلیم اور صحت کے لیے بجٹ میں مختص کی جانے والی انتہائی کم رقم پاکستان کے مستقبل کے بارے حکومت کی غیر سنجیدگی اور عدم دلچسپی کا اظہار ہے ۔پاکستان ایک زرخیز ملک ہے لیکن زراعت کے میدان میں حکومت کی عدم دلچسپی کے باعث بھرپور استفادہ کرنے سے قاصر رہے ہیں۔حکومت کی ناکام تجارتی پالیسیوں اور وطن عزیز میں عدم استحکام کی صورتحال نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان سے دور کرنے میں اہم کردار ادا کیا ۔پاکستان کا کثیر سرمایہ غیر قانونی طریقہ سے ملک سے باہر منتقل کیا گیا جس سے ملکی ترقی پر منفی اثرات مرتب ہوئے۔موجودہ حکومت نئی صنعتوں کے قیام میں بُری طرح ناکام رہی۔کسی بھی ملک کی ترقی میں انڈسٹری کو اقتصادی ڈھانچے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہوتی ہے۔ صنعتوں کے قیام میں نواز لیگ حکومت کی دانستہ عدم دلچسپی ایک مجرمانہ فعل اور قوم سے خیانت ہے۔پڑھے لکھے نوجوان طبقے کو ملازمتوں کی فراہمی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔جس سے عام شہریوں کی مایوسی میں اضافہ ہو ا ہے۔انہوں نے کہا کہ پورے بجٹ کا انحصار سی پیک منصوبے پر کرنے کی بجائے ملکی ترقی و استحکام کے لیے زرعی خوشحالی اور صنعتوں کے فروغ کی طرف توجہ دی جانے کی اشد ضرورت ہے۔ کسی بھی ملک کے نوجوان وہاں کا اثاثہ اور قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں۔ نوجوانوں کو بہترین مستقبل دینے کے لیے جاندار پالیسیوں کا اجرا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ مزدور کی تنخواہ میں محض ایک ہزار روپے اضافہ موجودہ مہنگائی کے تناسب سے اونٹ کے منہ میں زیرہ کے مترادف ہے۔نواز لیگ کا حالیہ بجٹ بھی سابقہ ادوار کی طرف مزدور کُش ہے۔ائیر کنڈیشنڈ کمروں میں بیٹھ کر بجٹ تیار کرنے والوں کوعام آدمی کے رہن سہن کا اندازہ نہیں ہے۔

ماہ رمضان المبارک اور بھوک ہڑتال

وحدت نیوز (آرٹیکل) ماہ مبارک کا آغاز ہوا اور ہر مسلمان نے اس بابرکت مہینے کا استقبال کیا، دعائیں مانگیں، یہ مہینہ اولیاء خدا کی تمناؤں اور حسرتوں کا مہینہ ہے، اس مہینہ کے حصول کے لئے اہل بیت اطہار علیہم السلام دعا و مناجات کرتے تھے اور اس کے لئے ماہ رجب و شعبان كو مقدمہ قرار ديتے تھے، بہت سے لوگ ماہ رمضان کے آنے سے پہلے گھروں کا ماحول بناتے ہیں، بہت سے مساجد کو سجاتے ہیں اور کچھ مومنین خرید و فرخت کرکے اپنے بچوں کے لئے اچھے سے اچھے کھانے خریدتے ہیں، تاکہ ان کے بچے شوق سے روزے رکھ سکیں، کچھ لوگ دوسروں کو افطاریاں دینے کے لئے اہتمام کرتے ہیں، علماء اعلام اس مہینے میں قلوب مومنین کی آمادگی کے باعث اسے تبلیغ اور وعظ و نصیحت کا بہترین مہینہ سمجھتے ہیں۔ لہذا مسجدیں، مدارس اور امامبارگاہیں آباد ہو جاتی ہیں، لیکن پاکستان کی سرزمین اسلام آباد نے ایک عجیب انداز میں ماہ مبارک رمضان کا اسقبال کیا ہے، جسے نہ اپنے بچوں کی فکر ہے اور نہ ہی اپنے گھر کی خرید و فروخت کی، نہ اس نے کسی مسجد و مدرسہ کو انتخاب کیا اور نہ ہی اس نے افطاریوں کے لئے دستر خوان بچھائے، بلکہ اس نے بھوک کے ساتھ گھر سے باہر ایک کھلے میدان میں ایک کیمپ کے سائے میں 13 مئی سے سختیاں برداشت کرکے اپنے جسم کا کئی گنا وزن مظلوموں کی نجات کے لئے قربان کرکے اپنے نحیف جسم کے ساتھ ماہ خدا، ماہ رحمت و برکت اور مغفرت کا آغاز کیا ہے۔

اس مرد مجاہد نے کئی سال پہلے یوم القدس کے دن فلسطینی مظلوموں کی حمایت کے جلوس پر پتھر اور اینٹ سے کئے گئے حملے میں اپنی ایک آنکھ کی قربانی دی اور اس عالم مجاہد نے گذشتہ ایک دھائی اپنی قوم کی کچھ اس طرح خدمت کی کہ کوچہ کوچہ، قریہ قریہ، دور افتادہ علاقوں میں سفر کیا، کبھی گلگت اور کبھی بلتستان، کبھی سندھ کے پسماندہ علاقوں میں مومنین کے پاس جاکر اور کبھی کوئٹہ میں شہداء کے جنازوں کے ساتھ کئی دنوں تک کھلے آسمان تلے بیٹھ کر اور کبھی شہداء کے خانوادوں کی دلداری کرکے مسلسل خدمت کی۔ میں نے ذاتی طور پر انہیں گذشتہ سالوں میں کبھی آرام سے بیٹھے نہیں دیکھا، آج کچھ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ملک میں ہر روز گرنے والی لاشوں اور ہمارے جوانوں کے گرنے والے جنازوں نے اس غیور، بہادر اور شجاع عالم باعمل کے دل کو چھلنی کر دیا اور اس نے اپنے اوپر بھوک مسلط کرکے اپنی جان پر کھیل کر، اپنے سکون و آرام کو چھوڑ کر، اپنے گھر بار، اپنے اہل خانہ کو چھوڑ کر، مسجد و مدرسہ کو چھوڑ کر، آرام و سکون سے سونے والے عمامہ بہ سر لوگوں کو چھوڑ کر، جو اپنے اپنے مدرسوں اور تقریروں پہ بڑا فخر کرتے ہیں اور اپنی ہی تقاریر کو دنیا میں نشر کرنے میں مصروف ہیں، ان سب کو خیر باد کہہ کر، سراپا مجسم درد ملت بن کر قوم و ملت کی بیداری کا امتحان بن بیٹھا ہے۔

میرا سلام ہو تجھ پہ اے فرزند قرآن و عترت، اے فرزند کربلا و عاشورا، اے امام خمینی کے حقیقی فرزند، اے یادگار شہید علامہ عارف حسین الحسینی، اے فخر شہید علامہ عباس موسوی اور شہید آیت اللہ باقرالصدر، اے صبر و استقامت کے پہاڑ، ہمارا تجھ پر سلام ہو، ہمارا سلام تیرے صبر و حوصلے پر اور ہمارا سلام اس جسم پہ جو آج مظلوم کی حمایت میں اور ظالم کے خلاف ایک سیسہ پلائی ہوئی چٹان کی طرح ڈٹا ہوا ہے، آج میں اپنے ملک کے دینی مدارس، علماء کرام، ذاکرین و خطباء سے سوال کرتا ہوں کہ کیا ابھی تک ہمارے ملک میں مسلسل بہنے والے شہداء کے خون نے ہمارے لئے حجت تمام نہیں کی؟ کیا ہر روز اٹھنے والے جنازوں نے ہمارے ضمیر کو نہیں جھنجوڑا؟ کیا آئے دن یتیموں کی آہ و فریاد نے ہماری آنکھیں نہیں کھولیں؟ کیا ہزاروں بیواوں کا در بہ در فریاد کرنا اور لوگوں کے گھروں میں کنیزوں کی طرح کام کرنا ہمارے لئے کافی نہیں ہوا؟

کیا مختلف علاقوں سے لوگوں کا ہجرت کر جانا اور آبادیوں کا خالی ہو جانا، ہماری آنکھیں کھولنے کے لئے کافی نہیں؟ کیا کئی لوگوں کا خوف کی وجہ سے مذہب چھوڑ دینا کافی نہیں؟ اور آج جب ہمارے خلاف ہمارے ملک میں بڑی بڑی سازشوں کا احساس کرکے اس مرد مجاہد علامہ راجہ ناصر عباس نے اپنی قوم میں دفاع اور اپنی ملت کے حقوق کی بازیابی کے لئے ایک عظیم تحریک کا آغاز کیا ہے اور آج کئی دنوں سے اپنی صداقت کو ہر عام و خاص سے منوا لیا، اپنے مسلسل مشقت کے اس سفر کو ماہ مبارک کے مہینے میں بھی جاری رکھا ہوا ہے، تو کیا اس عالم باعمل اور مجاہد خستگی ناپذیر کے اس جہاد نے ہمارے لئے حجت تمام نہیں کر دی؟
نکل کر خانقاہوں سے ادا کر رسمِ شبیری
کہ فقرِ خانقاہی ہے فقط اندوہ و دلگیری
تیرے دین و ادب سے آ رہی ہے بوئے رُہبانی
یہی ہے مرنے والی امتوں کا عالمِ پیری

میں اپنی قوم کے علماء ربانی، اساتید محترم، خطباء و ذاکرین، ملت کے عمائدین، ذمہ دار افراد اور جوانوں سے درخواست کرتا ہوں کہ آیئے ہم سب اپنے اپنے فریضے کو ادا کریں اور اس مرد مجاہد کی اس مجاہدت میں اس کا ساتھ دیں، آیئے سب اٹھیں اور اپنی قوم کو ظلم و ستم سے نجات دلا دیں، اٹھیں اور اپنی قوم کی سربلندی اور عظمت کے لئے اپنے قدم کے ساتھ قدم ملائیں اور اس ماہ مبارک رمضان کو اپنی ملت کے مقدر کو بدلنے کا مہینہ قرار دیں۔ آیئے اس مہینہ میں اپنی قومی بیداری کے ساتھ اپنا مستقبل رقم کریں، یہ ایک ماہ رمضان ہمارے قومی مقدر کی تقدیر کو بدل سکتا ہے۔ خدایا اس مرد مجاہد کو ہمت، قوت اور جرات عطا کر اور اپنی ملت کی رہبری کے لئے بصیرت عطا فرما۔
اٹھو! مری دنیا کے غریبوں کو جگا دو
کاخ امرا کے در و دیوار ہلا دو
گرماؤ غلاموں کا لہو سوز یقیں سے
کنجشک فرومایہ کو شاہیں سے لڑا دو
 

تحریر۔۔۔۔۔علامہ غلام حر شبیری(لندن)

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree