The Latest

وحدت نیوز(کوہاٹ) مدبرانہ قیادت و مخلصانہ پالیسیوں کے نتیجہ میں ملت کی سرخروئی کا سفر جاری ہے، کل تک ہمارے مطالبات بھی محدود تھے لیکن آج ہم نظام کی تبدیلی کا مطالبہ کر رہے ہیں، تنظیم کی ہمہ گیریت اور منظم ہونے کے لئے محلہ کی سطح پر اسکا منظم ہونا بہت ضروری ہے، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین صوبہ خیبر پی کے کے سیکرٹری جنرل علامہ سبطین حسینی نے کوہاٹ کے علاقوں کم سم، مومن آباد، تورہ وڑے، لنڈی کچئی، موسی خیل، عیسیٰ خیل، حسن خیل، میر اصغر میلہ میں یونٹ سازی کی مہم کے دوران مختلف عمائدین و معززین سے تبادلہ خیال کے دوران کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ منظم قومیں ہی اپنے حقوق کا دفاع کر سکتی ہیں، ہر گاوں و محلہ و شہر میں ایم ڈبلیو ایم کے شیدائی موجود اور ملت کے لئے اس الہی تنظیم کی خدمات سے واقف ہیں۔ عوام کے تاثرات اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ وہ ایم ڈبلیو ایم کے دینی و قومی اقدامات و پالیسیوں سے خوش ہیں۔

وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے رہنماء ارشاد حسین بنگش نے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے نئے میرکاررواں منتخب ہونے پر تہور حیدری کو مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے، اپنے ایک تہنیتی بیان میں ان کا کہنا تھا کہ آئی ایس او ایک فکری اور الہیٰ کاررواں ہے، جو ملت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، ہم آئی ایس او کے نئے صدر تہور حیدری کو ایم ڈبلیو ایم کی تمام صوبائی کابینہ کی جانب سے دل کی گہریوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں، اور امید کرتے ہیں کہ تہور حیدری بھی آئی ایس او کے دیگر مرکزی صدور کی طرح اس الہیٰ کاررواں کو بہترین انداز میں آگے لیکر بڑھیں گے، اور نوجوانوں کی فکری اور نظریاتی تربیت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین کے رہنما علامہ مصطفی مہدی اور سیکریٹری وحدت یوتھ لاہور ڈویژن نقی مہدی  کے والداور معروف عالم دین حافظ کفایت حسین صاحب قبلہ مرحوم کے فرزند آغا حسن مہدی مرحوم کی نماز جنازہ مومن پورہ قبرستان کے سامنے میکلوڈ پر ادا کر دی گئی نماز جنازہ میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری ،مرکزی رہنماوں علامہ احمد اقبال رضوی،علامہ ابوذر مہدوی،علامہ امتیاز کاظمی،سید اسد عباس نقوی سمیت دیگر عہدیداراں ،کارکنان اور عمائدین شہر نے شرکت کی مرحوم کو مومن پورہ قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ، مجلس سوئم آج (بروزمنگل ) 3بجے گلستان زہرا  ایبٹ روڈ پرادا کی جائے گی،مرحوم کی ایصال ثواب کے لئے مجلس عزاء سے علامہ امتیاز کاظمی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین لاہور بھی خطاب کریں گے۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ انقلاب اور آزادی کی جدوجہد ملکی تقدیر بدل دے گی۔ بلوچستان کے عوام اس انقلابی جدوجہد میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ ذوالحج کا مہینہ حضرت ابراہیم خلیل (ع)‌ سے تجدید عہد کا مہینہ ہے۔ ابراہیم بت شکن (ع) نے تن تنہا نمرودی سلطنت کے خلاف قیام کیا۔ باطل طاغوتی نظام کے خلاف جدوجہد کرنے والوں کے لئے خلیل اللہ (ع)‌ کی حیات طیبہ مشعل راہ ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی سیکرٹری روابط مولانا عبدالحق بلوچ نے مرکزی سیکرٹری تنظیم برادر یعقوب حسینی کے دورہ بلوچستان کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اس موقعہ پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی سیکرٹری فلاح و بہبود آغا سہیل نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین بلوچستان شعبہ فلاح کے زیراہتمام دس اکتوبر کو ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ منعقد کیا جا رہا ہے جبکہ اس سال پانچ مقامات پر تعمیر مساجد کا منصوبہ زیرغور ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اس سال دوسری سالانہ لبیک یا رسول اللہ (ص) کانفرنس انتہائی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی۔ کانفرنس میں شیعہ سنی علماء اور اکابرین شریک ہوں گے۔ کانفرنس کا مقصد اتحاد بین المسلمین کا فروغ اور امن و اتحاد کا پیغام عام کرنا ہے۔ اجلاس سے مولانا محمد علی جمالی، مولانا تجمل عباس جعفری اور غلام حسین شیخ نے بھی خطاب کیا۔

وحدت نیوز(لاہور) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے سالانہ کنونشن میں نئے میر کارواں کا انتخاب کر لیا گیا۔ آئی ایس او کے ملک بھر سے آئے ہوئے سینکڑوں عہدیداروں نے مرکزی کنونشن کی آخری نشست میں ووٹنگ کے ذریعے نئے میر کارواں کا انتخاب کیا۔ نئے میر کارواں کے لئے دو نام دیئے گئے۔ جن میں ابوذر مہدی اور تہور حیدری کے نام شامل تھے۔ خفیہ رائے شماری کے بعد آئی ایس او نے تہور حیدری کو اپنا میر کارواں چن لیا۔ تہور حیدری کا تعلق پنجاب کے ضلع جھنگ سے ہے جبکہ وہ ایم بی اے ایگزیکٹو کے فائنل ایئر کے طالب علم ہیں۔ اس سے قبل تہور حیدری آئی ایس او کے مرکزی سیکرٹری جنرل تھے۔ تہور حیدری بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے طالب علم ہیں۔ تہور حیدری ملتان ڈویژن کے صدر رہ چکے ہیں۔

 

آئی ایس او کے نئے میر کاررواں کے نام کا اعلان سندھ کے معروف عالم دین اور ایم ڈبلیوایم کی شوریٰ عالی کے رکن  علامہ حیدر علی جوادی نے کیا جبکہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما  علامہ ہاشم علی موسوی نے ان سے حلف لیا۔ اپنے انتخاب کے بعد آئی ایس او کے نئے میر کاررواں کا شرکائے کنونشن سے خطاب میں کہنا تھا کہ یہ ذمہ داری اللہ کا مجھ پر انعام اور امتحان ہے، میں آپ دوستوں کے تعاون سے ہی اس امتحان میں سرخرو ہونے کی کوشش کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی اہداف کے حصول کیلئے ہم آہنگی، اتحاد اور وحدت کو فروغ دینا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس او ایک الٰہی تنظیم ہے جس کا مقصد نوجوان نسل کو تعلیمات محمد وآل محمد کی جانب راغب کرنا ہے۔

وحدت نیوز(لاہور) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کا سالانہ مرکزی کنونشن سفیران ولایت گذشتہ روز سے جاری ہے، کنونشن کے دوسرے روز تعلیمی سیمینار منعقد ہوا، جس میں پاکستان بھر سے اسکالرز نے شرکت کی، جن میں ڈاکٹر زاہد علی زاہدی، ڈاکٹر ثقلین نقوی اور ڈاکٹر باقر شمیم نقوی نے خطاب کیا۔ کنونشن میں ایجوکیشنل ایکسپو کا بھی انتظام کیا گیا تھا، جس میں ملک بھر کے اہم تعلیمی اداروں کے اسٹالز طلبہ کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔ کانفرنس سے خطاب میں مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اعلٰی تعلیم کے حصول کی رغبت کی طلبہ میں کمی پائی جاتی ہے جبکہ نوجوانان پاکستان کی پہلی ترجیح تعلیم ہونی چاہئے۔ مرکزی صدر اطہر عمران کا کہنا تھا کہ آئی ایس او پاکستان ہمیشہ سے تعلیم و تربیت پر فوکس کرتی رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ موجوہ سال کو آئی ایس او نے تعلیم و تربیت کے عنوان سے منایا۔

 

کنونشن کے دوسرے دن کی دوسری نشست میں عالمی مہدویت کانفرنس منعقد کی گئی، جس علامہ نقی ہاشمی، علامہ امین شہیدی اور ایران سے خصوصی طور پر آئے ہوئے ڈاکٹر محمد رضا بہروزی نے خطاب کیا۔ایرانی اسکالر ڈاکٹر محمد رضا بہروزی نے کہا دنیا عالمی حکومت کی متلاشی ہے اور مہدویت تمام انسانیت کو مسائل سے نکالنے کے لئے ایک امید سمجھتے ہیں۔ دنیا  اس وقت عالمی گلوبلائزیشن کی طرف بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام مہدی ؑ کے انقلاب کے بعد دنیا میں مظلومین کی حکومت ہوگی، یہ تب ہی ممکن ہے جب پوری دنیا میں امام مہدی علیہ السلام کا نام ہوگا، امام مہدیؑ کا زمانہ علم و دانش کا زمانہ ہوگا، جہاں معاشرہ میں صالح افراد موجود ہوں گے اور وہ صالح افراد دنیا پر حکومت کریں گے۔ کنونشن میں ملک بھر سے ہزاروں امامیہ طلبا، دانشور، مذہبی اسکالرز اور آئی ایس او پاکستان کے سابقین شریک ہیں۔ کنونشن کے آخری روز آئی ایس او پاکستان کے نئے میر کارواں کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا اور مال روڈ پر ناصر باغ سے پنجاب اسمبلی تک حمایت فلسطین ریلی نکالی جائے گی، جس میں آئی ایس او کے کارکنوں کے ساتھ ساتھ شہریوں کی بڑی تعداد بھی شریک ہوگی۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری ، ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ امین شہیدی ، علامہ حسن ظفر نقوی ، علامہ شفقت حسین شیرازی، ناصر عباس شیرازی و دیگر نےبرادر تہور عباس حیدری کےامامیہ اسٹوڈنٹس آگنائزیشن پاکستان کےنئےمیر کاروان منتخب ہونے پر مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے مشترکہ تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے برادر تہور عباس حیدری کو طلبہ امامیہ کا روح رواں منتخب ہونےپر دل کی اتہا گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتے ہیں ، خدا وند متعال کی بارگاہ میں ان کی نیک توفیقات میں اضافے کی دعا کرتے ہیں اور ساتھ ہی   امید ہے کہ نومنتخب میر کاروان طلاب امامیہ کی رہنمائی، ملک قوم کی سربلندی اور طلباء کے حقوق کے لئے اپنی تمام ترصلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے پرامن اور مستحکم پاکستان کے لئے کردار ادا کریں گے۔

وحدت نیوز(لاہور) ملت اسلامیہ میں بیداری کا سبب شہداء کے پاکیزہ لہو کا صدقہ ہے جو قومیں اپنے شہیدوں کو بھلا دیتی ہیں تاریخ میں اُن کا نام و نشان باقی نہیں رہتا، ہم شہداء کے وارثین ہیں، تاریخ گواہ ہے کہ اس غیور ملت نے ظالم کے سامنے سر جھکانے کےبجائے سر کٹانے کو ترجیح دی۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصرعباس جعفری نے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے سالانہ مرکزی کنونشن میں شب شہداء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے وطن عزیز میں ظالمانہ نظام کے خاتمے کا عہد کیا ہوا ہے اور انشاءاللہ اپنے لہو کے آخری قطرے تک ظلم، ناانصافی اور غریب کش بادشاہانہ نظام کے خلاف جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد پہلی دفعہ اس ملک کے حقیقی وارثان کرپٹ نظام کے خاتمے کے لئے سبز ہلالی پرچم تلے ایک ہیں، آئی ایس او ایک شجرہ طیبہ کا نام ہے جس کی آبیاری شہداء کے مقدس لہو سے ہوئی ہے، شہداء کا پاک لہو ہمارے پاس ایک مقدس امانت ہے،امامیہ طلباء اپنی توانائیاں وطن عزیز کے دشمنوں کے تعقب اور حصول علم پر صرف کریں ۔ پاکستان کے استحکام کے لئے سابقین آئی ایس او اپنا عملی کردار ادا کریں ، مجلس وحدت مسلمین آئی ایس او کے فارغ التحصیل طلبہ کے لئے قومی خدمت کا بہترین پلیٹ فارم ہے۔

 

علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ قائداعظم اور علامہ اقبال کے فرزندان آج ملک میں عوام کی حکمرانی کیلئے اور استحصالی نظام کیخلاف پختہ عزم کیساتھ میدان میں موجود ہیں اور انشاءاللہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان سیاسی فرعونوں، معاشی قارونوں اور مذہبی بلعم بعوروں کے چنگل سے آزاد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز امن کا گہوارہ بنے گااور مساوی حقوق سب کو میسر ہونگے۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ماڈل ٹاوُن کے شہداء ہمارے شہداء ہیں، ہم ان کے پاکیزہ لہو کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے، ہم مظلوموں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

وحدت نیوز(لاہور) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے سالانہ مرکزی سفیران ولایت کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی نے کہا کہ عالم انسانیت، عالمی حکومت کی طرف گامزن ہے، یعنی دنیا کو مہدویت یا عالمی حکومت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہادت ہماری میراث ہے اور اس کے نتیجے میں ہم مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی قوم کو برباد کرنے کے لئے مایوسی کا ہتھیار استعمال کیا جاتا ہے، لیکن ہم بیدار اور مضبوط قوم ہیں، عالمی سطح پر تشیع بیدار ہوئی ہے، جس کے ثمرات آج پورا عالم بشریت محسوس کر رہا ہے، پاکستان میں بھی محب وطن قوتوں کا مجتمع ہونا استحکام و بقاء وطن کے لئے ناگزیر ہے، موجودہ سیاسی تناظر کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے علامہ امین شہیدی نے کہا کہ نواز شریف کے کالے کرتوت سے پردے اٹھ چکے ہیں، نواز شریف جب تک رہے گا، اسلام اور مسلمانوں کو نقصان پہنچائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد دھرنا کے نتیجے میں بیداری آچکی ہے، پاکستان میں اس وقت ایک منظم سازش کے تحت محرم سے قبل حالت کو خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، لیکن دشمن یہ جان لے کہ ہم سوئے نہیں ہیں، بیدار ہیں۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصرعباس جعفری نے کہا ہے کہ راولپنڈی میں مولانا اشرف علی کے بیٹے امان اللہ کے قتل کی مذمت کرتے ہیں، مجلس وحدت ہر طرح کی دہشتگردی کی مخالف ہے، انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ اس قتل میں حکومت پنجاب ملوث ہے جس کا مقصد ہماری توجہ دھرنے سے ہٹانا اور ملک کے حالات کو فرقہ واریت کی طرف دھکیلنا ہے۔ یہی وجہ بنی کہ تکفیریوں کو کھلا چھوڑا گیا، جنہوں نے ناصرف عبادت گاہوں کو جلایا بلکہ ایک شخص کو زندہ جلا دیا۔ پارلیمنٹ کے سامنے دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ حکومت مظلوموں کے حوصلوں کا امتحان لے رہی ہے لیکن دھرنے کے شرکاء نے حوصلوں کی جنگ بھی جیت لی ہے اور عنقریب یہ حکمران اپنے انجام کو پہنچیں گے۔

 

انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں ہونے والی فرقہ وارنہ کارروائیوں کے پیچھے حکومت ملوث ہے، جو ان تکفیروں کو سپورٹ کرکے ملک کو فرقہ واریت کی آگ میں دھکیلنا چاہتی ہے۔ عوام کے اندر کوئی نفرت یا فرقہ واریت نہیں ہے، چند تکفیری ملک کا امن خراب کر رہے ہیں اور حکمران ان کے اتحادی بنے ہوئے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جاتی۔ ان کا کہنا تھا کہ ظالم حکمران سمجھتے تھے کہ مظلوم تھک جائیں گے اور ہار جائیں گے، انشاءاللہ ظالم تھکیں گے اور مظلوم یہ جنگ جیتیں گے۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ہم فرقہ واریت کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے اور نفرتوں کی جہنم کو ختم کرکے رہیں گے، ہم حکمرانوں کی تمام سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree