وحدت نیوز ( اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری تربیت علامہ سید احمد اقبال رضوی کی زیر قیادت چار رکنی اعلیٰ سطحی وفد نے راولپنڈی میں حضرت گولڑہ شریف(ر ح) کے سالانہ عرس اور ۱۱۳ ویں سالانہ تاجدار ختم نبوت(ص) کانفرنس میں شرکت کی ، وفد کے دیگر ارکان میں ، مرکزی سیکریٹری روابط ملک اقرار حسین ،ڈپٹی سیکریٹری جنرل پنجاب علامہ اصغر عسکری ، ضلعی سیکریٹری جنرل اسلام آباد علامہ فخر عباس علوی اور علامہ عابد حسین بھی شامل تھے ۔

مجلس وحدت مسلمین کے رہنماؤں نے علامہ سید احمد اقبال رضوی کی زیر قیادت حضرت گولڑہ شریف (ر ح) کے مزار پر حاضری دی ،چادر چڑھائی ، فاتحہ خوانی کی اور پاکستان کی ترقی ، خوشحالی ، استحکام کے لئے اور دہشت گردی سے نجات کے لئے خصوصی دعا کی ، ایم ڈبلیو ایم کے وفد نے علمائے اہل سنت سے ملاقاتیں بھی کیں ،وا ضح رہے کہ حضرت گولڑہ شریف (ر ح)کا عرس ہر سال ماہ شوال میں اسلام آباد میں انکے مزار پرمنعقد کیا جاتا ہے ، جہاں پاکستان کے طول و عرض سے لاکھوں عقیدت مند حاضری دیتے ہیں اور اپنی حاجات کی قبولیت کے لئے دعائیں مانگتے ہیں ۔

وحدت نیوز (لاہور)  تحریک انصاف پاکستان نے پنجاب حکومت کی طرف سے غیر جماعتی بنیاد پر بلدیاتی انتخابات کرانے کے اعلان کیخلاف بدھ کو لاہور میں آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پنجاب اسمبلی کے قائد حزب اختلاف محمود الرشید نے آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کیلئے مجلس وحدت مسلمین کو دعوت دی ہے جو قبول کرلی گئی ہے۔ ایم ڈبلیو ایم کی طرف سے سیکرٹری سیاسیات ناصر عباس شیرازی کی سربراہی میں وفد پنجاب کی سطح پر ہونے والی کل جماعتی کانفرنس میں شرکت کریگا۔ اس سے پہلے ایم ڈبلیو ایم کے وفد نے محمود الرشید سے بیٹے کی وفات پر ان گھر پر تعزیت کی اور دعا مغرفت کی۔ وفد میں پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی، ناصر عباس شیرازی، علامہ احمد اقبال رضوی اور اسد نقوی شامل تھے۔

وحدت نیوز (قم المقدسہ) ہمارا ملک پاکستان جو کہ اسلام کے نام پر بنا تھا اُسی پاکستان میں ایک خارجی ٹولہ اسلام کے نام پر معصوم اور بے گناہ لوگوں کا خون بہا رہا ہے، ان خیالات کا اظہار ایم ڈبلیو ایم (شعبہ قم المقدسہ) کے سیکرٹری جنرل علامہ غلام محمد فخرالدین نے(شعبہ قم المقدسہ)کے زیراہتمام شہید علامہ عارف حسین الحسینی کی پچیسویں برسی کے موقع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

علامہ فخرالدین کا کہنا تھا آج ہمیں قربانیاں دے کر شہید قائد کی سیرت پر عمل کرتے ہوئے پاکستان کو بچانا ہے۔ پاکستان جو اسلام کے نام پر بنا تھا آج اسی ملک میں انسانوں کا قتل عام بھی اسلام (نعرہ تکبیر)کے نام پرہو رہا ہے۔ علامہ فخرالدین نے کہا کہ آج 67واں یوم آزادی ہے لیکن ہمارے حکمران ابھی تک قید میں ہیں۔ کبھی کسی کی غلامی ہوگی توکبھی کسی کے ہاتھوں غلام۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) وطن کی حفاظت کے لئے ہزاروں جوان رضاکار فراہم کریں گے جو سیکورٹی فورسز کے مورال کو بلند بھی کریں گے اور اپنے وطن کے باسیوں کی حفاظت بھی کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر بارہ کہو میں موجود مسجد علی ابن ابیطالب (ع) میں خودکش حملہ آور کی فائرنگ سے شہید ہونے والے جوان رضاکار محمد امین کی نماز جنازہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر شرکاء کی بہت بڑی تعداد نماز جنازہ میں شرک تھی۔ شرکائے جنازہ لبیک یا حسین (ع)، لبیک یا زینب (س) کے شعار بلند کرتے ہوئے دہشتگردوں کے مراکز پر آپریشن کا مطالبہ کررہے تھے۔

 

اس موقع پر اپنے خطاب میں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ملک میں جاری دہشت گردی نے سیکورٹی فورسز کا مورال ڈاؤن کردیا ہے، انتظامیہ کو ہر شہر میں سیکورٹی فورسز کا مورال اپ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ضرورت پڑے تو ہر شہر کی حفاظت کے لئے ہمارے جوان حاضر ہیں۔ ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ  پارلیمنٹ کے اندر بیٹھ کر جو لوگ طالبان دہشت گردوں کے ساتھ مذاکرات کی بات کررہے ہیں وہ یہ سمجھ لیں کہ ان کا یہ اقدام ہزاروں شہدا کے خون کے ساتھ غداری ہے۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مزید کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ جو امن و امان کے قیام کے لئے  بلند و بانگ دعوے کرتے ہیں ان کے لئے بارہ کہو کا یہ واقعہ شرم کا مقام ہے کہ جو وزیر داخلہ اپنے دارالحکومت کو ہی محفوظ نہیں  کرسکا وہ ملک کو کیا محفوظ کرے گا۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) اسلام آباد کے نواحی علاقے بارہ کہو میں خودکش حملے کی کوشش ناکام ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق علی مسجد میں نماز جمعہ ادا ہوگئی تھی اور تقریباً نمازی گھروں کو جاچکے تھے کہ اچانک ایک خودکش حملہ آور نے فائرنگ کرتے ہوئے مسجد میں داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی پر مامور مسجد انتظامیہ کے گارڈ نے جوابی فائرنگ کی، جس سے خودکش حملہ آور ہلاک ہوگیا جبکہ مسجد میں موجود دو افراد زخمی ہوگئے۔ جائے وقوعہ پر موجود علامہ عابد حسین بہشتی نے میڈیا کو بتایا کہ مسجد انتظامیہ کی طرف سے سکیورٹی پر مامور کوہاٹ سے تعلق رکھنے والے سید امین حسین خودکش حملہ آور کی فائرنگ سے شہید ہوگئے ہیں، جبکہ دو افراد زخمی ہیں، جنہیں اسپتال داخل کرا دیا گیا ہے جن کے نام بلال حسین اور مدثر حسین ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ خودکش حملہ آور کے آنے سے فقط چند منٹ پہلے علامہ امین شہیدی نماز جمعہ ادا کرکے نکل چکے تھے جبکہ علامہ سید حسنین گردیزی نماز پڑھا کر اپنے گھر میں داخل ہی ہوئے تھے کہ باہر سے فائرنگ کی آوازیں آنا شروع ہوگئیں۔ انہوں نے شبہ ظاہر کیا کہ خودکش حملہ آور کا ٹارگٹ ایم ڈبلیو ایم کی لیڈرشپ تھی۔

وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے دہشت گردی کے پے در پے واقعات کے خلاف عید الفطر سادگی سے منانے کا اعلان کر تے ہوئے پاکستانی عوام سے اپیل کی ہے کہ بے گناہ پاکستانیوں کے قتل عام کے خلاف صدائے احتجاج بلند کریں، دہشت گردی اور خود کش حملوں میں شہید ہونے والوں کے ورثاء سے ملاقاتیں کرکے انکی دلجوئی کریں، جو اپنے شہداء کو بھول جاتے ہیں وہ رب العزت کے سامنے کبھی سرخرو نہیں ہو سکتے، شہداء کا لہو ضرور رنگ لائے گا اور ملک و قوم کو دہشت گردی کے ناسور سے نجات ملے گی۔ عید کے موقع پر اپنے پیغام میں راجہ ناصر عباس جعفری نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ عید الفطر کے موقع پر عوام کے تحفظ کے لیے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کوئٹہ سمیت ملک بھر میں ہونے والے دہشت گردی کے تانے بانے قانون نافذ کرنے والے اداروں میں موجود کالی بھیڑوں سے ملتے ہیں، جب تک اداروں کو کالی بھیڑوں سے پاک نہیں کیا جاتا ملک و قوم دہشت گردوں کے نرغے میں رہے گی۔



علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ پاکستان کے نظریے کو فروغ دے کر تعصبات کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے، پوری قوم تعصبات سے بالاتر ہو کر پاکستانیت کی سوچ اپنائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کی ترقی کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں، محبت پاکستان کو اپنانے اور پھیلانے کی ضرورت ہے۔ درایں اثناء مجلس وحدت کے ترجمان کے مطابق علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی اسلام آباد میں عید منائیں گے جبکہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ مختار امامی نوابشاہ میں جبکہ پنجاب کے سیکریٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی اور سید ناصر عباس شیرازی مرکزی سیکرٹری سیاسیات سرگودھا میں عید منائیں گے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree