وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری امور فرہنگ (تعلیم، تربیت، تبلیغات) علامہ اعجاز حسین بہشتی نے کہا ہے کہ فتنہ و فساد کا واحد حل اہل بیت (ع) کی نظر میں قرآن اور اہل بیت (ع) کا دامن تھامنے میں ہے، حدیث میں ہے کہ اگر رات کی تاریکی کی طرح فتنہ تمہیں ڈھانپ لے تو دامن قرآن کو پکڑنا جو تمہیں امن، اطمینان اور سکون کی زندگی فراہم کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم ڈبلیو ایم کراچی کے تحت المحسن ہال میں منعقدہ تنظیمی و تربیتی ورکشاپ میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ اعجاز بہشتی نے تاکید کی کہ تنظیمی جوانوں کو بالخصوص اور تمام جوانوں کو بالعموم ماہ مبارک رمضان کی آمد کے ساتھ ساتھ اپنے عبادی، معنوی اور تلاوت قرآن کے پروگرامات کو مرتب کرنا چاہیئے، کم سے کم ماہ مبارک رمضان میں تین مرتبہ قرآن ختم کرنا ضروری قرار دیں، کیونکہ اس مہینے کی برکت سے ایک آیت کی تلاوت کل قرآن ختم کرنے کے برابر ہے۔

 

ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکریٹری امور فرہنگ  کا کہنا تھا کہ حدیث میں ہے کہ جس گھر میں تلاوت قرآن ہو، اس گھر کی تین خصوصیات پائی جاتی ہیں، اول یہ کہ برکت نازل ہوتی ہے، دوئم یہ کہ فرشتے نازل ہوتے ہیں اور تیسری خصوصیت یہ ہے کہ شیطان اس گھر سے دور ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے مجلس وحدت مسلمین کو الٰہی نظام اور خون شہداء کی پاسداری، مظلوموں کی حمایت، مستضعفین کی مدد اور ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے کیلئے بنایا ہے، لیکن اگر تنظیم ان امور کی انجام دہی میں رکاوٹ بنے تو اس بت کو توڑنا ضروری ہوگا، ہمیں تنظیم پرستی کے بجائے دینی اہداف کو حاصل کرنے کے لئے مقدمہ کے طور پر تنظیم کو استعمال کرنا چاہیئے۔

وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر سانحہ کوئٹہ، سانحہ پشاور سمیت ملک بھر میں جاری دہشت گردانہ کاروائیوں میں شہید ہونے والے شیعہ و سنی شہداء سے تجدید وفا کے لئے ’’ یوم ایفائے شہداء ‘‘ منایا گیا۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کراچی ڈویژن کی جانب سے چراغاں کا پروگرام قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر منعقد کیا گیا، پروگرام میں شرکاء نے چراغ روشن کرکے ملک بھر میں دہشت گردوں کی دہشت گردی کا نشانہ بننے والے معصوم پاکستانیوں سے اظہار یکجہتی اور تجدید عہد وفا کیا۔ چراغاں کے موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ حسن ظفر نقوی، جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی اور علامہ عقیل انجم قادری بھی موجود تھے۔ جبکہ علامہ دیدار علی جلبانی، علی حسین نقوی اور علامہ علی انور جعفری نے شرکاء کی میزبانی کے فرائض انجام دیئے۔ اس موقع پر کراچی میں مزار قائد پر منعقدہ چراغاں کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ حسن ظفر نقوی نے افواج پاکستان اور چیف جسٹس آف پاکستان سمیت حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ ملک میں جاری دہشت گردی کے خلاف عملی اقدامات کئے جائیں اور کالعدم دہشت گرد ملک دشمن گروہوں پر مکمل پابندی عائد کی جائے۔

 

اہل سنت عالم دین اور جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ عقیل انجم قادری کا کہنا تھا کہ ایک طرف دہشت گرد پاکستان کے شہریوں کو مساجد، بازاروں، پولیس چوکیوں اور دیگر مقامات پر بدترین دہشت گردی کا نشانہ بنا رہے ہیں جبکہ حکومتی ادارے اور حکومت انہی دہشت گردوں سے مذاکرات کے راگ الاپ کر پاکستان کے 71 ہزار شہداء کے خون سے غداری کی مرتکب ہو رہی ہے۔ اس موقع پر شرکاء نے امریکہ مردہ باد اور اسرائیل نامنظور سمیت دہشت گردی کے خلاف اور شہداء سے تجدید وفا کے نعرے بلند کئے اور حکومت کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے معصوم انسانوں کا قتل کرنے والے دراصل امریکہ اور اسرائیل کے مقامی ایجنٹ ہیں جو پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں لہذٰا ان دہشت گردوں سے آہنی ہاتھوں نہ نمٹا گیا تو ملک گیر احتجاجی تحریک کا آغاز کردیا جائے گا اور دہشت گردوں کے خاتمے تک تحریک کا اختتام نہیں ہوگا۔

 

واضح رہے کہ گذشتہ ایک ماہ میں پشاور میں مدرسہ شہید علامہ عارف حسین الحسینی سمیت کوئٹہ میں ہزارہ ٹاؤن میں ہونے والے بم حملوں میں پچاس سے زائد معصوم انسان شہید ہو چکے ہیں جبکہ دیگر واقعات میں درجنوں پاکستانی شہید ہوئے ہیں اس حوالے سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر جمعہ کو ملک بھر میں طالبان دہشت گردوں کی بربریت کا شکار شیعہ و سنی شہداء سے تجدید وفا کے لئے یوم ایفائے شہداء کے طور پر منایا گیا۔

وحدت نیوز (شہداد کوٹ) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکریٹری جنرل حجتہ السلام و المسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی کال پر ملک کے دیگر شہروں سمیت شہدادکوٹ میں بھی یوم ایفائے شہداء منایا گیا۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین، اصغریہ آرگنائزیشن ، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن سمیت دیگر شیعہ تنظیموں کے کارکنان نے مولاناممتاز ایمانی ، نیاز حسین الحسینی، آصف حسین سموں اور دیگر کی قیادت میں مرکزی امام بارگاہ دربار حسین سے ریلی نکالی اور کوٹو موٹو چوک پر دھرنا دیا ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان ، شام ، بحرین ، مصر ، عراق سمیت دیگر ممالک میں شیعہ مسلمانوں کو دہشت گردی کا نشانہ بناجارہا ہے جو کہ انسانیت سوز عمل ہے ۔ انہوں نے دنیا بھر میں جاری ٹارگٹ کلنگ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ ایسی انسانیت سوز کاروایوں کا نوٹس لے کر دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کی جائے۔

وحدت نیوز (قم) مجلس وحدت مسلمین پاکستان (شعبہ قم المقدسہ) کے زیراہتمام سانحہ کوئٹہ کے شہداء کے ایصال ثواب کے لیے مجلس ترحیم کا انعقاد کیا گیا۔ جس سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی شوریٰ عالی کے رکن اور کوئٹہ کے امام جمعہ علامہ سید ہاشم علی موسوی اور سیکرٹری جنرل قم المقدسہ علامہ غلام محمد فخرالدین نے خطاب کیا۔ مقررین نے اپنے خطاب میں شہدائے کوئٹہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی یاد کو زندہ رکھنا ایک زندہ قوم کا شیوہ ہے اور جو قومیں اپنے شہداء کو بھلا دیتی ہیں وہ صفحہ ہستی سے مٹ جاتی ہیں۔ مجلس ترحیم سے خطاب کرتے ہوئے قم المقدسہ کے سیکرٹری جنرل علامہ غلام محمد فخرالدین نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہمیں وہ امام نصیب ہوئے جو خود بھی شہید ہیں اور اُن کے ایسے جانشین ملے جنہوں نے کہا کہ شہادت ہمارا ورثہ ہے جو ہماری ماؤں نے ہمیں اپنے دودھ میں پلایا ہے۔

وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا ہے کہ کوئٹہ، پشاور اور کراچی میں طالبان دہشت گردوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے بےگناہ شیعہ و سنی مسلمانوں کی ارواح سے تجدید عہد کیلئے جمعہ کو ’’یوم ایفائے شہدا‘‘ کے عنوان سے منایا جائے گا۔ ایک بین الاقوامی ویب سائٹ سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  ناصر ملت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی ہدایت پر پورے ملک میں شہدا کی یاد میں مجالس اور شمعیں روشن کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے لاہور میں صوبائی سیکرٹریٹ میں ایک پروقار تقریب کا اہتمام ہو گا جس میں ضلع بھر کے تمام کارکنان شریک ہونگے۔ تقریب میں ایم ڈبلیو ایم پنجاب کابینہ ، سیکرٹری جنرل لاہور علامہ امتیاز کاظمی سمیت ماتمی انجمنیں اور وحدت یوتھ کے کارکنان خصوصی شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہدا ہماری ملت کا سرمایہ ہیں اور ہماری منزل کربلا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن ہمیں موت سے ڈرا کر منزل سے بھٹکانا چاہتا ہے لیکن اسے اس بات کی خبر ہی نہیں کہ موت ہمارے لئے شہد سے زیادہ شریں ہے۔

وحدت نیوز (راولپنڈی) مجلس وحدت مسلمین راولپنڈی و اسلام آباد کے اضلاع کا اہم اجلاس مرکزی دفتر اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس کی صدارت ایم ڈبلیو ایم اسلام آباد کے ضلعی سیکرٹری جنرل سید ظہیر نقوی نے کی جبکہ مرکزی سیکرٹری فنانس سید مبارک موسوی اور ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے بطور مہمانان خصوصی شرکت کی، اجلاس میں ایم ڈبلیو ایم کے کارکنوں و عہدہداروں کے علاوہ انجمن اثناء عشری، دعائے زہراء سمیت راولپنڈی و اسلام آباد کی تمام مذہبی تنظیموں کے نمائندگان، اہم شخصیات اور اکابرین شریک تھے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پشاور اور کوئٹہ میں معصوم انسانوں کے قتل عام کے خلاف جمعہ یوم ایفائے عہد منایا جائے گا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمیں اسلام آباد کے ضلعی سیکرٹری جنرل سید ظہیر نقوی نے کہا کہ اس وقت پورا ملک بے گناہ انسانوں کے خون میں ڈوبا ہوا ہے، ان حالات میں حکمرانوں کی جانب سے دہشت گردوں اور قاتلوں سے مذاکرات شہداء کے خون کے ساتھ غداری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب سفاک دہشت گردوں کے ساتھ مذاکرات کی نہیں ان کے ٹھکانوں کے خلاف آپریشن کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ ہم شہداء کے خون کے وارث ہیں، انشاءاللہ یہ خون ناحق رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ انہوں نے جمعہ کے روز شہداء سے عہد وفا کرنے اور پنجاب کے تمام اضلاع میں یوم احتجاج منایا جائے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree