وحدت نیوز (ہری پور ہزارہ) مدرسہ عارف حسین الحسینی میں ہونے والے بم دھماکہ کے خلاف ایم ڈبلیو ایم ہری پور ہزارہ کے تحت زبردست احتجاجی ریلی برآمد کی گئی۔ احتجاجی ریلی کے شرکاء بعد از نماز جمعہ جامع مسجد امیر حمزہ (ع) سے مارچ کرتے ہوئے مین بازار ہری پور پہنچ گئے۔ جہاں سے ریلی نے شاہراہ ریشم کا رخ کیا اور پنیاں چوک کے مقام پر دھرنا دیا گیا۔ شرکائے دھرنا سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کی صوبائی کابینہ کے رکن مولانا وحید عباس کاظمی نے کہا کہ پاکستان میں شیعہ و سنی کا قتل عام وطن عزیز کو کمزور کرنے کی ایک سامراجی سازش ہے۔

 

رہنماء ایم ڈبلیو ایم کا کہنا تھا کہ امریکہ، اسرائیل اور سعودی عرب کے ایماء پر تکفیری عناصر پاکستان میں ظلم و بربریت بپا کئے ہوئے ہیں۔ مدرسہ عارف حسین الحسینی پشاور میں ہونے والا دھماکہ بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی تھی۔ مولانا وحید عباس کاظمی نے وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا کے بیان کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور ان کی برطرفی کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ شخص نے جانبداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملت تشیع کے زخموں پر نمک پاشی کی ہے، جس کی انہیں فوری معافی مانگنا ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہری پور میں اگر آئندہ شیعہ کافر اور سنی سور کا نعرہ لگا تو انتظامیہ تمام تر حالات کی ذمہ دار ہوگی۔

وحدت نیوز (پشاور) سانحہ جامعہ شہید عارف حسین الحسینی کیخلاف پشاور میں مختلف شیعہ تنظیموں کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی، ریلی کے شرکاء مین جی ٹی روڈ پر پہنچے اور وہاں احتجاجی دھرنا دیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے راولپنڈی پشاور شاہراہ کو ایک گھنٹہ تک بلاک رکھا۔ جامعہ شہید عارف الحسینی سے برآمد ہونے والی ریلی میں مدرسہ منتظمین کے علاوہ امامیہ رابطہ کونسل، مجلس وحدت مسلمین، شیعہ علماء کونسل، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن اور امامیہ جرگہ کے کارکنوں کے علاوہ صوبہ کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے علمائے کرام نے نمائندہ شرکت کی۔ قبل ازیں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد مدرسہ عارف حسین الحسینی کے پرنسپل اور  مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رکن مرکزی شوریٰ علامہ سید جواد حسین ہادی نے اجتماع سے خطاب کیا۔ جبکہ دھرنے سے مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے علامہ جہانزیب حسین جعفری، امامیہ علماء کونسل کی جانب سے علامہ خورشید انور جوادی، علماء و مشائخ کونسل کی طرف سے مولانا محمد شعیب، ہنگو کے تشیع کی نمائندگی کرتے ہوئے علامہ سید حسین الاصغر، اور امامیہ رابطہ کونسل کی طرف سے میجر (ر) حسنین حیدر کاظمی نے خطاب کیا۔

 

اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ نئے حکمران بھی امن و امان کے قیام میں ناکام ہوچکے ہیں، ہماری انٹیلی جنس ایجنسیاں یا تو انتہائی نااہل ہوچکی ہیں یا پھر دہشتگردوں کیساتھ ملی ہوئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر دہشتگردی کا سلسلہ نہ رکا تو پورے خیبر پختونخوا سے اہل تشیع کو پشاور میں جمع کیا جائے اور پھر ہم حکومت کو بتائیں گے کہ احتجاج کسے کہتے ہیں۔ دہشتگردوں کے ہاتھوں نہ مساجد محفوظ ہیں، نہ بازار، اہلسنت بھائیوں کی بھی نشانہ بنایا جاتا ہے اور اہل تشیع تو دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔ مقررین نے مزید کہا کہ اگر حکومت عوام کو تحفظ فراہم نہیں کر سکتی تو بتا دے، ہم اپنا تحفظ خود کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ آخر میں قرار دادوں کے ذریعے مطالبہ کیا گیا کہ پشاور اور اس کے گردو نواح میں دہشتگردوں کیخلاف ٹارگٹڈ آپریشن کیا جائے۔ سانحہ میں شہید اور زخمی ہونے والوں کو 3 دن کے اندر معاوضہ ادا کیا جائے، پشاور میں ٹارگٹ کلنگ اور سانحہ امامیہ کالونی کے متاثرین کو فوری طور پر معاوضہ ادا کیا جائے اور ان کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے۔ اسسٹنٹ کمشنر پشاور کی مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی پر مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔

وحدت نیوز (پشاور) جامعہ شہید عارف حسین الحسینی پشاور میں گذشتہ جمعتہ المبارک کو نماز سے قبل ہونے والا خودکش حملہ پشاور کے شیعان حیدر کرار (ع) کو خوفزدہ نہ کرسکا۔ آج جامعہ شہید عارف حسین الحسینی میں ہونے والی نماز جمعہ میں شہر بھر سے بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور دشمن اسلام پر ثابت کردیا کہ وہ دھماکوں کے ذریعے اس ملت کو خوفزدہ نہیں کرسکتا۔ آج ادا کی جانے والی نماز جمعہ میں شیعیان حیدر کرار (ع) کی تاریخی شرکت نے یزید وقت کے ارادوں کو شکست سے دوچار کر دیا۔ دھماکے سے متاثرہ مسجد کا ہال نمازیوں سے کچھا کھچ بھرا ہوا تھا۔ اس کے علاوہ باہر صحن اور پھر لان میں بھی نمازی موجود تھے۔ اس موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے۔ پولیس اور ایف سی اہلکاروں کے علاوہ امامیہ اور وحدت اسکاوٹس کے جوانوں نے بھی سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیئے۔ نماز جمعہ کے خطبہ کے دوران انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے۔ علامہ عابد حسین شاکری نے خطبہ جمعہ میں شہداء کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ نماز جمعہ کے اجتماع میں صوبہ کے مختلف اضلاع سے علمائے کرام نے نمائندہ شرکت کی۔

وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان یوتھ ونگ کے مرکزی مسؤل سید فضل عباس نقوی ایڈوکیٹ کراچی کا دو روزہ تنظیمی دورہ مکمل کرنے کے بعد لاہور پہنچ گئے ہیں۔ لاہور پہنچنے کے بعد برادر فضل عباس نقوی نے ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے صوبائی سیکریٹری جنرل سے ملاقات کی اور پنجاب بھر میں یوتھ ونگ کی تنظیم سازی پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر یوتھ ونگ پنجاب کی تنظیم سازی کے لئے مشاورت کی گئی۔ بعدازاں مشاورت کے بعد پہلے مرحلے میں برادر نقی مہدی کو ایم ڈبلیو ایم لاہور ڈویژن کا آرگنائزر مقرر کردیا گیا جبکہ پنجاب کے مسؤل کے لئے مشاورت جاری ہے۔ برادر فضل عباس نقوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی الٰہی تنظیم میں جوانوں کی ذمہ داری ہے کہ مکتب آل محمد (ع) کی تعلیمات کو عام کرنے لئے علمائے کرام کا دست بازو بنیں تاکہ ایک الٰہی معاشرہ کی تکمیل کے لئے منظم طریقے سے فعالیت کی جاسکے۔

وحدت نیوز (جوہی) ملک بھر میں شیعہ نسل کشی اور ٹارگٹ کلنگ اور پشاور سانحہ کے خلاف مجلس وحدت مسلمین پاکستان سٹی جوہی کی جانب سے مسجد امام رضا (ع) سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ اس موقع پر پریس کلب کے سامنے احتجاجی ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے رہنما اعجاز حسینی اور محمد حنیف جعفری نے کہا کہ پشاور مدرسہ میں حملہ کرنے والے دہشت گرد وں کو فوری گرفتار کیا جائے اور ملک میں شیعہ آفیسروں اور کارکنوں کو حکومت فوری تحفظ فراہم کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں سندھ ہائی کورٹ کے سینیئر جج جسٹس مقبول باقر پر دہشت گردی کرنے والوں کو گرفتار کرنے میں حکومت ناکام رہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی میں امریکی پشت پناہی پر بے گناہ گرفتار شیعہ جوانوں کو فوری رہا کیا جائے ۔

00 amin jamaatوحدت نیوز (گلگت) جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے وفد کے ہمراہ مجلس وحدت مسلمین کے قائم مقام سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ گلگت میں ہونے والی ملاقات میں طرفین کے علمائے کرام اور عہدیداران بھی موجود تھے۔ ملاقات میں دونوں طرف سے گلگت بلتستان میں امن، بھائی چارے کے قیام، دہشتگردی کے خاتمے اور علاقہ میں امت کے تصور کو اجاگر کرنے کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق ہوا۔ دونوں طرف سے آئندہ بھی میٹنگز جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں جماعت اسلامی گلگت بلتستان کے صوبائی امیر، نائب امیر جبکہ ایم ڈبلیو ایم کی طرف سے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ شیخ نیئر عباس مصطفوی، صوبائی ترجمان، شعبہ سیاست کے مسئول غلام عباس اور دیگر موجود تھے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree