وحدت نیوز (پشاور)  مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے قائم مقام سیکرٹری جنرل علامہ سید عامر حیدر شمسی نے کہا ہے کہ شہداء اپنا عظیم کام کرگئے، اب واجب ہے کہ ہم کردار زینبی (س) ادا کرتے ہوئے گلی گلی لبیک یاحسین (ع) کی صدائیں بلند کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں سانحہ جامعہ شہید عارف حسین الحسینی کے شہداء کے بلندی درجات کیلئے منعقدہ مجلس ترحیم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب گھروں میں آرام سے بیٹھنے کا وقت گزر گیا ہے۔ دشمنان خدا، خدا کے گھر کو بم دھماکوں سے شہید کر رہے ہیں۔ بے گناہ نمازیوں کو بے دردی کے ساتھ شہید کیا جا رہا ہے۔ اب ہم پر واجب ہے کہ کردار زینبی (س) اپنا کر جگہ جگہ گلی گلی لبیک یاحسین (ع) کے نعرے بلند کریں اور دشمنان خدا دشمنان محمد و آل محمد (ص) کو للکاریں۔ انہوں نے کہا کہ جو قومیں اپنے شہیدوں کو یاد نہیں رکھتیں وہ ہمیشہ ذلیل و خوار ہوتی ہیں۔ ہمیں فخر کرنا چاہئے کہ ہم سیدالشہداء (ع) کے ماننے والے ہیں۔ ہمیں ہمیشہ اپنے شہیدوں کی یاد کو زندہ رکھنا ہے۔

 

علامہ عامر شمسی نے مزید کہا کہ شہیدوں نے تو اپنا مقام پا لیا ہے کیونکہ قرآن میں خدا کا وعدہ ہے کہ شہید زندہ ہوتا ہے وہ میرے ہاں روزی پاتا ہے۔ اب ہمیں اپنے شہداء کے ساتھ وفا کرنی ہے۔ اس کردار کو زندہ رکھنا ہے۔ اُنہوں نے مشن حسینی کیلئے قربانی دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہئے کہ اپنے آپ اور اپنے گھروں کو حسینی بنائیں۔ ظالم کا ظلم سہیں نہیں بلکہ اس خلاف اُٹھ کھڑے ہو کر اس کا راستہ روکیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم خاموش رہے تو یہ ظلم مزید بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ جب ظلم بڑھ جائے تو اس کا روکنا پھر مزید مشکل ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جوانوں کو چائیے کہ اب وہ بیدار رہیں، کیونکہ اس وقت پوری دنیا کا کفر مسلمانوں کے خلاف اُٹھ کھڑا ہوا ہے۔ ہم نے اس کا راستہ روکنا ہے۔

وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی نے کراچی میں جسٹس مقبول باقر کے قافلے پر ہونے والے بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نومنتخب حکومت مشرف کے ٹرائل سے پہلے دہشت گردی کا قلع قمع کریں۔ کیونکہ ملکی سلامتی کو اس ناسورسے بڑا کوئی خطرہ نہیں۔ پاکستان میں ہرآمر کا ٹرائل ضروری ہے۔ پرویز مشرف کے ٹرائل کیلئے اکتوبر1999کے اقدامات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے کاروائی کی جائے اور اس وقت کے وہ تمام ادارے جو ان غیر آئینی اقدامات کے حامی تھے ان کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ یک طرفہ کاروائی سے مزید ملکی معاملات کو مشکلات پیش آئیں گی۔ علامہ امین شہیدی نے سانحہ مدرسہ شہید حسینی پشاور، سانحہ دیا مر گلگت، سانحہ کوئٹہ اور کراچی میں جاری دہشت گردی کے واقعات کیخلاف حکومت کی طرف سے غیر سنجیدہ رویہ اپنانے پر بروزِ جمعہ 28 جون کو مجلس وحدت مسلمین کے پلیٹ فارم سے ملک گیر احتجاجی مظاہروں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان تمام واقعات میں مقتدر قوتوں کی خاموشی قوم کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ آخر کونسی مجبوری ان حکمرانوں اور ریاستی اداروں کو لاحق ہے جو دہشت گردوں کیخلاف کاروائی سے روکتی ہے۔


ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت نازک دور سے گذر رہا ہے۔ انڈیا، اسرائیل، امریکہ گٹھ جوڑ اور افغانستان کے بدلتے ہوئے حالات پر تمام محبِ وطن قوتوں کو اعتماد میں لیتے ہوئے دنیا کے سامنے ٹھوس مؤقف اپنانے کی ضرورت ہے۔ خارجہ پالیسی کو صحیح سمت دے کر دنیا کو باور کرانا ہوگا کہ پاکستانی دہشت گردنہیں بلکہ دہشت گردوں کو ان شیطانی طاقتوں نے پاکستان پر مسلط کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے حالات کو خراب سے خراب تر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ غیر ملکی مہمان سیاحوں کا قتل گلگت بلتستان کی عوام کی معیشت اور سیاحت جس کو انڈسٹری کا درجہ حاصل ہے کا قتل ہے۔ ان تمام واقعات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے گلگت بلتستان میں 27جون کو آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ تمام محبِ وطن قوتیں متحد ہو کر ان مسائل کا حل نکال سکیں اور یہ وقت کا بھی عین تقاضہ ہے۔

وحدت نیوز (کراچی)  نوجوان ملت جعفریہ کا سرمایہ ہیں، سیرت حضرت عباس ؑ و علی اکبر ؑ پر کاربند رہتے ہوئے حسینی انقلاب بپا کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے یوتھ ونگ ’’وحدت یونگ ونگ ‘‘ کے سیکریٹری سید فضل عباس نقوی نے کراچی پہنچنے کے بعد جوانوں سے خصوصی ملاقات کے دوران کیا۔ وحدت یوتھ ونگ کے مرکزی سیکریٹری سید فضل عباس نقوی بدھ کے روز ملتان سے دو روزہ دورے کے لئے کراچی پہنچے ہیں جہاں انہوں نے جوانوں کی ایک خصوصی نشست میں گفتگو کی۔ وحدت یوتھ ونگ کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ وحدت یوتھ ونگ کے مرکزی سیکریٹری سید فضل عباس نقوی کراچی میں اپنے دو روزہ تنظیمی دورے کے دوران مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ مختار امامی سے ملاقات کریں گے جبکہ کراچی کے سیکرٹری جنرل اور دیگر ضلعی ذمہ داروں سے بھی خصوصی ملاقاتیں کریں گے۔ اعلامیہ کے مطابق سید فضل عباس کے دورۂ کراچی میں وحدت یوتھ ونگ کی تنظیم سازی کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں گے۔

00 shiekh nayyer 001وحدت نیوز (گلگت) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل مولانا شیخ نیئر عباس مصطفوی نے صوبائی سیکرٹریٹ گلگت سے جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں چلاس کے سیاحتی مقام اور ننگا پربت بیس کیمپ کے قریب فیری میڈوز میں ایک پاکستانی اور 10 غیر ملکی سیاحوں کی تکفیری دہشت گردوں کے ہاتھوں بہیمانہ قتل عام کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر حکومت شاہرائے قراقرم پر گذشتہ سال رونما ہونے والے پے در پے سانحات چلاس، کوہستان و لولوسر کا سختی کیساتھ نوٹس لیتے ہوئے ان علاقوں میں موجود کالعدم تحریک طالبان اور لشکر جھنگوی کے ٹھکانوں پر آپریشن کرتی تو آج اتنا بڑا سانحہ کبھی رونما نہ ہوتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بعض مقامی مذہبی رہنما اسے بین الاقوامی سازش قرار دے رہے ہیں،اس میں کوئی شبہ نہیں تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ دیامر کے مذہبی رہنما ان بین الاقوامی سازشوں کے آلہ کار بننے والے مقامی شدت پسندوں کو بھی ازخود بےنقاب کرکے اس خطے کو طالبانائزیشن سے پاک کریں۔

00 amin 001وحدت نیوز (گلگت) مجلس وحدت  مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ امین شہیدی نے گلگت کی جامع مسجد میں امامیہ آرگنائزیشن پاکستان گلگت ریجن کی جانب سے یوم ولادت باسعادت حضرت امام مہدی (عج) کے موقع پر منعقدہ عہد وفا کانفرنس میں شرکت کی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ امام جمعہ و الجماعت جامع مسجد گلگت علامہ سید راحت حسین الحسینی بھی موجود تھے۔ کانفرنس میں امامیہ آرگنائزیشن نے کارکنان سمیت مومنین بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔  کانفرنس میں کراچی کے مشہور و معروف منقبت خواں برادر مرتضیٰ نگری نے بارگاہ امامت میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ عہد وفا کانفرنس میں علامہ امین شہیدی نے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غیبت امام زمانہ (عج) میں ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم طاغوت کا انکار کرتے ہوئے ہر ظالم سے نفرت کریں اور ہر مظلوم کی حمایت کے لئے میدان عمل میں حاضر رہیں۔

 

علامہ امین شہیدی کا کہنا تھا کہ آج زمانہ ہم سے یہ تقاضا کررہا ہے کہ ہم اپنے امام عصر (عج) کے ظہور کی راہ ہموار کرنے کیلئے میدان عمل میں وارد ہوں اور اپنی اپنی ذمہ داری کو ادا کریں تاکہ دنیا بھر کے مظلومین کی دادرسی کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کا مقصد بھی یہی ہے کہ معاشرہ کو خدا کے دیئے ہوئے عادلانہ نظام کی طرف واپس پلٹایا جائے اور دنیا کے سامنے عدالت کا ایسا نمونہ پیش کیا جائے کہ آج کا زمانہ امام زمانہ (عج) کی حکومت کے قیام کے لئے آمادہ ہوسکے۔ کانفرنس سے خطاب میں علامہ امین شہیدی نے گلگت میں حالیہ واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سیاحوں پر حملوں سمیت دیگر واقعات گلگت بلتستان کے امن کو خراب کرنے کی سازش ہے لیکن گلگت بلتستان کے باشعور عوام امریکہ اور اس کے ایجنٹوں کی ان سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔

00 lahoreProtest01وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیرِاہتمام پشاور میں مدرسہ شہید عارف حسینی پر درندہ صفت دہشت گردوں کے معصوم پرامن اور محب وطن نمازیوں پر حملے اور ملک بھر میں جاری دہشت گردی کیخلاف آج پریس کلب لاہور کے سامنے علامتی دھرنا و احتجاجی مظاھرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں علماء، خواتین، بچوں سمیت نوجوانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ یاد رہے مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل نے صوبے بھر میں مظاہروں کی کال گزشتہ روز ہونے والے اجلاس میں دی تھی۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی سیکرٹری جنرل پنجاب سید اسد عباس نقوی نے کہا کہ ملک میں منظم سازش کے تحت جاری شیعہ نسل کشی میں پھر سے شدت آگئی ہے، پُرامن رہنے کا یہ مطلب نہیں کہ محب وطن لوگوں کو دہشت گردوں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا جائے۔

 

سید اسد عباس نقوی نے گلگت میں چلاس کے مقام پر غیر ملکی سیاحوں کے قتل عام کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وزیرِداخلہ فلور آف دی ہاؤس بیان دے رہا کہ یہ وہی قاتل ہیں جنہوں نے یہاں کے شیعہ مسلمانوں کا قتل عام کیا، ہماری اطلاع کے مطابق قاتلوں نے غیر ملکی سیاحوں کے قتل عام کے بعد چاکنگ سے اپنی شناخت بھی ظاہر کردی ہے جس میں بدنام زمانہ دہشت گرد ملک اسحاق اور کالعدم دہشت گرد تنظیم کے موجودہ سربراہ کو اپنا امیر قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے امن و امان کو خراب کرنے کیلئے تکفیری گروہ پھر سے سر گرم ہے، ہم مسلم لیگ ن کی حکومت کو یہ متنبہ کرتے ہیں کہ اگر گلگت بلتستان کے مسافروں کو کوئی نقصان یا کوئی دہشت گردی کا وا قعہ وہاں پیش آیا تو رئیسانی حکومت کے انجام کو موجودہ حکومت بھی یاد رکھے۔

 

مرکزی رہنما مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ ابوذر مہدوی نے کہا کہ پاکستان میں تبدیلی مہنگائی، دہشت گردی کی صور ت میں آ گئی ہے، مسلم لیگ ن کی حکومت کو ابھی مہینہ پورا نہیں ہوا سینکڑوں لاشوں کا تحفہ دے کر عوام پر ثابت کر دیا کہ موجودہ حکومت دہشت گردوں کے سامنے بے بس ہے، کوئٹہ میں خواتین کا قتل عام کرکے دنیا میں پاکستان کی رسوائی کی گئی، آج پھر گلگت بلتستان کی پُر امن سرزمین پر تکفیری ٹولوں نے غیر ملکی مہمانوں کو قتل کرکے پاکستان میں سیاحت کے باب پر ہمیشہ کیلئے تالا لگا دیا۔ علامہ ابو ذر کا کہنا تھا کہ اگر حکومت اور سیکورٹی ادارے اِن معاملات میں اپنی ناکامی کا اعتراف کریں تو محب وطن عوام اِن دہشت گردوں کیخلاف میدان میں آنے کو تیار ہیں لیکن افسوس پاکستانی حکمرا ن اس وقت ملکی مفادات سے زیادہ امریکی و صیہونی مفادات کو تحفظ دے رہے ہیں جو اس دہشت گردی اور لاقانونیت کے اصل سرپرست ہیں۔

 

انہوں نے کہاکہ پاکستان کے حالات بتارہے ہیں یہاں امریکی شیطانوں اور اسرائیلی و انڈین گماشتوں کے ایجنڈوں کی تکمیل کیلئے طالبان اور تکفیری دن رات ایک کئے ہوئے ملکی سلامتی کے درپے ہیں اور ہم فقط مذمت کے سوا کوئی عملی قدم اٹھانے کو تیار نہیں۔ مظاہرے سے مجلس وحدت مسلمین لاہور کے سیکرٹری جنرل علامہ امتیاز کاظمی نے بھی خطاب کیا ۔ انہوں نے کہا پاکستان کو اب ایک فیصلہ کرنا ہوگا،اسلامی جمہوری پاکستان یا طالبان تکفیری پاکستان کیونکہ جن دہشت گردوں سے ہمارے ملک کے سیاسی و مذہبی قائدین مذاکرات کے خواہاں ہیں وہ اس ملک کواور اس کے آئین کو سرے سے نہیں مانتے ، حکومت کی اسی کمزوری کا نتیجہ جو آج معصوم اور بے قصور محب وطن عوام بھگت رہی ہے، کیا قیام پاکستان اور بانی پاکستان کی اولادوں کا جرم یہ ہے کہ وہ پاکستان سے محبت کرتے ہیں، اگر یہ جرم ہے تو ہم یہ جرم بار بار کرتے رہیں گے،وطن کی محبت اور وطن کے دشمنوں سے نفرت ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔

 

علامہ امتیاز کاطمی کاکہنا تھا کہ وطن کا دفاع ہم سب پر واجب ہے، اگر پاک فوج آج پکارے تو یہ فرزندانِ پاک وطن اپنی جانوں کو اس دھرتی پر قربان کرنے کو عین شرعی فریضہ سمجھتے ہوئے میدان میں آنے کو تیار ہیں۔ مظاہرے میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پریس کلب لاہور کے سامنے علامتی دھرنا بھی دیا گیا جو بعد میں پُر امن طور پر منتشر ہوگیا۔مظاہرین نے مطالبہ کیاکہ کھوکھلے نعروں اور جھوٹے وعدوں کی بجائے ملک میں دہشت گر دی کیخلاف موثر حکمت عملی ترتیب دی جائے اور دہشت گردوں کیخلاف فی الفور آپریشن شروع کیا جائے،گلگت چلاس میں غیر ملکی سیاحوں کا قتل عام در اصل وہاں کے سیاحت اور غریب محب وطن عوام کے روز گار کا قتل ہے۔

 

مظاہرین نے کہاکہ تکفیریوں کیخلاف گلگت بلتستان میں آپریشن نہ کرنے کا نتیجہ آج پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر ایک بار پھر بدنامی کا سبب بنا، گلگت بلتستان کی نمائندہ جماعت ہونے کے ناطے مجلس وحدت مسلمین پاکستان مطالبہ کرتی ہے کہ گلگت بلتستان میں دہشت گردوں کیخلاف فوری آپریشن کرے اور گرفتار شرپسندوں کو فوری انصاف کے کٹہرے میں لا کر قرار واقعی سزا دی جائے، سانحہ پشاور میں گرفتار درندوں کو فوری قرار واقعی سزا دی جائے اور اُن کے سرپرستوں کیخلاف موثر کارروائی تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے، پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی حکومت کے وزیرِ اطلاعات کے اُس بیان کی پرزور مذمت کرتے ہیں جس میں مدرسہ شہید عارف حسینی میں خود کش دھماکے پر کہا گیا کہ قیامت تو نہیں آئی بم ہی پھٹا ہے،ہم عمران خان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ایسے بے حس لوگوں کو آگے لاکر تحریک انصاف کی ساکھ کو خراب نہ کریں اور اُن کیخلاف فی الفور کارروائی کی جائے۔

 

رہنماؤں نے کہا کہ ہماری اطلاعات کے مطابق گلگت بلتستان کے مسافروں کیخلاف شاہراہ قراقرم پر بڑی دہشت گردی کی منصوبہ بندی جاری ہے جس کے آثار بدنام زمانہ دہشت گرد ملک اسحاق کے نام پر چاکنگ کرواکر دکھائے جا رہے ہیں کہ ہم یہ قتل عام کرتے رہیں گے، لہٰذا وفاقی اور گلگت بلتستان حکومت سن لیں کہ اگر شاہراہ قراقرم پر کوئی دہشت گردی ہوئی تو حالات کے ذمہ دار موجودہ حکمران ہوں گے، حب الوطنی اور امن پسندی کو کمزوری سمجھا جارہا ہے، دہشت گردوں کو لگام دینے میں اگر سیکورٹی ادارے ناکام ہیں تو عوام کو کال دی جائے یہ محب وطن قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ ملک دشمنوں سے ہر محاذ پر لڑنے کو تیار ہیں کیونکہ وطن کے دفاع کو ہم اپنا عین شرعی وظیفہ سمجھتے ہیں، کوئٹہ میں خواتین کے قتل عام میں ملوث درندوں کیخلاف اب تک کوئی موثر کارروائی نہیں ہو رہی، پاک فوج کے ذریعے ان تکفیری دہشت گردوں کیخلاف بھر پور آپریشن کر کے عوام کو احساس تحفظ دیا جائے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree