امریکہ اور جنگی جنون۔۔ آخر کیوں!

28 مئی 2019

وحدت نیوز(آرٹیکل) آج کے عالمی سیاست میں دو چیزیں انتہائی اہم اور حساس ہیں، ایک پیٹرول دوسرا ڈالر ان دونوں کے بغیر عالمی معیشیت اور سیاست کی کہانی شروع نہیں ہوتی بلکہ سیاست اور حکمتوں کا زوال و عروج بھی انہیں دو چیزوں پر منحصر ہے۔

اگر ہم پیٹرو-ڈالر کو مدنظر رکھ کر آج کے عالمی حالات پر نظر دوڑائیں تو ہم پر یہ واضح ہوجاتا ہے کہ جن جن ممالک میں تیل اور گیس موجود ہیں یا جہاں سے ان کا گزرا ہونا ہے وہاں یا تو جنگ چھڑی ہوئی ہے یا خانہ جنگی کی طرف ڈھکیلا جا رہا ہے اور اس ناامنی اور خانہ جنگی کے پیچھے ڈالر ہے، یعنی آپ کسی بھی صورت سیاست، غربت، خانہ جنگی، دھشت گردی کے پیچھے پیٹرو-ڈالر کے کردار کو رد نہیں کرسکتے۔افغان وار ہو یا عراق پر حملہ، شام کی جنگ ہو یا لیبیا کی خانہ جنگی، القاعدہ طالبان ہو یا داعش کی خلافت، یمن پر آل سعود کی مسلط کردہ جنگ ہو یا ایران پر پابندیاں، چین امریکہ کی معاشی جنگ ہو یا امریکی بحری بیڑے کی خلیج فارس میں موجودگی ان سب کا تانا بانا آخر تیل و گیس سے جڑتا ہے۔

آپ ایک نظر قدرتی وسائل سے مالا مال ممالک کی جانب کریں، سعودی عرب، وینزویلا، افریقہ، ایران، پاکستان، شام، عراق، لیبیا اور افغانستان ہر جگہ یا تو صاحب ڈالر امریکہ نوازوں کی حکومت ہے جیسے سعودی عرب، جہاں امریکہ جو چاہے کرسکتا ہے، ایک فون پر اربوں ڈالر منگوانا ہو یا کسی بھی ممالک کے مقابلہ میں سعودیہ کو کھڑا کرنا ہو امریکہ کے لئے کوئی مشکل نہیں ہے۔ باقی ممالک شام، عراق، لیبیا وغیرہ پر جنگ مسلط کر رکھی ہے، کبھی براہ راست حملہ کر دیا جاتا ہے اور کبھی خانہ جنگی، دہشتگردی کی صورت حال پیدا کیا جاتا ہے تاکہ وہ ملک ہمیشہ دست و گریبان رہے اور کبھی اپنے گھٹنے پر کھڑے ہونے کی ہمت نہ کر سکے۔ ان میں سے کچھ ممالک عالمی قوتوں کے سامنے ڈٹے ہوئے ہیں اور ان کی جابرانہ نظام کو قبول کرنے کو تیار نہیں ہیں جیسے ایران اور وینزویلا تو انہوں نے ان کے خلاف گهیرا تنگ کر رکھا ہے، آئے روز اقتصادی پابندیاں لگائی جاتی ہیں اور آج کل تو ایسے فضاء بنایا ہوا ہے کہ ابھی نہیں تو کل جنگ چھڑنے والی ہے۔

رہی بات پاکستان کی تو سمندر میں تیل کے ذخائر کا انکشاف ہوتا قوم کو خوشخبری بھی دی جاتی ہے، مگر کھودائی کا شروع ہوتے ہی بھرائی کا کام شروع ہوجاتا ہے کیونکہ پیٹرو-ڈالر مافیاء کو یہ برداشت نہیں ہے کہ پاکستان کا اقتصاد بہتری کی جانب جائے اور پیٹرول گیس میں خّود کفیل ہوں۔ یہ طاقتیں کبھی یہ نہیں چاہتی کہ کوئی بھی قدرتی وسائل سے مالامال ملک پُرامن اور خودمختار ہوں کیونکہ جس دن ان ممالک کے باشندوں نے آزادی اور امن کی سانس لی تو یہ ایران کی طرح عالمی طاغوتوں کے لئے درد سر بن جائیں گے لہٰذا یہ لوگ کبھی ایسا ہونے نہیں دیتے بشرط کہ ہم خود بیدار اور متحد ہوں جائیں۔

اب ہمیں معلوم ہونا چاہئے کہ تیل، گیس کے ذخائر والے ممالک اور جہاں سے ان وسائل نے گزرنا ہے مختلف مسائل میں گیرا ہوا کیوں ہیں۔سعودی یمن جنگ کے پیچھے امریکہ اسرائیل کیوں ہیں اور کس طرح یمنیوں کو باغی دہشتگرد بنا کر پیش کیا جا رہا ہے، اس کے پیچھے موجود امریکی مقاصد کا اندازہ بین الا اقوامی ڈرلنگ کمپنی کی طرف سے جاری کردہ جدید سائنٹفک تحقیق سے لگایا جاسکتا ہے جن میں ان کا انکشاف کرنا ہے کہ "یمن میں موجود تیل کے ذخائر تمام گلف ریاستوں کے موجودہ مجموعی ذخائر سے زیادہ ہے"۔

 دوسری نظر ذرا یمن کے ڈرون حملوں کی طرف کرتے ہیں جس نے عالمی میڈیا میں نئی بحث چھیڑ دی ہے کہ سعودی عرب میں امریکہ فضائی دفاعی نظآم کی موجودگی میں یہ حملہ کیسے ممکن ہوا؟ یہاں حالات دو صورتوں سے خالی نہیں ہوسکتا، پہلا یہ کہ واقعی میں انصاراللہ کے پاس یہ ٹیکنالوجی موجود ہے کہ وہ امریکہ ساختہ سعودی دفاعی نظام کو چکمہ دے سکے۔ دوسرا یہ کہ امریکیوں نے جان بوجھ کر انصآراللہ کے حملوں کو نہیں روکا ہے تاکہ سعودی عرب سے مزید ڈالر بٹورا جا سکے۔ (ایک عقیدتی بات کو واضح کرتا چلوں کی ظالم کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو یا ان کی ٹیکنالوجی کتنی ہی جدید کیوں نہ ہو مظلوم کی صرف ایک آہ کی غضب میں نیست و نابود ہو سکتا ہے یعنی مظلوموں کے ساتھ خدا کی غیبی طاقت و مدد میں کوئی شک نہیں۔)

یہ بات حقیقت یہ کہ امریکی پشت پناہی میں یمن پر مسلط کردہ سعودی جنگ اب شکست سے دوچار ہے اور سعودی عرب میں موجود امریکی دفاعی نظآم جس کے بدلے میں امریکہ نے اربوں ڈالر حاصل کئے ہیں در حقیقت ایک ڈمی کے سوا کچھ نہیں تھا جس کا ثبوت یمنی ڈرون حملے ہیں۔ دنیا اس حملے کو سعودی اور اس کے اتحادیوں کی خصوصا امریکہ، برطانیہ اور کینیڈا کی شکست قرار دے رہی ہیں کیونکہ سعودی دفاعی بجٹ انہی ممالک کے اسلحوں کی نظر ہوجاتی ہے۔ لیکن ان سب میں پھر ڈالر کی سیاست کا عمل دخل ہے کیونکہ آپ کو یاد ہو تو ۲۰۱۷ میں امریکی صدر اور سعودی بادشاہ کے درمیان ایک معاہدہ پر دستخط ہوا تھا جس میں ایک سو دس بلین ڈالر کا اسلحہ فوری خریدنے اور تین سو پچاس بلین ڈالر کا اگلے دس سالوں میں خریدنے کا معاہدہ شامل تھا۔

سعودی عرب پر حالیہ حملے بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے یہ سعودیہ کو خطرہ دیکھا کر پیسے نکالنا چاہتا ہے۔ سعودی تیل پر حملے کے بعد امریکہ نے ایران اور حوثیوں کو دیکھا کر حال ہی میں آٹھ اشاریہ ایک بلین ڈالر اسلحے کی فروخت کا اعلان کیا ہے جسے سعودی اور اس کے اتحادی بڑے خوش ہیں۔ نہیں معلوم ان عرب اور مسلمان خائن حکمرانوں کو کب عقل آئے گی اور اپنے دشمنوں کو پہچانگے۔ امریکہ اور دوسری طاقتیں ہمارے ہی وسائل پر قبضہ جماتے ہیں، ہمیں آپس میں لڑواتے ہیں اور الٹا مسلمانوں کو لڑوانے اور ترقی کی راہ سے دور رکھنے کے لئے بھی ہم سے ہی پیسے وصول کرتے ہیں پھر بھی ہماری بے وقوفی دیکھیں ہم اسی میں خوش ہیں کہ امریکہ ہمارا دوست ہے۔ اور یہی ہماری سب سے بڑی ناکامی کا سبب ہے کہ ہم ماضی کی غلطیوں سے سبق حاصل نہیں کرتے، عالمی طاقتوں نے جس کسی کو بھی اپنا ہمنوا بنایا ہے اس کا انجام ردی کی کاغذ کی طرح ہوا ہے کیونکہ ان کا اصل مقصد وسائل کا استعمال اور ڈالر کی ارزش سے وابسطہ ہے درمیان میں کون پسے کون مرے ان سے ان کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔ ر
ہی بات ہماری بیداری کا تو جتنی دیر سے بیدار ہونگے ہمیں اُسی حساب سے قربانیاں بھی دینی ہوگی۔


تحریر : ناصر رینگچن



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree