وحدت نیوز (اسلام آباد) وطن کی حفاظت کے لئے ہزاروں جوان رضاکار فراہم کریں گے جو سیکورٹی فورسز کے مورال کو بلند بھی کریں گے اور اپنے وطن کے باسیوں کی حفاظت بھی کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر بارہ کہو میں موجود مسجد علی ابن ابیطالب (ع) میں خودکش حملہ آور کی فائرنگ سے شہید ہونے والے جوان رضاکار محمد امین کی نماز جنازہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر شرکاء کی بہت بڑی تعداد نماز جنازہ میں شرک تھی۔ شرکائے جنازہ لبیک یا حسین (ع)، لبیک یا زینب (س) کے شعار بلند کرتے ہوئے دہشتگردوں کے مراکز پر آپریشن کا مطالبہ کررہے تھے۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ملک میں جاری دہشت گردی نے سیکورٹی فورسز کا مورال ڈاؤن کردیا ہے، انتظامیہ کو ہر شہر میں سیکورٹی فورسز کا مورال اپ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ضرورت پڑے تو ہر شہر کی حفاظت کے لئے ہمارے جوان حاضر ہیں۔ ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کے اندر بیٹھ کر جو لوگ طالبان دہشت گردوں کے ساتھ مذاکرات کی بات کررہے ہیں وہ یہ سمجھ لیں کہ ان کا یہ اقدام ہزاروں شہدا کے خون کے ساتھ غداری ہے۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مزید کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ جو امن و امان کے قیام کے لئے بلند و بانگ دعوے کرتے ہیں ان کے لئے بارہ کہو کا یہ واقعہ شرم کا مقام ہے کہ جو وزیر داخلہ اپنے دارالحکومت کو ہی محفوظ نہیں کرسکا وہ ملک کو کیا محفوظ کرے گا۔