وحدت نیوز(جیکب آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ امیر المومنین امام علی علیہ السلام عالم انسانیت کے رہبر اور رہنماء ہیں۔ آپ کی شان میں قرآن کریم کی سینکڑوں آیات کریمہ نازل ہوئیں اور پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے آپ کو اپنا بھائی، وصی، وزیر اور جانشین قرار دیا۔ آپؑ کی شان میں جتنی احادیث ہیں، اتنی کسی اور کے لئے نہیں۔ آپ امت محمد (ص) میں سب سے افضل اور اعلیٰ ہیں۔ اپنی بے مثال شجاعت جہاد فی سبیل اللہ، علم، سخاوت، حکمت و دانائی، فصاحت و بلاغت اور زھد و تقویٰ کے باعث آپؑ کو تاریخ انسانی میں منفرد مقام حاصل ہے۔ آپ علیہ السلام کا پانچ سالہ دور خلافت دنیا بھر کے حکمرانوں کے لئے مشعل راہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شب ضربت امیر المومنین علی ابن ابی طالب علیہ الصلوۃ والسلام کی مناسبت سے جیکب آباد میں درگاہ لاہوری بابا پر سالانہ مجلس عزاء کے موقع پر عزاداروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ حضرت مالک اشتر رضی اللہ تعالی عنہ کو مصر کا گورنر مقرر کرتے ہوئے آپ علیہ السلام نے جو عہد نامہ تحریر کیا، وہ آج بھی حکمرانی کا جامع منشور ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام علی علیہ السلام کے خطبات، مکتوبات اور فرامین کا مجموعہ نہج البلاغہ علم و حکمت اور فصاحت و بلاغت کا سمندر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولا علی علیہ السلام نے اپنی آخری وصیت میں فرمایا تھا کہ ظالم کے دشمن اور مظلوم کے حامی رہو۔ یہی وجہ ہے کہ آج شیعیان علی ابن ابی طالب علیہ السلام پوری دنیا میں ظالم کے خلاف صف آراء ہیں اور دنیا بھر کے مظلوموں کے مددگار اور طرفدار ہیں۔ فلسطین اور غزہ کے مظلوموں کی حمایت اور شیطان بزرگ امریکا و اسرائیل غاصب کے خلاف لبنان، یمن، عراق، ایران سمیت پوری دنیا میں شیعیان علی نے جو کردار ادا کیا ہے وہ لائق صد تعریف ہے۔ ہم غزہ اور یمن کے عوام کی استقامت کو سلام پیش کرتے ہیں، اور عہد کرتے ہیں کہ کبھی بھی فلسطین کو اکیلا، نہیں چھوڑیں گے۔