وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان پنجاب آفس کے زیرِ اہتمام عالمی ہفتہ وحدت کے سلسلہ میں وحدت ہاوس لاہور میں جشنِ عید میلاد النبیؐ کا انعقاد کیا گیاجس میں مقامی سطح پر آفس سٹاف اور اہل علاقہ نے شرکت کی میلاد النبیؐ کے جشن سے سنی اتحاد کونسل کے رہنماء مولانا مفتی شرافت علی قادری ،ڈپٹی سیکرٹری جنرل پنجاب علامہ محمد اقبال کامرانی ، مولانا مظہر حسین اور ذاکرِ اہل بیت شیخ علی رضا نے خطاب کیا۔علامہ اقبال کامرانی نے خطاب کرتے ہوئے مفتی اعظم سعودی عرب عبدالعزیز الشیخ والے فتوی کہ رسول ؐ اعظم کا یوم ولادت اور میلاد منانا حرام ہے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب یہود و نصاریٰ کے راستے پر چل رہا ہے اور عاشقانِ رسولؐ خداکی توہین کر رہا ہے ۔اس وقت سنی شیعہ اتحاد کے ذریعہ ہی سامراج دشمنوں کا قلع قمع کیا جا سکتاہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج پاکستان میں فرقہ واریت کو فروغ دیا جا رہا ہے ۔مسلمانوں کو آپس میں لڑانے کی سکیمیں تیار کی جا رہی ہیں ۔پاکستان کو توڑنے کی باتیں ہو رہی ہیں ۔ جبکہ ان حالات میں رسوؐل خدا کی ذات ہمارے لئے بہترین نمونہ اخلاق ہے آپ ؐ کی سیرت بھی عزت و آبرو کا راستہ اور حلم و درگزر کا راستہ ہے ہمارے درمیان رسول ؐ خدا کی ذات اقدس نقطہِ وحدت ہے جو کہ جامع اور اکمل ہے ۔
سنی اتحاد کونسل کے رہنما مفتی شرافت علی قادری نے کہا کہ پاکستان میں درود پڑہنے والے اور میلاد منانے والے ایک ہی صف میں کھڑے ہو چکے ہیں اور اس کا مظاہرہ حالیہ سالوں میں محرم الحرام اور جشن عید میلاد النبی کو بڑے جوش و خروش سے منانا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دشمن شیعہ اور سنی کو متحد نہیں دیکھنا چاہتے اور اپنے ایجنٹوں اور گماشتوں کے ذریعہ سے مختلف حربے اختیار کر کے شیعہ سنی کو لڑانا چاہتے ہیں ۔انہوں نے پاکستان میں صاحبزادہ حامد رضا اور قائدوحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے باہمی اشتراک عمل کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بہت جلد وہ دن آنے والا ہے جب شیعہ اورسنی اپنے اپنے عقیدہ پر رہتے ہوئے باہم شیرو شکر اور یک جان وقلب ہوں گے ۔