زائرین کی مشکلات کے حل کیلئے، ایم ڈبلیوایم وفد کی علامہ باقرزیدی کی زیر قیادت سندھ حکومت کے اہم وزراءسے ملاقات

14 مارچ 2020

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نےوفد کے ہمراہ ہفتہ کے روز وزیر اعلیٰ ہاؤس میں وزیر بلدیات ومذہبی امور حکومت سندھ سید ناصر حسین شاہ سے ملاقات کی اور سندھ میں کورونا کی تازہ ترین صورتحال سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حکومت سندھ زیارات مقدسہ سے لوٹ کرآنے والے مسافروں کے لئے سندھ بھر میں خصوصی اقدامات کو یقینی بنائے ۔ انہوں نے مسافروں کو درپیش مشکلات اور مسائل کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ تمام شہریوں کے لئے سہولیات میسر کرے تا کہ سفر سے لوٹ کرآنے والوں کے لئے مسائل کو کم کیا جائے ۔

 علامہ باقر زیدی کے ہمراہ وفدمیں ایم ڈبلیوایم کے رہنمامولانا علی انور جعفری، سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری علی حسین نقوی، سیکرٹری فلاح و بہبود ارشد اللہ مکتبی شریک تھے ۔ملاقات کے دوران صوبائی وزیر بلدیات ومذہبی امور سید ناصر حسین شاہ نے علامہ باقر زیدی کو حکومت سندھ کی جانب سے کورونا وائس سے نمٹنے کے لئے کئے گئے تمام اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ زیارات مقدسہ سے لوٹ کر آنے والے مسافروں کو ہر ممکنہ سہولیات فراہم کرنے کے لئے تیار ہے اور اس مقصد کے لئے سکھر میں ایک مرکز قائم کر دیا گیا ہے جہاں پر ان تمام مسافروں کو نہ صرف طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی بلکہ کورونا وائرس کے ٹیسٹ بھی کئے جائیں گے اور ساتھ ساتھ اس مرکز پر رہائش پذیر تمام شہریوں کو زندگی کی تمام بنیادی سہولیات حکومت سندھ کی جانب سے فراہم کی جائیں گی ۔ ملاقات کے دوران حکومت سندھ کے نمائندوں میں صوبائی وزیرتعلیم سعید غنی ، صوبائی وزیر صحت و انجینئرنگ میر شبیرخان بجارانی ، چیف سیکرٹری سندھ سید ممتاز حسین شاہ، ہوم سیکرٹری سندھ محمد عثمان چاچڑ اور آئی جی سندھ مشتاق مہر بھی موجود تھے ۔

مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ اور حکومت سندھ کے نمائندوں کے مابین ہونے والی ملاقات میں ا س بات پر اتفاق کیا گیا کہ حکومت سندھ کی جانب سے کی جانے والی تمام تر کوششوں اوراقدامات کے بارے میں مجلس وحدت مسلمین سند ھ کے فوکل پرسن کو رابطہ میں رکھا جائے گا اور تمام تر صورتحال سے آگاہ کیا جائے گا۔ اس موقع پر حکومت سندھ کے نمائندہ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ علماء کے تعاون کے بغیر حکومت سندھ اس مسئلہ سے نہیں نمٹ سکتی ۔تاہم مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ باقر زیدی نے حکومت سندھ کی جانب سے مسافروں کے لئے کئے جانے والے اقدامات میں اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین سندھ بھر میں حکومت سند ھ کے ساتھ مل کر کورونا وائرس کے خاتمہ کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے لئے کوشاں ہے اور کسی قسم کے تعاون سے دریغ نہیں کیا جائے گا ۔ اس موقع پر سکھر میں حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات میں ہم آہنگی کے لئےایم ڈبلیوایم صوبہ سندھ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل چوہدری اظہرحسن کوفوکل پرسن نامزد کیا گیا ۔
گفتگو کے دوران سید ناصر حسین شاہ نے علامہ باقر زیدی کی جانب سے مشہد میں موجو دمسافروں کی واپسی کے لئے خصوصی طیارہ بھیجنے کی درخواست پر کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے اپنا خصوصی طیارہ تفتان بارڈر پر بھیج دیا ہے جو مسافروں کو لانے کا کام انجام دے رہا ہے جبکہ مشھد سے مسافروں کو لانے کے لئے طیارے کی درخواست سندھ حکومت وفاقی حکومت کو بھیج دے گی اور اس حوالے سے سندھ حکومت ہر قسم کا تعاون کرنے کے لئے تیار ہے ۔

دریں اثناء ملاقات میں سندھ بھر میں شیعہ عمائدین کو بلا جواز فور شیڈول میں رکھنے کی شدید مذمت کی گئی اور آئی جی سندھ سمیت ہوم سیکرٹری سے مطالبہ کیا گیا کہ فی الفور اس معاملہ کو حل کیا جائے اور ملت جعفریہ کے عمائدین میں پائی جانے والی تشویش کو دور کیا جائے ۔ ملاقات کے دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں پھیلنے والی اس وباء کا مقابلہ باہمی تعاون سے کیا جائے گا اور ہر ممکنہ کوشش سے دریغ نہیں کیا جائے گا ۔ گفتگو کے دوران سندھ حکومت کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کو بھی سراہا گیا ۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree