معاشرے کو مضبوط بنیادوں پر چلانے کے لئے عدل کی ضرورت ہے،علامہ سجاد مہدوی

17 مارچ 2020

وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین سولجر بازار یونٹ ضلع جنوبی کراچی کے تحت ’’ سیرت امام علی ؑ ‘‘ کی مناسبت سے درس کا انعقاد مسجد و امام بارگاہ ابو طالب سولجر بازار میں کیا گیا ۔ اس موقع پر شرکائے درس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سجاد مہدوی نے کہا کہ امام علی ؑ  نسلوں پر اثر انداز ہونے والی شخصیت ہیں ،ان سے ہر زمانہ استفادہ کرتا رہے گا ، امام علی ؑ  کی تمام صفات کمال پر تھیں ، اسی لئے امام علی ؑ کی شخصیت کے تمام پہلوئوں پر تحقیق کی جانی چاہئیے ۔

علامہ سجاد مہدوی نے کہا کہ ہمیں تحقیق کرنی چاہئے کہ رسول خدا نے اعلان ولایت کے بعد اس پر مزید کیا کیا کام کیا ؟  ہمیں امام علی ؑ کی سیاسی سیرت کے پہلووں کو سمجھنا چاہیئے ۔ امام ؑ نے اپنی سیاسی زندگی کے مختلف مواقعوں پر مختلف قسم کے موقف و اقدامات اٹھائے ،جنہیں جاننے کی ضرورت ہے ۔ امام ؑ کی سماجی زندگی کے مختلف موقف بھی انتہائی اہمیت کے حامل ہیں ۔

علامہ سجاد مہدوی نے عدل و سخاوت کے فرق کو سمجھاتے ہوئے بتا یا کہ عدل و سخاوت دونوں الگ الگ طرح کی فضیلتیں ہیں ۔ عادل سب کو پورا حق دیتا ہے جبکہ سخی اپنا حق بھی دوسرے کے لئے چھوڑ دیتا ہے ۔ اس بناء پر دیکھا جائے تو سخاوت زیادہ اہم خوبی ہوئی ۔ مگر اس کے باوجود جب امام علی ؑ  سے پوچھا گیا کہ عدل افضل ہے یا سخاوت ؟تو امام ؑ نے جواب دیا کہ عدل بہتر ہے کیونکہ عدل ہر چیز کو اس کی جگہ پر رکھتا ہے ۔ جبکہ سخاوت استثنائی و انفرادی معاملہ ہے۔ عدل معاشرے کی بنیاد اور سخاوت اس کی خوبصورتی ہے ۔

 انہوں نے کہا کہ سخاوت ایک مستحب عمل ہے۔ اگر اسے قانون بنادیا جاتا تو وہ قانونی مجبوری بن جاتا اور اس کی وہ اہمیت نہ رہتی، جو اب ہے ۔ سخاوت میں ایک کو فائدہ اور دوسرے کو نقصان ہوتا ہے، مگر عدل میں دونوں کو حق ملتا ہے۔ امام علی ؑ کے مطابق معاشرے کو مضبوط بنیادوں پر چلانے کے لئے عدل کی ضرورت ہے۔ مولانا سجاد مہدوی نے بتایا کہ امام علی ؑ کی سخاوت عروج پر تھی ،مگر اس کے باوجود وہ عدالت کو بہتر قرار دیتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ سوچنے کا پہلو یہ ہے کہ امام علی ؑ عادل تھے تو پھر لوگ ان کے دشمن کیوں ہوگئے اور انہیں قتل کیوں کیاگیا ؟کیونکہ عادل پسند شخص معاشرے میں بھی عدالت دیکھنا چاہتا ہے ۔ اسی لئے امام علی ؑ  چاہتے تھے کہ سب لوگ عدل پر عمل کرے۔ معاشرے میں عدل کا نفاذ امام علی ؑ کے قتل کی بنیاد بنا ۔

علامہ سجاد مہدوی نے کہا کہ عدل میں بہت وسعت ہے۔ امام علی ؑ کے مطابق جو عدل میں تنگی محسوس کرتا ہے، اس کے لئے ظلم و جور مزید مصیبت بن جائے گا۔ مجلس وحدت مسلمین سولجر بازار یونٹ ضلع جنوبی کراچی کے تحت ہفتہ وار درسی نشست میں پیش امام مسجد و امام بارگاہ ابوطالب ؑ مولانامحمد عباس شاکری صاحب نے خصوصی شرکت کی ۔ اس موقع پر کرونا وائرس کے متاثرین کے لئے خصوصی دعا کی گئی ۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree