وحدت نیوز(شکارپور) خانپور ٹاؤن کمیٹی ضلع شکارپور میں چیئرمین کی نشست پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے نامز دامیدوار میر مہدی حسن جتوئی بھاری اکثریت سے کامیاب، جبکہ وائس چیئرمین کی نشست پر ایم ڈبلیوایم کے نامزد امیدوار علی مراد سيٹھارکامیاب قرار پاگئے۔
تفصیلات کے مطابق خانپور ٹاؤن کمیٹی کےچیئرمین اور وائس چیئرمین کے انتخاب کیلئے آج ریٹرننگ آفیسر محمد ذیشان کی زیر نگرانی رائے شماری کی گئی جس میں مجلس وحدت مسلمین کے نامزد امیدوار برائے چیئرمین ٹاؤن کمیٹی میر مہدی حسن جتوئی اور وائس چیئرمین علی مراد سیٹھار 12 ووٹ لیکر کامیاب قرار پاگئے جبکہ ان کے مدمقابل پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار صرف 3 ووٹ حاصل کرسکے۔
مجلس وحدت مسلمین کے امیدواروں کی کامیابی پر صدر ایم ڈبلیوایم سندھ علامہ سید باقرعباس زیدی، سیکریٹری پولیٹیکل افیئرز علی حسین نقوی، صدرضلع شکارپور اصغر علی سیٹھار ،وحدت یوتھ ونگ لاڑکانہ ڈویژن کے صدر منصب علی کربلائی نے مبارک باد پیش کی ہے۔
صدر وحدت یوتھ ضلع لاڑکانہ منصب کربلائی نے نومنتخب چیئرمین میر مہدی حسن جتوئی سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے کامیابی پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں خوشی ہوئی ہے کہ مجلس وحدت مسلمین کو ضلع شکارپور کے تحصیل خانپور میں کامیابی ملی ہے۔
ایم ڈبلیوایم مظلوموں اور محروموں کی نمائندہ جماعت ہےان شاءاللہ اس کے منتخب نمائندے عوام کی درست انداز میں خدمت اور ترجمانی کا فریضہ انجام دیں گے۔
واضح رہے کہ چیئرمین وائس چیئرمین کے علاوہ ایم ڈبلیوایم کے مزید 10 کونسلرز بھی انتخابی میدان میں کامیاب قرار پائے ہیں اس طرح پوری ٹاؤن کمیٹی خانپور پر مجلس وحدت مسلمین فاتح قرار پائی ہے ۔