وحدت نیوز: (جیکب آباد) سید الانبیاء حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور حضرت امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کی یوم شہادت کی مناسبت سے درگاہ پیر بخاری جیکب آباد پر منعقدہ سالانہ مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے رسول اکرم ص کو مبعوث فرما کر مومنین پر عظیم احسان کیا۔ ہم نے پیغمبر اکرم (ص) کو قرآن کریم کی آیات سے پہچانا ہے۔ پیغمبر اسلام (ص) کی سیرت طیبہ عالم انسانیت کے اسوہ حسنہ ہے۔ پیغمبر رحمت کے نقش قدم پر چل کر ہم دنیا اور آخرت میں سرخرو ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نصابی کتابوں میں متنازعہ روایات کو شامل کرکے توہین رسالت کی گئی ہے۔ پہلی وحی کے نزول سے متعلق متنازعہ روایت شان رسالت کے خلاف ہے۔ لہٰذا نصاب تعلیم سے توہین آمیز متنازعہ روایات کو ہٹا کر قرآنی آیات کی روشنی میں عظمت رسالت بیان کی جائے۔ توہین رسالت اور توہین اہل بیت علیہ السلام پر مشتمل متنازعہ نصاب تعلیم کی اصلاح ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماہ ربیع الاول میں شیعہ سنی عاشقان رسول مل کر آقائے دو جہاں کا جشن میلاد مناتے ہیں۔ رہبر کبیر حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کے فرمان کے مطابق میلاد مصطفی کے موقع پر شیعہ سنی مل کر اتحاد بین المسلمین کا پرچار کرتے ہیں۔