وحدت نیوز (حیدر آباد ) مجلس وحدت مسلمین ، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ، اصغریہ آرگنائزیشن ، امامیہ آرگنائزیشن ، شیعہ علماء کونسل کی جانب سے عالمی یوم القدس کے موقع پر قدم گاہ مولا علی (ع) سے ریڈیو پاکستان تک مشترکہ القدس ریلی نکالی گئی۔ القدس ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ مختار احمد امامی نے کہا کہ جس طرح دنیا بھر میں حقیقی فرزندان اسلام امریکا اور اسرائیل اور انکے حواریوں کے خلاف ڈٹے ہوئے ہیں ہم بھی مملکت عزیز پاکستان میں امریکا و اسرائیل کے ناپاک عزائم کو ناکام بناتے رہیں گے اور اسلام دشمنوں کے خلاف صف آراء رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی یوم القدس کے روز میں تجدید عہد کرتے ہیں کہ ہم قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، نہ ہی ہم فلسطین پر قابض صیہونی اسرائیل کو کبھی تسلیم کریں گے کیونکہ فلسطین صرف فلسطینیوں کا اور اسکی آزادی صرف اور صرف مسلمانوں کے اتحاد اور مسلح جدوجہد سے ہی ممکن ہے۔
مجلس وحدت مسلمین ضلع حیدر آباد کے سیکرٹری جنرل علامہ امداد علی نسیمی نے کہا کہ دنیا بھر میں موجود نام نہاد انسانی حقوق کی تنظیمیوں کو فلسطین میں مسلم خواتین کی پائمال ہونے والی عزتوں کا ذرہ برابر بھی احساس نہیں ہے۔ انسانی حقوق کے چیمپئن تنظیموں کو فلسطین میں کتابیں اٹھا ئے اسکول جاتے ہوئے معصوم بچوں پر صیہونیوں کی جانب سے بموں کی یلغار اور گولیوں کی بوچھاڑ کے واقعات نظر نہیں آتے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین میں ماؤں بہنوں کی چیخ وپکار اور نالہ وفریاد کے مناظر دنیا کے باضمیر قوموں کو روز جھنجوڑتے ہیں مگر انسانی حقوق کے ادارے بے حسی کا شکار ہیں۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سجاد حیدر جوادی نے کہا کہ 1948ء میں ارض مقدس فلسطین پر صیہونی اسرائیلی قبضے کو امام خمینی نے مسلمانوں کے قلب میں خنجر سے تعبیر کیا اور امت مسلمہ کی آزادی کی راہ میں جہاد کی صورت دکھائی۔
القدس ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان حیدرآباد ڈویڑن کے صدر سید عباس زیدی نے کہا کہ امام خمینی رہ کے فرمان پر فلسطین کی آزادی کیلئے دنیا بھر کے مسلمانوں نے عالمی یوم القدس منا کر اس بات کا علان کیا ہے کہ مسلمانان عالم تمام تر صیہونی سازشوں کے باوجود متحد اور ولی امرالمسلمین سید علی خامنہ ای کی قیادت میں تمام مظلومین و مستعضفین جہان کے ساتھ ہم آواز ہیں۔
اصغریہ آرگنا ئزیشن پاکستان کے مرکزی صدر سید پسند رضوی کہا کہ وہ دن کتنا خوبصورت اور خوشگوار ہوگا جس دن دنیا کے نقشہ سے اسرائیل کا ناپاک وجود مٹ جائے گا اور ہم سب مل کر اس ارض مقدس میں قبلہ اول کے اندر نماز ادا کریں گے اور دنیا پر امن کا راج ہو گا۔انشاء اللہ جلد وہ دن مستضعفین جہان اپنی آنکھوں سے دیکھیں گے۔
ریلی میں مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے دیگر رہنماء الفت عالم کربلائی ، یعقوب حسینی ، ندیم جعفری ، عباس مرتضائی و دیگر بھی موجود تھے ۔