وحدت نیوز (پشاور) آرمی پبلک سکول پر ہونے والے دہشتگردانہ حملے کے بعدپاک فوج کی جانب سے کی جانے والی آپریشن ضرب عضب کا پورے ملک میں عوام نے خیر مقدم کیا ۔نیز اسکو مزید وسعت دینے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔جس سے صاف ظاہرہے کہ ملک کے عوام کی اکثریت دہشتگردی اور دہشتگردوں کی مکمل طو ر پر خلاف ہے۔ اور اس سے یہ بھی عیاں ہے کہ دہشتگردوں کے خلاف کی جانے والی کاروائیوں میں پاک فوج اور حکومت مکمل طور پر حق بجانب ہے۔ ان خیالات کا اظہار ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید وحید کاظمی نے وحدت ہاوس میں سانحہ امامیہ مسجدکے حوالے سے منعقد ہونے والے ایک تعزیتی اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے مزیدکہا کہ سانحہ امامیہ مسجد پشاور پبلک سکول سے کسی طرح سے کوئی کم حادثہ نہیں ، حکومت کے ذمہ دارو ں کو چاہئے کہ اس سانحے پر بھی سکول جنتی توجہ دیں۔ انکا مزید کہنا تھا کہ یہ ایک افسوس ناک امر ہے کہ ہمارے ملک میں بعض معمولی واقعات کو تو نہایت بڑھ چڑھ کر پیش کیا جاتا ہے جبکہ سانحہ امامیہ مسجد یا اس جیسے اہم واقعات کو بھی کم اہمیت دی جاتی ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا سانحہ امامیہ مسجد کی تحقیقات کے لئے فوری طور پر جائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دیکر حقائق کو جلد سے جلد منظر عام پر لائے جائیں۔