وحدت نیوز (پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل علامہ سبیل حسن مظاہری نے ایک وفد کے ہمراہ امامیہ کالونی بم دھماکہ میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین اور زخمیوں سے ملاقات کی۔ ان کے ہمراہ وفد میں مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی آفس مسول ارشاد حسین بنگش، صوبائی سیکرٹری اطلاعات ایس اے زیدی، سیکرٹری جنرل ضلع پشاور محمد عباس اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل ذوالفقار حسین بھی تھے۔ وفد نے پہلے امامیہ کالونی پشاور کا دورہ کیا اور شہید ظہیر عباس اور شہید گلشن علی کے خانوادوں سے تعزیت کی۔ اس موقع پر علامہ سبیل حسن مظاہری کا کہنا تھا کہ معصوم لوگوں کا خون بہانے والے دہشتگرد خدا کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔ دہشتگرد ان مزموم حرکتوں سے ملت تشیع کے حوصلوں کو پست نہیں کر سکتے۔ انہوں نے شہداء کے خانوادوں کو اپنے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔ بعدازاں ایم ڈبلیو ایم کے وفد نے لیڈی ریڈنگ اسپتال کا دورہ کیا اور دھماکہ میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی۔ علاوہ ازیں علامہ سبیل حسن نے دیگر مسئولین کے ہمراہ گزشتہ روز شہید ہونے والے نوجوان آغا میر کے خانوادے سے ملاقات کی اور شہید کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔