وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے سیکرٹری جنرل ارباب لیاقت علی ہزارہ نے کہا ہے کہ انسانیت کی خدمت سب سے اول اور سب سے بڑھ کر ہے۔ ہمارے لئے جتنا ممکن ہے، ہمیں اس معاشرے کی خدمت کرنی چاہیئے۔ ہر فرد کو زندگی کے جس شعبے میں موقع ملے، اس کی ذمہ داری ہے کہ بنی آدم کی خدمت کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شئیر انٹرنیشنل کی جانب سے اسکالرشپ کے لئے رجسٹریشن کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ جن فیملیز کو اسکالرشپ دیا جا رہا ہے، ان میں سے 90 خاندانوں کا تعلق ہزارہ ٹاون جبکہ 110 کا تعلق علمدار روڈ سے ہے۔ انہوں نے بلوچستان کے ناقص تعلیمی نظام کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اسکالر شپ کا مقصد یہ ہے کہ شہداء کے بچے اکیسوی صدی کی بہترین تعلیمی سہولیات حاصل کر سکیں، اسی لئے ان خاندانوں میں جو بچے سرکاری اسکولوں کے طلباء ہیں، انہیں وہاں سے نکال کر اچھے اسکولوں میں داخل کر دیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابقکوئٹہ میں شیئر انٹرنیشل کی جانب سے 200 شہداء کے گھرانوں سے تعلق رکھنے والے بچوں کے اسکول سے یونیورسٹی تک کے اخراجات کے لئے اسکالرشپ فراہم کیا جا رہا ہے۔ جس کی رجسٹریشن المصطفٰی پبلک ہائی اسکول میں کی گئی۔ ایک سوال کے جواب پر ارباب لیاقت علی ہزارہ کا کہنا تھا کہ شیئر انٹرنیشنل ہمیشہ سے مختلف طریقوں سے تعلیم کو فروغ دینے کے لئے کام کرتا آرہا ہے، مگر یہ پہلی بار ہو رہا ہے کہ براہ راست ادارے کا نام آرہا ہے۔