وحدت نیوز(جھل مگسی) مجلس وحدت مسلمین ضلع جھل مگسی کے زیراہتمام مسجد اقصیٰ حسینی محلہ میں ولادت باسعادت امیر المومنین حضرت علی ابن ابی طالب ع کی مناسبت سے 13 رجب کو محفل جشن کا انعقاد کیا گیا۔ محفل جشن میں مولود کعبہ حضرت امام علی ع کے شان میں قصیدے پڑھے گئے، جبکہ مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری سہیل اکبر شیرازی اور مولانا امیر حسین جسکانی نے آخر میں حضرت امام علی علیہ السلام کے فضائل و مناقب بیان کئے۔
انہوں نے کہا کہ حضرت علی علیہ السلام کی حیات طیبہ مسلمانان عالم کے لئے نمونہ عمل ہے۔ ہم سب کو چاہیئے کہ ہم اس کو اپنائیں۔ امام علی دنیا اسلام کی وہ عظیم شخصیت ہیں، جن کی ولادت خانہ کعبہ کے اندر ہوئی۔ خدا تعالیٰ اور پیغمبر اکرم پر ایمان رکھنے والوں کے لئے 13 رجب المرجب کا دن بہت بڑی خوشی کا دن ہے، کیونکہ اس دن نفس رسول امیر المومنین حضرت علی ابن ابی طالب علیہ السلام کی ولادت باسعادت ہوئی۔ امام علی علیہ السلام کی شان میں قرآن مجید میں سینکڑوں آیات نازل ہوئی ہیں۔ اسی طرح پیامبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی احادیث میں حضرت علی ابن ابی طالب علیہ السلام کے فضائل بیان ہوئے ہیں۔