وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ کے صدر ارباب لیاقت علی ہزارہ نے کہا ہے کہ بلوچستان اسمبلی میں تمام اراکین کو اپنے پورے حلقے کی نمائندگی کرنی چاہئے۔ علمدار روڈ میں مقیم ہزارہ شیعہ قوم پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ اپنے جاری کردہ بیان میں ارباب لیاقت علی ہزارہ نے کہا کہ علمدار روڈ اور ملحقہ علاقوں پر مشتمل پی بی 42 شہر کا سب سے اہم حلقہ ہے۔ جہاں شیعہ ہزارہ قوم بڑی تعداد میں آباد ہے۔ بعض حلقوں میں مختلف قبائل آباد ہیں، جن کے اراکین اسمبلی پر بھاری ذمہ داریاں ہیں۔ بلوچستان اسمبلی میں ہمارے حلقے سے کامیاب قرار دیئے جانے والے رکن اسمبلی کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ پورے حلقے کے لئے کام کریں۔ حلقے کی بیشتر آبادی شیعہ ہزارہ قوم پر مشتمل ہے۔ جن پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ اپنے عہدے کا غلط استعمال کرنے اور قوم کو انکے حقوق سے محروم رکھنے کی صورت میں ایم ڈبلیو ایم ایک توانا آواز بلند کرے گی۔ اپنی قوم کے حقوق کے لئے ہمیشہ کھڑے رہیں گے۔