وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سربراہ علامہ مقصود علی ڈومکی نے المرتضٰی کالونی، شیخ محلہ، گوٹھ میر شیر محمد خان میں عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضیائی آمریت کی منحوس پالیسیوں نے ملک میں دہشت گردی فرقہ واریت اور نفرتوں کو فروغ دیا۔ جس کی ریاستی سطح پر حوصلہ افزائی کی گئی۔ مجلس وحدت مسلمین نے ملکی سیاست میں تماشائی بننے کی بجائے اس میں مثبت تبدیلیوں کے لئے اپنا کردار ادا کیا۔ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کے مجاہدانہ کردار کے باعث آج شیعہ سنی وحدت فروغ پا رہی ہے جبکہ تکفیری ٹولہ رو بہ زوال ہے۔ ان کے غبارے سے ہوا نکل رہی ہے۔ جب ان کی ہوا نکل گئی تو وہ بے وزن رہ جائیں گے۔ شیعہ سنی وحدت ملک میں ملت کے لئے نوید امن و استحکام بنے گی۔ آئندہ انتخابات میں ایم ڈبلیو ایم ایک حقیقت بن کر سامنے آئے گی۔