وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کے کونسلر کربلائی رجب علی نے علاقے کے عوام کی ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی اور کیسکو کی کارکردگی انتہائی ناقص ہے ۔ لوگ سردی میں ٹھٹھرنے اور احتجاج پر مجبور ہیں۔ انھوں نے کہا کہ غریب اور مجبور عوام کے گھروں میں گیس اور بجلی موجود نہیں ، جبکہ معتبر حاکم اور مقتدر طبقات کو اس سے کوئی سروکار نہیں۔ صوبائی حکومت شہریوں کو گیس کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات اُٹھائے۔ گیس اور بجلی نہ ہونے کے باعث ہماری ماوں اور بہنوں کو امور خانہ داری میں مسائل کا سامنا ہے تو دوسری جانب بلوچستان سے نکلنے والی گیس پورے ملک میں میسر ہے مگر صوبائی دارالحکومت کے عوام اس سے محروم ہیں ۔ گیس کی عدم فراہمی کے باعث عام شہری کے معاملات زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ پہلی بار نہیں ہو رہا ہے کہ ہر سال گیس پریشر میں کمی کے خلاف عوام سراپا احتجاج ہوتے ہیں لیکن کمپنی کی نااہل انتظامیہ نے اس مسئلے کو کبھی سنجیدگی سے نہیں لیا۔ عوام پر نئے ٹیکس لگائے جارہے ہیں۔ مگر عوام کو ریلیف دینے لیے لیے کچھ نہیں کیا جا رہا ہے۔ وفاق گیس کمی کو سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے ۔ کمپنی درجن بھر کے ٹیکسز کے ساتھ بل بھیج رہی ہے مگر گیس بحران سے بے خبر ہے۔ اگر گیس کی فراہمی کو یقینی نہ بنایا تو احتجاج پر مجبور وہونگے ، جس کی ذمہ داری حکومت ، گیس کمپنی اور کیسکو پر ہوگی۔