وحدت نیوز(گلگت) گلگت بلتستان حکومت لینڈ مافیا بن گئی ہے ،طاقت کے زور پر عوام کی زمینوں پر قبضہ کرکے نقص امن کا باعث بن گئی ہے۔ چھومک کے پرامن احتجاج کرنے والوں پر طاقت کا استعمال کیا گیا تو گلگت بلتستان بھر میں عوام کو سڑکوں پر لائیں گے۔مجلس وحدت مسلمین حق ملکیت کا صرف زبانی نعرے نہیں لگائے گی بلکہ عملی طور پر مظاہر ہ کرکے عوام کو حقوق دلوائے گی۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے رہنما اور رکن گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی ڈاکٹر حاجی رضوان علی نے کہا ہے کہ آغا سید علی رضوی کی قیادت میں علاقہ بھر کے عوام متحد ہیں اور اپنے حقوق کے حصول کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔حق ملکیت کی جدوجہد میں گلگت بلتستان کے عوام متحد ہیں حکومت طاقت کے زعم میں عوام کی آواز کو دبانے کی کوشش ترک کرے۔
انہوں نے کہا ہے کہ عجیب منطق ہے کہ لوگوں کو بے گھر کرکے زمینوں کو سرکار کی تحویل میں لیا جارہا ہے اور حکومت کی اس روش سے عوامی ذہنی دبائو کا شکار ہوچکے ہیں اور حکومت کے ایسے اقدامات علاقے کو نقص امن کی طرف دھکیل رہے ہیں۔آغا علی رضوی کی قیادت میں خالصہ سرکار کے خلاف اٹھنے والی تحریک کو گلگت بلتستان کے تینوں ڈویژنوں میں پھیلایا جائیگا اور اس ظالم قانون کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ حق ملکیت کی تحریک کی بھرپور حمایت کریں اور اپنے آنے والی نسلوں کے حقوق کو محفوظ بنائیں ورنہ جس تیزی سے حکومت نے زمینوں پر قبضے جمانے کا سلسلہ شروع کیا ہے اگر اس کو نہ روکا گیا تو ہماری آئندہ آنے والی نسلوں کو سر چھپانے کی جگہ میسر نہ ہوگی۔