وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کی پولیٹکل کونسل نے صوبائی اسمبلی انتخابات 2020ء کے لئے تمام حلقوں سے اُمیدواروں سے درخواستیں طلب کر لیں۔ اُمیدواروں سے کہا گیا ہے کہ وہ صوبائی سیکرٹریٹ ہسپتال روڈ گلگت سے دفتری اوقات میں فارم وصول کریں اور 5 جولائی 2020ء تک جمع کروا دیں۔ ضروری جانچ پڑتال کے بعد حتمی اُمیدواروں کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار اچھی شہرت، کردار، تعلیم یافتہ ہوں نیز مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے نصب العین سے متفق ہو۔
مجلس وحدت مسلمین جی بی کے سیکرٹری سیاسیات غلام عباس کا کہنا ہے کہ چونکہ ایم ڈبلیو ایم ایک پارلیمانی سیاسی جماعت ہے اور جمہوری اقدار پر یقین رکھتی ہے۔ جماعت کے نصب العین سے متفق تعلیم یافتہ، باکردار اور اچھی شہرت کے حامل اُمیدواروں سے درخواستیں 5 جولائی تک طلب کر لی گئیں ہیں۔ وہ تمام اُمیدوار جو اس جمہوری، سیاسی عمل کا حصہ بننے کے لئے الیکشن 2020ء میں حصہ لینا چاہتے ہیں, ایم ڈبلیو ایم ان تمام اُمیدواروں کو خوش آمدید کہتی ہے، البتہ ٹکٹ کا فیصلہ میرٹ پر ہوگا اور مرکزی پولیٹکل کونسل بہت جلد ٹکٹوں کا اعلان کرے گی۔